درگاہ حضرت سیدشاہ افضل بیابانی ؒ قاضی پیٹ کی عرس تقاریب کا آج 30 ستمبر سے آغاز
تمام انتظامات مکمل،سجادہ نشین مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ کا بیان
حیدرآباد/قاضی پیٹ: 30۔ستمبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ کے قاضی پیٹ میں موجود بین الاقوامی شہرت کی حامل درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ کے 170 ویں عرس شریف تقاریب کے آج 30 ستمبر سے آغاز ہورہا ہے اور یہ عرس تقاریب 6 اکتوبر تک شایان شان طریقہ سے منائی جائیں گی۔
اس سلسلہ میں سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹھ مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے کہا ہے کہ عرس تقاریب کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سلسلہ میں قبل ازیں گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر نے گزشتہ دنوں ضلع کلکٹر ورنگل (اربن) راجیو گاندھی ہنمنتو اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ درگاہ قاضی پیٹ کی عرس تقاریب کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو قطعیت دی جائے۔اس اجلاس میں سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹھ مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ بھی شریک تھے۔
اس جائزہ اجلاس میں گورنمنٹ چیف وہپ ڈی۔ونئے بھاسکرنے سرکاری انتظامیہ کو ہدایت دی تھی کہ عرس شریف میں ملک اور بیرون ممالک سے بڑی تعداد میں عقیدتمندوں اور زائرین کی شرکت کے پیش نظر تمام درکار تمام سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا تھا کہ کوویڈ قواعد کو ملحوظ رکھتے ہوئے زائرین میں بھی کوویڈ قواعد پرعمل آوری سے متعلق شعور پیدا کیا جائے اور اس کے لیے سرکاری سطح پر مناسب اقدامات کیے جائیں۔
بعدازاں عرس تقاریب کے لیے جاریہ انتظامات کا جائزہ لینے کی غرض سے گورنمنٹ چیف وہپ داسیم ونئے بھاسکر، میئرگریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن گنڈو سدھارانی، پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی،سابق کارپوریٹر محمد ابو بکر اور دیگر عہدیداروں نے درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ قاضی پیٹ پہنچ کر انتظامات کاجائزہ لیا تھا۔
بعدازاں سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ حضرت سید غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ کی رہائش گاہ پر عرس تقاریب کے ضمن میں درکار سہولتوں سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔
سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹھ مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ جائزہ اجلاس
اس موقع پر گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ورنگل ہمیشہ سے گنگا جمنی تہذیب کاگہوارہ رہا ہے۔یہاں کے ہندو اور مسلمان تمام تہوار ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے مناتے ہیں انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کی برقراری کو اولین ترجیح دیتی ہے اور تلنگانہ حکومت تمام مذاہب کا احترام کرتے ہوئے ہر تہوار کو بہتر طور پر منانے کے اقدامات کو یقینی بناتی ہے۔
گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر نے عہدیداروں کو اس بات کی بھی ہدایت دی تھی کہ بالخصوص عرس تقاریب کے دؤران بلارکاوٹ برقی سربراہی عمل میں لائی جائے،پانی کی بہترسربراہی کو یقینی بنایا جائے،درگاہ شریف جانے والی سڑکوں کے مرمتی کاموں کو فوری طور پرانجام دیا جائے،پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے اس کے علاوہ دیگر تمام سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کیے جائیں۔
پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی نے کہا ہے کہ عرس تقاریب کے دؤران پولیس کا معقول بندوبست کیا جائے گا اور بڑی تعداد میں ملازمین پولیس کو متعین کیا جائے گا۔کمشنر پولیس نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی واقعات کو روکنے کی غرض سے قبل ازوقت تمام احتیاطی اقدامات کیے جائیں گے۔

