جب وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں!
ندی میں بہہ کر ہلاک اسحاق پاشاہ کے افراد خاندان سے ملاقات،واقعہ پر افسوس کا اظہار
متوفی کی اہلیہ کو آؤٹ سورسنگ ملازمت فراہم کرنے ضلع کلکٹر وقارآباد کو ہدایت
وقارآباد: 29۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام )
ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے آج گلاب طوفان کے اثرات سے شدید بارش کے دؤران پیر کی رات وقارآباد منڈل کے پلسومامڑی موضع کی ندی میں موٹرسیکل سمیت بہہ کر ہلاک اسی موضع کے ساکن وارڈ ممبر اسحاق پاشاہ 26 سالہ کے مکان پہنچ کر ملاقات کرتے ہوئے نوجوان کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور مہلوک کے والدین اور بیوی ثمینہ بیگم کو پرسہ دیتے ہوئے تیقن دیا کہ ان مشکل حالات میں حکومت اس خاندان کے ساتھ ہے اور تمام ممکنہ امداد فراہم کی جائے گی۔

وزیرتعلیم کے اس پلسومامڑی موضع کے دؤرہ کے موقع پر ان کے ساتھ رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند،ضلع کلکٹر وقارآباد نکھیلا، رکن ریاستی بی سی کمیشن شبھاپردھ پٹیل، نائب صدر ضلع پریشد بائنڈلہ وجئے کمار،ایڈیشنل کلکٹر موتی لال اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے ضلع کلکٹر وقارآباد نکھیلا کو ہدایت دی کہ متوفی اسحاق پاشاہ کی اہلیہ ثمینہ بیگم کو آؤٹ سورسنگ کے تحت ملازمت فراہم کی جائے۔
اس دؤرہ کے موقع پر متوفی اسحاق پاشاہ کی بیوی ثمینہ بیگم اپنی دو ماہ کی جڑواں لڑکیوں کے ساتھ جب رونے لگیں تو وزیرتعلیم سبیتا ریڈی کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں۔
اور انہوں نے اس خاتون کو حوصلہ دیا،جڑواں لڑکیوں کے سروں پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے ثمینہ بیگم اور اسحاق پاشاہ کے والد خواجہ میاں کو تیقن دیا کہ وہ اور رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند ہمیشہ اس خاندان کے لیے دستیاب رہیں گے اور جو بھی مدد کی ضرورت ہوگی انہیں فراہم کی جائے گی۔

بعدازاں ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے پلسومامڑی ندی پر زیرتعمیر بریج کے بقیہ کاموں کو فوری مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر کنٹراکٹر ان کاموں کو مکمل کرنے میں تساہلی سے کام لیتے ہیں تو کنٹراکٹر کی تبدیلی عمل میں لائی جائے۔

