تانڈور میں 100 بستروں کا حامل” کوویڈکیئرسنٹر” خدمات کیلئے تیار،وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی نے مشاہدہ کیا
تمام سہولتوں کیساتھ اب تانڈور میں ہی ہوگا حیدرآباد کے خانگی ہسپتالوں کی طرز پر علاج

وقارآباد/تانڈور:09۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ضلع وقارآباد کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں حیدرآباد روڈ پرتعمیر شدہ مدراینڈ چائلڈ کیئرسنٹر میں کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج کی غرض سے 100 بیڈس کا حامل " کوویڈ کیئرسنٹر ” مکمل طورپر تیار کرلیا گیا ہے۔
آج ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نےخدمات کیلئے تیار اس کوویڈ کیئر سنٹر کا تفصیلی مشاہدہ کیا اس مؤقع پر رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،رکن قانون ساز کونسل وسابق وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی، رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند،کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی،صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کے علاوہ دیگر موجود تھے۔
وزیر تعلیم اور دیگر نے اس کوویڈ کیئر سنٹر میں مردوں اور خواتین کیلئے علحدہ علحدہ قائم کیے وارڈس، آئی سی یو سنٹر ،لیاب، آئسولیشن سنٹروارڈ کا تفصیلی مشاہدہ کرتے ہوئے عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔
وزیر اعلیٰ کے سی آر کی ہدایت پراحتیاطی طورپر انتہائی کم وقت میں تانڈور میں مکمل عصری سہولتوں سے لیس کوویڈ کیئر سنٹر کے قیام کو یقینی بنانے پر وزیر تعلیم نے ضلع کلکٹر اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کی ستائش کی ۔

اس مؤقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آرریاست میں کوویڈ معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیںاور ساتھ ہی عہدیداروں کو مختلف ہدایات دیتے ہوئے ریاست میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
تانڈور کے اس مدر اینڈ چائلڈکیئر سنٹر میں قائم کوویڈ کیئر سنٹر میں 75 آکسیجن بیڈس اور 15 آئی سی یو بیڈس کی سہولت حاصل ہے اور اس کوویڈ کیئر سنٹر میں 18 ڈاکٹرس اور 12 نرس تین شفٹ میں اپنی خدمات پیش انجام دیںگے۔
وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ تانڈور کے کورونا وائرس متاثرین اب علاج کی غرض سے حیدرآباد نہ جائیں کیونکہ تانڈور میں قائم کیے گئے اس کوویڈکیئر سنٹر میں وہی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جو کہ حیدرآباد کے کسی خانگی ہسپتال میں فراہم کی جاتی ہیں۔
وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے بتایا کہ تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال کے کوویڈکیئر سنٹر میں 54 کوروناوائرس متاثرین زیر علاج ہیں جن میں سے پانچ متاثرین کا آکسیجن کی مدد سے علاج کیا جارہا ہے۔
تانڈور میں قائم 100 بستروں کے حامل”کوویڈ کیئر سنٹر” کا وزیرتعلیم اور دیگر مشاہدہ کرتے ہوئے: (ویڈیو)
وزیر تعلیم نے بتایا کہ حکومت کی جاریہ مہم کے تحت ضلع وقارآباد میں گھرگھر سروے کرتے ہوئے بخارکا سروے کیا گیا اس دؤران دو لاکھ 22 ہزار مکانات کا سروے مکمل کیا گیاجن میں سے صرف تین فیصد یعنی 6,500 افراد میں کوورونا وائرس کی معمولی علامات پائی گئیں جنہیں ادویات فراہم کی گئیں اور طبی محکمہ اس جانب مزید اقدامات کررہا ہے۔

ضلع میں کوویڈ ویکسین مہم کے معاملہ میں ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ ضلع وقارآباد میں کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ لینے والے 45,000افراد کو دوسرا ٹیکہ دئیے جانے کے بعد دوبارہ پہلا ٹیکہ دئیے جانے کے پروگرام کا آغاز ہوگا۔ وزیر تعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے بتایا کہ ضلع وقارآباد میں کوویڈ ہیلپ لائن کے تحت قائم مفت ٹول فری نمبر 18005996863 پر کال کرتے ہوئے مدد لی جاسکتی ہے۔
ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ کوروناوائرس سے حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے ماسک کا استعمال لازمی طورپر کریں،سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں اور اپنے ہاتھوں کو بار بار صابن یاسینی ٹائزر سے دھو تے رہیں۔
تانڈور میں کوویڈ کیئر سنٹر کا قیام واقعی کوویڈ سے خوفزدہ اور 115 کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرکے متاثرین کو حیدرآباد منتقل اور وہاں علاج کی صعوبتیں برداشت کرنے سے راحت حاصل ہوگی اور مقامی سطح پر ہی علاج سے بالخصوص متاثرین کے خوف میں کمی ہوگی۔
اس کے لیے ریاستی حکومت،وزیر اعلیٰ کے سی آر ،وزیر تعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔ مہندرریڈی اور ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیداروں کی کاوشیں اور کم وقت میں اس کوویڈ کیئر سنٹر کا قیام قابل ستائش ہی کہا جاسکتا ہے۔
