تانڈور یوتھ ویلفیئر کیساتھ مہا سیوا نے کوویڈ سے فوت والے غیرمسلم شخص کی آخری رسومات انجام دیں

کوویڈ سے فوت ہونے والے غیر مسلم افراد کی آخری رسومات کیلئے ہندو۔مسلم ایک ہوئے
تانڈور یوتھ ویلفیئر کیساتھ مہاسیوا نے کوویڈ سے فوت والے غیرمسلم شخص کی آخری رسومات انجام دیں

تانڈور۔26۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

تانڈور یوتھ ویلفیئر کی ٹیم گزشتہ سال کورونا وائرس کے آغاز کے بعد سے ہی بلاء خوف و خطر تمامتر احتیاطی اقدامات کیساتھ پی پی کٹس،دستانے،ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال کرتے ہوئے مستقر تانڈور اور کوسگی سمیت مختلف مواضعات میں کوروناوائرس سے فوت 45 سے زائد مسلم میتوں کی مکمل تجہیز و تکفین اور 27 سے زائد غیرمسلم برادران وطن کی بھی انکے مذہبی طریقہ کار کیساتھ آخری رسومات کی ادائیگی میں تعاون کرتی آئی ہے۔

جاریہ کوروناوائرس کی دوسری لہر کے دؤران اندرون ایک ہفتہ تانڈور یوتھ ویلفیئر کی ٹیم نے تانڈور کے دو اور مواضعات ملکاپور، اکم پلی، بیلکٹور ،روم پلی اور کرنکوٹ کے جملہ سات غیر مسلم افراد کی آخری رسومات انجام دی ہیں۔جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

اسی دؤران آج موضع بیلکٹور کے ساکن ایک غیر مسلم شخص کی یہاں کے ایک خانگی ہسپتال میں کوویڈ سے موت واقع ہوگئی جس پر موضع کے سرپنچ اور متوفی کے افراد خاندان نے تانڈور یوتھ ویلفیئر کے ذمہ داران سید کمال اطہر اور مولانا سہیل احمد عمری سے ربط پیدا کرتے ہوئے اس شخص کی آخری رسومات کی ادائیگی میں مدد کرنے کی درخواست کی۔

جس کے بعد نئی تشکیل دی گئی غیرمسلم برادران وطن کی تنظیم مہاسیوا اور تانڈور یوتھ ویلفیئر کے ذمہ داران سید کمال اطہر اور مولانا سہیل احمدعمری کی نگرانی میں دونوں تنظیموں کی مشترکہ ٹیم نے ہسپتال پہنچ کر اس شخص کی نعش کو ایمبولنس کے ذریعہ موضع بیلکٹورمنتقل کرتے ہوئے وہاں کے ہندو قبرستان میں اس شخص کی آخری رسومات کی انجام دہی میں حصہ لیا۔

اس ٹیم میں دونوں تنظیموں کے ارکان اصغرحسین شاہی پور، نذیراحمد ایمبولنس سرویس، حافظ توفیق،انجنئیرمحمدعلی، گوپال کرشنا،اویناش باگرے،سری سیلم یادو،سندیپ گونور،انکِت، چنٹی اور رمیش ٹیلر شامل تھے۔