عیدالفطر کے دن مسلمان مساجد میں جمع نہ ہوں : مساجد کو تانڈور پولیس کی نوٹس

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

عیدالفطر کے دن مسلمان مساجد میں جمع نہ ہوں
خلاف ورزی پر ہوگی قانونی کارروائی،مساجد کو تانڈور پولیس کی نوٹس

وقارآباد/تانڈور: 8۔مئی (سحر نیوزڈاٹ کام)

 آج 8 مئی کو بعد نماز عشاء سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندر ریڈی کی جانب سے یہاں کی مساجد کمیٹیوں کو باقاعدہ ایک نوٹس روانہ کی گئی ہے۔

تانڈور پولیس کی جانب سے آج رات مساجد کمیٹیوں کو جاری کردہ نوٹس۔

اس نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کل 7 مئی کو جاری کردہ G.O.Ms.No.98 کے تحت سماجی،سیاسی،کھیل کود،تفریحی،تعلیمی کیساتھ ساتھ مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

تانڈور پولیس کی جانب سے جاری کردہ اس نوٹس کیساتھ اس جی او کی نقل بھی مساجد کمیٹیوں کو حوالے کرتے ہوئےمسلمانان تانڈور اور مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داران کوہدایت دی گئی ہے کہ کورونا وائرس کی پھیلتی وباء کے پیش نظر " مسلمانان تانڈور عیدالفطر کے دن مساجد میں جمع نہ ہوں اور اپنے اپنے مکانات میں ہی عید منالیں "

ساتھ ہی تانڈور پولیس کی جانب سے مساجد کمیٹیوں کو جاری کردہ اس نوٹس میں انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر حکومت کے ان احکامات کی خلاف ورزی کی گئی تو Disaster Management Act 2005 اور انڈین پینل کوڈ کے تحت ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی اور مسلمانوں سے اس سلسلہ میں پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

اس سلسلہ میں آج رات سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندر ریڈی نے نمائندہ سحرنیوز ڈاٹ کام سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 98 کے تحت ہی نوٹسیں جاری کی گئی ہیں۔سحرنیوز ڈاٹ کام کے نمائندہ نے جب سرکل انسپکٹر پولیس کو ریاستی وزیر داخلہ کی اپیل کی جانب توجہ دلائی تو انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں ایک اجلاس طلب کریں گے۔

حکومت تلنگانہ کی جانب سے 7 مئی کو جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 98۔

دوسری جانب آج ہی ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی کے دفتر سے بشمول سحرنیوز ڈاٹ کام ایک پریس نوٹ جاری کیا گیا ہےجس میں وزیر داخلہ نے ہائی کورٹ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی کوروناوائرس کی وباء کے پیش نظر ریاست تلنگانہ میں تمام اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے اور گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے عیدگاہوں میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

ریاستی وزیرداخلہ جناب محمومحمود علی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ عیدالفطر کی نماز مقامی مساجد میں ادا کریں،اگر مساجد میں جگہ کی قلت ہو تو علحدہ علحدہ اؤقات میں ایک سے زائد جماعتوں کا اہتمام کریں اور ساتھ ہی نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے دؤران ماسک کا استعمال کریں اورسماجی فاصلہ کو بھی برقرار رکھیں۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ کل 7 مئی کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ مذکورہ بالا جی او میں جہاں مختلف اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے وہیں اس جی او میں کہا گیا ہے کہ سماجی فاصلہ کی برقراری اور لازمی طور پر ماسک کے استعمال کیساتھ ساتھ دیگر کوویڈ قواعد پر عمل آوری کے ذریعہ شادیوں کی تقاریب میں 100 سے زائد افراد کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسی طرح تدفین اور آخری رسومات کی ادائیگی میں صرف 20 افراد تمام کوویڈ قواعد پرعمل کرتے ہوئے شرکت کرسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے