گجرات میں کیبل بریج کے ٹوٹنے سے 35 ہلاک، مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا امکان، 100 سے زائدافرادکے پھنسنے کی اطلاع

گجرات میں موربی ندی پر کیبل بریج کے ٹوٹنے سے 35 ہلاک
مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ کا امکان، 100 افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع
وزیراعظم،مرکزی وزیر داخلہ،راہل گاندھی،کیجریوال کا اظہار افسوس

احمد آباد : 30۔اکتوبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

گجرات کے موربی میں آج اتوار کی شام پیش آئے ایک خوفناک واقعہ میں کیبل بریج کےاچانک ٹوٹ جانے سے زائداز 35 افراد ہلاک ہوگئے وہیں خدشہ ہے کہ اس ٹوٹے ہوئے بریج میں 100سے زائد افرا پھنسے ہوئے ہیں۔یہ واقعہ موربی میں گجرات کے دارالحکومت احمد آباد سے 200 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ماچھو ندی پر پیش آیاہے۔

اس 104 سالہ قدیم کیبل بریج کو گزشتہ 6 ماہ سے بند رکھا گیا تھا۔تاہم دیپاولی اور ریاست گجرات کے یوم تاسیس کے موقع پر 26 اکتوبر کو اس کیبل بریج کوعوام کےلیے کھول دیا گیاتھا۔آج شام 7 بجے کےقریب پیش آئے اس حادثہ کے فوری بعد امدادی اور بچاؤ کاموں کابڑے پیمانے پر آغاز کردیا گیا ہے۔بچاؤ ٹیموں کے ساتھ مقامی سینکڑوں افرا بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

ابتدائی اطلاعات میں بتایاگیا تھا کہ اس کیبل بریج کےاچانک ٹوٹ جانے سے 400 سے زائد افراد ماچھو ندی میں گرگئے ہیں۔وہیں رات 9 بجے  ریاستی وزیر برجیش میراج نے تصدیق کی ہےکہ اس حادثہ میں 35 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ماچھو ندی کے علاوہ کیبل بریج میں پھنسےہوئے 100 سے زائد افراد کو بچایا جایا جارہا ہے اور ماچھو ندی کی تلاشی لی جارہی ہے۔

اپ ڈیٹ : رات 11 بجے موصولہ اطلاع کے مطابق مہلوکین کی تعداد 75 تک پہنچ گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ کیبل بریج 104 سال سے زیادہ قدیم ہے۔جس کی لمبائی تقریباً 765 فٹ ہے۔یہ معلق بریج نہ صرف گجرات کے موربی بلکہ پورے ملک کے لیے ایک تاریخی ورثہ ہے۔عینی شاہدین کے مطابق اس قدیم کیبل بریج پر شدید ہجوم کے باعث یہ بریج ٹوٹا ہے۔

چیف منسٹر گجرات بھوپیندر پٹیل نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے کہاہے کہ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔زخمیوں کے فوری اور موثر علاج کے لیے تمام قریبی ہسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اوراس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ سے مسلسل ربط میں ہیں۔

گجرات کےموربی میں ماچھوندی پر پیش آئے اس حادثہ پر وزیراعظم نریندرمودی نے دکھ کااظہار کیا ہے۔انہوں نے چیف منسٹرگجرات بھوپیندر  پٹیل سے بات کرکے مکمل تفصیلات حاصل کیں اور امدادی کاموں کی انجام دہی سےمتعلق جانکاری حاصل کرنے کےبعداس حادثہ کے مہلوکین کے افراد خاندان کو فی کس 2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

اس حادثہ پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی،چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال کے علاوہ دیگر اہم قائدین نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔