تانڈور میں 15 تا 24مئی "سیلف لاک ڈاؤن "کے نفاذ کا فیصلہ

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

تانڈور میں 15 تا 24 مئی "سیلف لاک ڈاؤن” کے نفاذ کا فیصلہ

مختلف تنظیموں کے نمائندوں کیساتھ اجلاس،رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کااعلان 

وقارآباد/تانڈور: 09۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ضلع وقارآباد کے شہر تانڈور میں بڑھتے ہوئے کوروناوائرس معاملات کے پیش نظر 15 مئی بروز ہفتہ تا 24 مئی بروز پیر لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں آج شام ایم ایل اے کیمپ آفس پر رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی قیادت میں شہر کے ذمہ داران اور تاجرین کا ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس کے بعد رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اعلان کیا کہ تمام تنظیموں اور کاروباری و تجارتی اداروں کے ذمہ داران کی جانب سے متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا ہے تانڈور میں بروز ہفتہ 15 مئی تا 24 مئی بروز پیر دس دن کیلئے عوامی صحت کے تحفظ کی غرض سے مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔اس لاک ڈاؤن کے دؤران صرف ایمرجنسی خدمات، ہسپتالوں اور میڈیکل ہالس کھلے رہیں گے۔اس اجلاس میں صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل، نائب صدر نشین بلدیہ دیپا نرسملو، صدر نشین ضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ کے علاوہ دیگر شریک تھے۔

اس لاک ڈاؤن کے دؤران روزآنہ صبح 6 بجے تا دوپہر 12 بجے تک دُکانداروں اور خریداروں کو خریدوفروخت اور کاروبار کی اجازت ہوگی اس کے بعد شہر میں لاک ڈاؤن نافذ ہوگا اور 16 مئی بروز اتوار اور 23 مئی بروز اتوار کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔صبح کے اؤقات میں بھی خریدو فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس لاک ڈاؤن پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے اور اس دؤران مقامی پولیس سے بہتر تعاون کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب آج شام عیدالفطر سے عین قبل اس اچانک لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد مقامی مسلمانوں میں تشویش کی لہر دؤڑگئی تھی اس سلسلہ میں مسلم نوجوانوں کی جانب سے سوشیل میڈیا پر مباحث کا سلسلہ شروع ہوگیاتھا۔

جسکے بعد آج رات ہی رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف تنظیموں کی جانب سے تجویز اور متفقہ فیصلہ کے بعد ہی 11 مئی سے 24 مئی تک تانڈور میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیاتھا۔تاہم مقامی مسلم ذمہ داران کی نمائندگی پرعیدالفطر کے پیش نظر اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ تانڈور میں اب 15مئی سے 24 مئی تک دس روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے تانڈور کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کریں اور حکومت و طبی ماہرین کی جانب سے دئیے جانے والے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے ماسک کا لازمی طور پر استعمال کریں ،سماجی فاصلہ کا خاص دھیان رکھیں اور عوامی بھیڑبھاڑ سے احتیاط کریں۔

تصویر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے