مہاتما گاندھی کا قاتل ناتھورام گوڈسے آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد
بی جے پی گوڈسے کے نظریہ کے مطابق مرکز اور کرناٹک میں حکومت چلانے کی کوشش میں مصروف
گلبرگہ میں "ملک بچاؤ،دستوربچاؤ”کنونشن سے بیرسٹر اسدالدین اویسی کا خطاب
گلبرگہ ۔31۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام)
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مہاتماگاندھی کے قتل میں ملوث ناتھو رام گوڈسے کو آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گاندھی جی کے قتل کی اگر غیر جانبدار اور درست تحقیقات کروائی جاتی تو سنگھ پریوار کے کئی بڑے چہروں سے نقاب اُتر جاتی۔انہوں نے کہا کہ صحیح تحقیقات نہ کروانے کی ذمہ دار اُس وقت کی نہرو کی قیادت والی کانگریس حکومت ہے۔

بیرسٹر اسدالدین اویسی 30۔جنوری کی شام مغل گارڈن فنکشن ہال رنگ روڈ گلبرگہ میں مجلس اتحادالمسلمین گلبرگہ کے زیراہتمام منعقدہ "ملک بچاؤ، دستوربچاؤ کنونشن سے خطاب کررہے تھے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نےکہا کہ بابا ئے قوم مہاتمام گاندھی کی برسی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے راج گھاٹ پرجاکر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ وہ گاندھی جی کے قتل کی سازش میں کے شریک ساورکر کو ہیرو مانتے ہیں۔
بیرسڑ اویسی نے کہا کہ ضرورت شدید ہیکہ سیکولر نظریات رکھنے والی جماعتوں اور تنظیموں کو اس بات پر متحد ہونا ہوگا کہ بھارت گوڈسے کے نظریہ پر نہیں بلکہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے دستور کے مطابق چلے گا۔ بیرسٹر اویسی نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی مرکز اور ریاست کرناٹک میں گوڈسے کے نظریہ کے مطابق حکومت چلانے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کرناٹک کے انسداد گاؤکشی قانون کو مسلمانوں کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ گاؤکشی پر پابندی کا قانون لاگو کرنے سے ریاست کرناٹک میں 50 لاکھ افراد اپنے روزگار سے محروم ہوجائیں گے جبکہ ہڈیوں اور دیگر صنعتوں کو 2 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔
بیرسٹر اویسی نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس پارٹی بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے موقف میں نہیں ہے جبکہ جے ڈی ایس، بی جے پی کے ساتھ ہنی مون منارہی ہےاور ان حالات میں مجلس ہی بی جے پی سے مقابلہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کرناٹک قانون ساز کونسل کے صدرنشین کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے بی جے پی کی تائید کرنے پر جنتادل سیکولر کو تنقید کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ موقع پرست سیاست کی بدترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس اور جے ڈی ایس کا سیکولرازم محض دکھاوا ہے، کرناٹک میں بی جے پی کو مضبوط بنانے اور اقتدار میں حوالے کرنے کے لیے بھی یہی دو جماعتیں ذمہ دار ہیں۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کو اقتدارسونپنے کے لیے خود کانگریس اوربی جے پی میں شامل ہونے والے کانگریسی ارکان اسمبلی ذمہ دار ہیں تو کانگریس اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے مجلس پر الزامات عائد کررہی ہے۔

صدر مجلس و رکن پارلیمان بیرسٹر اویسی نے کہا کہ مجلس اتحادالمسلمین کرناٹک میں ایک بڑی طاقت بن کر ابھرے گی گلبرگہ ، بیدر، بیجاپور اورکرناٹک کے دیگر مقامات کے بلدی انتخابات میں مجلس اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی انہوں نے کہا کہ مجلس اتحادالمسلمین کرناٹک کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں‘ کمزور و پسماندہ طبقات اور دلتوں کی حمایت سے فرقہ پرست حکومت کا خاتمہ کرے گی۔بیرسٹر اویسی نے کہا کہ پارلیمنٹ اور ملک کی ریاستی اسمبلیوں میں مسلمانوں، دلتوں، کمزوروں اور پسماندہ طبقات کی بے باک نمائندگی کرنا ان کا مقصد ہےاور مجلس کے بیانر تلے ایسے نمائندے منتخب کروانے کے لیے انتھک جدوجہد کررہے ہیں جو پارلیمنٹ ،اسمبلیوں اور بلدیات میں مسلمانوں‘ دلتوں اور کمزور و پسماندہ طبقات کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
بیرسٹر اویسی نے گلبرگہ کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ مجلس کو مضبوط کریں اور اپنی صفوں میں سے کسی اہل شخصیت کو قائد کی حیثیت سے ابھاریں۔ صدر مجلس ورکن پارلیمان بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اپنے خطاب میںکہا کہ شہر گلبرگہ میں قیادت کے خلا کر پُر کرنا ضروری ہے جیسا کہ گلبرگہ کے مسلمانوں نے 1978ء میں قمرالاسلام مرحوم کی قیادت کو ابھارا تھا جن کے انتقال کے بعد آج تک ان کا جانشین نہیں ابھرا جس کے نتیجہ میں گلبرگہ کے مسلمان کئی مسائل سے دوچار ہیں اور سیاسی حیثیت سے متحد و منظم نہیں ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مجلس اتحاد المسلمین گلبرگہ میں 1978ء کی تاریخ دہرائے گی اور قمرالاسلام کے انتقال سے قیادت کا جو خلاء پیدا ہوا ہے اُسے پُر کرے گی۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ گلبرگہ میں نئی ملی قیادت کو ابھارنے میں نوجوان سرگرم رول ادا کرسکتے ہیں انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے 1978ء کی تاریخ کو دوبارہ دہرائیں اور گلبرگہ شہر کے بشمول ضلع میں مجلس کو مستحکم بنائیں ۔
انہوں نے حاجی عبدالرحیم مرچی سیٹھ صدر ضلع مجلس کی سیاسی صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انکی قیادت میں مجلس کی مقبولیت میں جو اضافہ ہورہا ہے اس سے بشمول کانگریس دیگر جماعتوں کو پریشانی لاحق ہورہی ہے۔ اس دستور بچاؤ ، ملک بچاؤ کنونشن میں گلبرگہ کے علاو ہ اضلاع بیدر، بیجاپور، منگلور، باگلکوٹ کے محبان مجلس اور نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ قبل ازیں مولانا جاوید عالم قاسمی،عثمان غنی صدر مجلس کرناٹک، لطیف پٹھان جنرل سکریٹری مجلس کرناٹک، ماجد پیارے انجینئر اور دیگرنے بھی اس کنونشن سے خطاب کیا۔

