تلنگانہ : وقارآباد ضلع میں چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا
حیدرآباد/وقارآباد :18۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
کھیت کی اراضی فروخت کے بعد رقم کی تقسیم کے معاملہ میں جھگڑے کے دؤران ایک چھوٹے بھائی نے اپنے ہی بڑے بھائی کا گلا دباکر قتل کردیا۔یہ افسوسناک واقعہ آج وقارآباد ضلع کے تانڈور منڈل میں پیش آیا ہے۔
پولیس،افراد خاندان اور مقامی افراد کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کےبموجب تانڈورمنڈل کے موضع گونور کے ساکن آشپا اور لالماں کے بیٹوں نرسپا،سرینواس اور شیواکمار کے پاس 9 ایکڑ زرعی اراضی موجود ہے۔اس میں سے حال ہی میں ایک ایکڑ زرعی اراضی 40 لاکھ روپئے میں فروخت کی گئی تھی۔اس رقم کی تقسیم کو لے کر ان بھائیوں کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا۔
اسی دؤران آج بڑا بھائی سرینواس اپنے کھیت میں کاموں میں مصروف تھا کہ چھوٹا بھائی شیواکمار وہاں پہنچ کر رقمی تقسیم کے معاملہ میں بحث و تکرار شروع کردیا۔شیواکمار نے اس جھگڑے کے دؤران اپنے پاس موجود تولیہ کی مدد سے اپنے بڑے بھائی سرینواس 40 سالہ کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔

قریبی کھیت میں کاموں میں مصروف سرینواس کی بیوی بجماں اورسرینواس کےچاچا وہاں پہنچ گئے۔تاہم اس وقت تک سرینواس کی موت واقع ہوچکی تھی۔اس قتل کے واقعہ کی اطلاع پر سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل) رام بابو،سب انسپکٹر پولیس مدھوسدھن ریڈی جائے مقام پر پہنچ گئے اور تفصیلات حاصل کیں۔اس قتل کے واقعہ کی اطلاع پر موضع گونور کے سرپنچ گووند اور دیہاتیوں کی بڑی تعداد بھی جائے مقام پر پہنچ گئی۔مقتول سرینواس کی بیوی بجماں کی شکایت پر تانڈور رورل پولیس (کرنکوٹ) نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
اس سلسلہ میں ملزم چھوٹے بھائی شیوا کمار کو اپنی تحویل میں لےکر تانڈور رورل پولیس تفتیش میں مصروف ہے۔پولیس نے بعد پنچنامہ مقتول سرینواس کی نعش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال منتقل کردیا۔

