کیا آپ کے موبائل فون میں کسی نے کوئی جاسوسی ایپ انسٹال کردیا ہے؟ جانیں دس نشانیاں

کیا آپ کے موبائل فون میں کسی نے کوئی جاسوسی ایپ انسٹال کردیا ہے؟
جانیں دس نشانیاں، اپنے موبائل فون کے تعلق سے ہمیشہ محتاط رہیں

[ سحرنیوزڈاٹ کام/خصوصی رپورٹ ]

گزشتہ ایک ہفتہ سے ملک میں اسرائیلی خفیہ سافٹ ویر ” پیگاسیس ” کے خوب چرچے ہیں ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ اس خفیہ سافٹ ویر کے ذریعہ ملک کے اہم اپوزیشن قائدین،صحافیوں کی بڑی تعداد،برسراقتدار بی جے پی کے چند قائدین،عدلیہ ، فوج اور سرکاری ایجنسیوں سے جڑی ہوئیں اہم شخصیتوں کے موبائل فونس پر اس پیگاسیس کے ذریعہ نظر رکھی گئی تھی یا ہے اور ان تمام کی پیگاسیس کے ذریعہ خفیہ جاسوسی کی گئی ہے۔

این ایس او جو پیگاسیس سافٹ ویر تیارکرتی ہے اس کا بیان ہے کہ یہ سافٹ ویر صرف حکومتوں کو ہی فراہم کیا جاتا ہے جس کے ذریعہ ملک دشمن سرگرمیوں پر نظر رکھی جاتی ہے اور اس ایک پیگاسیس سافٹ ویر کی قیمت لاکھوں روپئے بتائی جاتی ہے۔جس سے یہ اطمینان کیا جاسکتا ہے کہ عام انسان کے فون تک اس کی رسائی ممکن نہیں ہے۔رپورٹس کے مطابق اس پیگاسیس سافٹ ویر کا استعمال دس ملکوں میں کیا گیا ہے۔

اس مسئلہ پر ملک کی اپوزیشن اور بی جے پی حکومت آمنے سامنے ہیں کہ اس سلسلہ میں حکومت وضاحت کرے تاہم حکومت نہ انکار کررہی ہے اور نہ اقرار! لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ہی پیگاسیس جاسوسی معاملہ کو لیکر اپوزیشن جماعتوں کی خوب ہنگامہ آرائی جاری ہے۔

آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ کسی بھی موبائل فون کی جاسوسی کیلئے چند مفت اور کم قیمت والے ایسے سافٹ ویرس بھی دستیاب ہیں جو کسی کے بھی موبائل فون میں انسٹال کرکے اس فون کی جاسوسی کی جاسکتی ہے۔

جاسوسی کرنے والوں کی جانب سے اسکے لیے آپ کا فون استعمال کرنا یا کوئی مخصوص لنک یا نمبر آپ کو بھیجنا اور آپ کا اس کو کلک کرنا بھی آپ کے موبائل فون میں ایسے جاسوسی سافٹ ویرس کو انسٹال کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔لیکن ایسا کرنا انتہائی غلط اور غیر اخلاقی بات ہوگی۔

کیا آپ کے اسمارٹ فون میں کسی نے کسی نہ کسی طریقہ سے کوئی ایسا جاسوسی کرنے والا سافٹ ویر انسٹال کردیا ہے؟ اس کی جانچ کے لیے یہ دس نشانیاں آپ کے اطمینان کے لیے پیش ہیں۔

جنہیں پڑھ کر اور اپنا موبائل فون جانچ کر آپ اطمینان کرسکتے ہیں کہ آپ کے موبائل فون میں ایسا کوئی جاسوسی سافٹ ویر موجود ہے یا نہیں؟

اگر آپ کے موبائل فون کی بیاٹری پہلے کی بہ نسبت بہت جلدی کمزور ہورہی ہے تو کوئی جاسوسی ایپ یا وائرس آپ کے موبائل فون کی جانچ کررہا ہے! تاہم پریشان نہ ہوں اس کے لیے آپ پہلے یہ دیکھ لیں کہ آپ کے موبائل فون میں کتنے ایسے ایپ ہیں جو بیاک گراؤنڈ میں آپ کی جانب سے بند کردئیے جانے کے بعد بھی چل رہے ہیں۔

کیونکہ کئی ایپس کے بیاک گراؤنڈ میں چلتے رہنے کی وجہ سے بھی موبائل فون کی بیاٹری جلد اُتر جاتی ہے ان ایپس کو بیاک گراؤند بند کردینے کی عادت ڈال لیں اگر اس کے بعد بھی موبائل کی بیاٹری بہت کم وقت میں اتر رہی ہے تو آپ کے موبائل میں کوئی خفیہ ایپ موجود ہے!!

آپ کے موبائل فون میں موجود ایپس پر نظر رکھیں اور چیک کریں کہ کیا کوئی ایسا ایپ آپ کے اسمارٹ فون میں موجود ہے جسے آپ نے کبھی ڈاؤن لوڈ کیا ہی نہیں تھا؟! تو یہ ہیاکرس کا کام ہوسکتا ہے اس ایپ کو فوری ان انسٹال کردیں۔

بناء کسی وجہ کہ اگر آپ کا اسمارٹ فون بہت سست ہوگیا ہے اور کسی بھی ایپ کے اوپن ہونے میں بہت زیادہ وقت لگ رہا ہے اور موبائل فون کی بیاٹری جلد خالی ہورہی ہے تو اس کا مطلب ہوگا کہ کوئی جاسوسی سافٹ ویر یا وائرس آپ کے اسمارٹ فون میں موجود ہے!

اگر آپ کے موبائل فون پر بناء استعمال کیے ہی انٹرنیٹ ڈاٹا بہت جلد ختم ہورہا ہے یا انٹرنیٹ ڈاٹا کا بہت زیادہ خرچ ہورہا ہے جو کہ آپ کے حساب سے اتنا ڈاٹا صرف نہیں ہونا چاہئے تو وہی خفیہ سافٹ ویر آپ پر نظررکھے ہوئے ہے اور وہ سافٹ ویر آپ کے انٹرنیٹ ڈاٹا کو استعمال کرتے ہوئے آپ کی جاسوسی کررہا ہے۔

اگر آپ کا اسمارٹ فون عجیب وغریب حرکتیں کررہا ہے اور کسی بھی چیز کو ڈاون لوڈ یا اپ لوڈ کرنے سے یا کسی ویب سائٹ کو اوپن کرنے سے روک رہا ہے اور اس کے لیے بار بار کوشش کرنی پڑ رہی ہو جیسا کہ عام طورپرنہیں ہوتا تو ہوشیار رہیں۔

اگر آپ کے اسمارٹ فون پر غیر ضروری Pops Ups آرہے ہیں اور غیر ضروری اشتہارات سے آپ کو اکسایا جارہا ہے اور لنکس آرہے ہوں تو ایسے لنکس کو کبھی کلک نہ کریں۔

آپ کے اسمارٹ فون کی فوٹو اور ویڈیو گیلری (اپنے کیمرے سے لی ہوئی فوٹو گیلری بھی ) کو چیک کریں اگر ان میں ایسی فوٹوز اور ویڈیوس موجود ہیں جنہیں آپ نے کبھی ڈاؤن لوڈ نہیں کیا یا کبھی آپ نے وہ فوٹو یا ویڈیو اپنے موبائل کیمرہ سے لی ہی نہ ہو تو محتاط رہیں۔کیونکہ اس کا واضح مطلب ہوا کہ کوئی کسی خفیہ سافٹ ویر کے ذریعہ آپ کے موبائل کیمرہ کو بھی استعمال کررہاہے۔

اگر آپ کے اسمارٹ فون کی Flash Light اس وقت بھی چلتی ہے جب آپ اس کا یا اپنے موبائل فون کا استعمال نہ بھی کررہے ہوں تو اس کا واضح مطلب ہوا کہ کوئی جاسوسی خفیہ ایپ کے ذریعہ آپ کے فون کو چلارہا ہے۔

زیادہ تر موبائل فونس اس وقت گرم ہوتے ہیں جب آپ ان پر کوئی موبائل گیمس بہت دیر تک یعنی گھنٹوں تک کھیل رہے ہوں تاہم اگر آپ کا فون استعمال نہ کرنے کے باوجود بھی بہت گرم ہورہا ہے تو،اس کے اچھے امکانات موجود ہیں کہ ہیکرز آپ کے موبائل فون پر کام کررہے ہیں۔

10۔ آپ اپنے اسمارٹ فون کے ذریعہ کیے جانے والے کالس اور ایس ایم ایس کا جائزہ لیں اگر وہاں ایسے کالس اور ایس ایم ایس کا ریکارڈ موجود ہو جسے آپ نے کیا ہی نہیں تو یہ بھی ایک علامت ہے کہ کوئی آپ کے اسمارٹ فون کو خفیہ ایپ کے ذریعہ استعمال کررہا ہے۔

اب آتے ہیں ایسے افراد کی نادانی،مفت میں موبائل ڈاٹا ، لاکھوں روپئے مالیتی موبائل فونس حاصل کرنے کی ہوس اور ایک منٹ کیلئے بھی بناء غور کیے نجی اور واٹس ایپ گروپس میں فارورڈنگ کی لت میں مبتلاء افراد کی حرکتوں سے ہونے والی پریشانیوں کی جانب۔

کئی ایسے لوگ ہیں جو ایسے لنکس کو فارورڈ کردیتے ہیں کہ اس لنک کو کلک کرنے پر ماہانہ 50 جی بی ڈاٹا مفت ، ایپل کا آئی فون مفت ، یا ماہانہ ایک لاکھ روپئے کی آمدنی گھربیٹھے مفت یا پھر آمیزان،فلپ کارٹ کے نام پر کوئی لالچ دینے والے فیک پیغام۔ تو بھول کر بھی ایسے لنکس کو کلک نہ کریں اور نہ کسی کو فارورڈ کریں۔بلکہ فوری طور پر ایسے ہائیکرس کے لنکس کو ڈیلیٹ کردیں۔

آج کل ایسے پیغامات ایس ایم ایس کے ذریعہ لنکس کے ساتھ بھی موصول ہورہے ہیں اگر آپ کسی لالچ میں ایسے لنکس کو اوپن کردیں گے تو آپ کے موبائل فون میں موجود آپ کے تمام دوست احباب کے نمبرات پر آٹومیٹک یہ ایس ایم ایس پہنچ جائے گا۔یہ ہائیکرس کا پیسہ کمانے کا آج کل نیا دھندہ بن گیا ہے۔

یاد رکھیں آپ کے موبائل فون میں استعمال کیے جانے والے منی ٹرانسفر ایپس کے پاس ورڈ (کبھی کبھی رقم بھی ) آپ کے فیس بک ، انسٹاگرام ، ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا کے پاس ورڈس ، آپ کے فون میں موجود آپ کے اور فیملی کے تمام نجی اور غیر نجی ویڈیوس اور فوٹوز بھی ہیاک کرلیے جاتے ہیں۔اور ہیاک کرلی گئیں خاص کر خواتین کی فوٹوز کو کسی فحش ایپ میں استعمال کرلیا جاتا ہے!!

ان دنوں اپنی پرائیویسی اور نجی زندگی کو راز رکھنابہت مشکل کام بن کررہ گیاہے اس لیے مشورہ ہے کہ موبائل فونس کو استعمال کرتے وقت بہت محتاط رہیں۔یاد رکھیں کہ کسی کو بھی زیادہ دیر کے لیے اکیلے میں اپنا موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں صرف ہنگامی حالات میں ضرورت ہو تو ہی صرف کال کرنے کے لیے اپنا فون دیں!!

کیونکہ دنیا اور اس دؤر نے بھلے ہی بہت ترقی کرلی ہے لیکن انسان اور انسانیت پستی کی سمت گرتی جارہی ہے!!

۔۔۔۔۔۔۔۔

نوٹ : اس خصوصی مضمون کی تیاری میں شکریہ کے ساتھ GADGET NOW ٹیکنیکل ویب سائٹ سے صرف دس نشانیاں لی گئی ہیں۔