حیدرآباد میں ٹاسک فورس اور محکمہ کسٹم کی مشترکہ کارروائی، ایک کلو سونا ضبط، اسمگلنگ میں ملوث چار افراد گرفتار

جرائم و حادثات ریاستی خبریں

حیدرآباد میں ٹاسک فورس اور محکمہ کسٹم کی مشترکہ کارروائی
ایک کلو سونا ضبط،اسمگلنگ میں ملوث چار افراد گرفتار

حیدرآباد:02۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد میں گزشتہ چند دنوں سے کروڑہا روپئے مالیتی حوالہ کی رقم کی ضبطی کےساتھ ساتھ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پربھی بالخصوص دبئی سے آنے والے مسافرین کے قبضہ سے کروڑہا روپئے مالیتی سونا ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔

ایسے میں کل منگل کے دن حیدرآباد پولیس کمشنر یٹ کی ٹاسک فورس کےعہدیداروں نے محکمہ کسٹم کے عہدیداروں کی ٹیم کے ساتھ چار ایسے افراد جو مبینہ طور پر سونے کی اسمگلنگ گینگ کا حصہ بتائے گئے ہیں کوگرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک کلو سونا ضبط کیاہے جسے پیسٹ کی شکل میں ڈھال کرکالے رنگ کا ٹیپ لگاکر کیپسول کی شکل دی گئی تھی۔اطلاعات کے مطابق اس سونا کو ایک نوجوان کی بڑی آنت میں چھپایا گیا تھا۔اس ضبط شدہ سونا کی قیمت پانچ کروڑ روپئے کے قریب بتائی جارہی ہے۔

ٹاسک فورس اور محکمہ کسٹم کے عہدیداروں کی جانب سےگرفتار کیےگئے افراد میں محمدخواجہ محی الدین(38سالہ)ساکن گولکنڈہ،حیدرآباد،رئیس احمد سعید حسین(48سالہ) ساکن بھٹکل،کرناٹک،صارم حسین(29سالہ)بنگلورو اور فوزان (38سالہ) ساکن بھٹکل،کرناٹک شامل ہیں۔

چکرورتی گومی،ڈپٹی کمشنر آف پولیس،کمشنرس ٹاسک فورس،ساؤتھ زون،حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات کےمطابق خواجہ محی الدین ویزٹ ویزا پر یو اے ای گیا تھا۔جہاں اس کے پاس رقم ختم ہو گئ۔یو اے ای میں ایک شخص مستقین سے اس سےملاقات ہوئی جس نے ملک میں سونا اسمگل کرنے کے بدلے رقم اور فلائٹ ٹکٹ کی پیشکش کی۔ کل ایک کلو وزنی سونا کے تین کیپسول حوالے کیے جانے کے بعد خواجہ محی الدین اسے حیدرآباد لے آئے اور تین افراد رئیس احمد سعید،صارم حسین اور فوزان کے حوالے کر دیا۔

چکرورتی گومی،ڈپٹی کمشنر آف پولیس،کمشنرس ٹاسک فورس،ساؤتھ زون،حیدرآباد کےمطابق مصدقہ اطلاع پر حیدرآباد سٹی پولیس کمشنریٹ کی ٹاسک فورس ٹیم نےکسٹم عہدیداروں کے ساتھ حیدرآباد کے سٹی کالج جنکشن پر انہیں گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے سونا برآمد کرلیا۔

مزیدتحقیقات اور کارروائی کی غرض سےضبط شدہ ایک کلوسونا اور چاروں گرفتار شدگان کوایڈیشنل کمشنرسنٹرل ٹیکس اینڈکسٹمس کمشنریٹ،حیدرآباد کے حوالے کردیا گیا۔اس کارروائی میں انسپکٹر آف پولیس ساوتھ زون ایس۔راگھویندرا کے علاوہ سب انسپکٹران پولیس این۔سری سیلم،وی۔نریندر،شیخ برہان،کے۔نرسملو کے بشمول ساوتھ زون ٹاسک فورس کے اسٹاف اور محکمہ کسٹم کے عہدیداروں نے حصہ لیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے