حیدرآباد میں ایک کروڑ 27 لاکھ روپئے حوالہ کی رقم ضبط
گاہک کو پہنچانے کے دوران ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد: 02۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد میں ایک بار پھر بڑی مقدار میں پولیس نے رقم ضبط کی ہے۔جس کے جائز دستاویزات موجود نہیں ہیں اور یہ حوالہ کی رقم بتائی جارہی ہے۔یاد رہےکہ حیدرآبادمیں گزشتہ چند دنوں سے کروڑہا روپئے مالیتی حوالہ کی رقم کی ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔کل ہی پولیس نے93 لاکھ روپئے ضبط کیے تھے۔میڈیا اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ یہ رقم ایک بی جے پی کے رکن اسمبلی کے پی اے کے قبضہ سے ضبط کی گئی ہے۔!
وہیں میڈیا اطلاعات کےمطابق اب تک ریاست تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی منوگوڑو جہاں کل 3 نومبر کو رائے دہی کےلیےالٹی گنتی شروع ہوگئی ہے میں رائے دہندوں میں تقسیم کے مقصد سے لے جائے جانے والے 8 کروڑ روپئے ضبط کیے گئے ہیں۔!!
حیدرآباد سٹی کمشنر یٹ کی ٹاسک فورس(سنٹرل) ٹیم نے تین افراد کوتحویل میں لیتے ہوئے ان کے قبضہ سے منگل کی رات ایک کروڑ 27 لاکھ روپئے ضبط کرلیے ہیں۔
اطلاعات کےمطابق ایک خفیہ اطلاع پرسب انسپکٹر ایس سائی کرن کی قیادت میں ایک ٹیم نے منگل کی رات حیدرآباد کے نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں کارروائی کرتےہوئے تین افراد مانے سرینواس(53سالہ)،سی۔ وشواناتھ چیٹی(45سالہ) اورکے۔ پھنی کمارکو اپنی تحویل میں لیا۔
سب انسپکٹر ایس سائی کرن نےبتایا کہ پھنی کمار،سرینواس کے لیے کلیکشن ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔اس نے 70 لاکھ روپئے سرینواس سے اور وشواناتھ کمار کے پاس سے 57 لاکھ روپئےحاصل کرتے ہوئے جملہ ایک کروڑ 27 لاکھ روپیوں پرمشتمل یہ رقم کواڑی گوڑہ میں ایک نامعلوم شخص کےحوالے کرنےجارہا تھا۔اطلاع پر پھنی کمار کو نارائن گوڑہ میں اس وقت پکڑلیاگیا جب وہ ایک اسکوٹر پرکواڑی گوڑہ جارہا تھا۔
سب انسپکٹر ایس سائی کرن نے بتایا کہ تفتیش کے دؤران اس معاملہ میں سرینواس،سی۔ وشواناتھ چیٹی اور کے۔ پھنی کمارنے رقم سے متعلق جائز دستاویزات پیش نہیں کیے۔انہوں نے بتایا کہ رقم ضبط کرتے ہوئے ان تینوں کو ضبط شدہ رقم کے ساتھ نارائن گوڑہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔جو ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات میں مصروف ہے۔
” یہ بھی پڑھیں "