تعلیم کے بغیر ملک اور قوم کی ترقی ممکن نہیں
مالدار افراد کی مشترکہ کوشش سے ہی غربت کا خاتمہ ممکن
زکواۃ اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ نارائن پیٹ کی تقریب تقسیم اسکالرشپس برائے یتیم طلبہ
ٹرسٹ کی خدمات کی ستائش، رکن اسمبلی راجندر ریڈی کا خطاب
نارائن پیٹ : 09۔اپریل
(پریس نوٹ/سحرنیوزڈاٹ کام)
ملک اور قوم کی ترقی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں ہے۔کسی بھی قوم کے لیےتعلیم سب سے بڑا ہتھیار ہے جس کے ذریعہ قومیں بے مثال ترقی کی منازل طئے کرتے ہوئے ملک اور قوم کا نام روشن کرسکتی ہیں، تعلیم ہی سے قوموں کی معاشی اور سماجی پسماندگی کو دور کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی نے کیا۔
رکن اسمبلی” نارائن پیٹ زکوٰۃ اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ” کی جانب سے اردو بھون شاتاواہانہ کالونی،نارائن پیٹ میں منعقدہ تقریب تقسیم اسکالرشپس برائے یتیم طلباء و طالبات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس تقریب میں ضلع ایجوکیشنل آفیسر ایس۔لیاقت علی،معززین شہر نے شرکت کی۔
اس موقع پر نارائن پیٹ مستقر سے تعلق رکھنےوالے 33 یتیم طلباء وطالبات میں ان کےسال بھر کی بقیہ فیس جملہ دو لاکھ 24 ہزار 750 روپئے کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔
اپنے خطاب میں رکن اسمبلی نرائن پیٹ ایس۔راجندر ریڈی نے کہاکہ معاشرہ کے مالدار اور ذی حیثیت افراد کی مشترکہ کوششوں سے ہی سماج میں غریب افراد کو عزت سے زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جاسکتاہے۔اور اسی کے ذریعہ ان کی غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔رکن اسمبلی نے کہا کہ معاشی طور پر پسماندہ افراد کو نظرانداز کرتے ہوئے کبھی بھی ترقی کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔
رکن اسمبلی ایس۔راجندر ریڈی نے ٹرسٹ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بلا تفریق مذہب ” نارائن پیٹ زکوٰۃ اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ” کی جانب سے اسکالرشپس کی تقسیم قابل ستائش ہے۔رکن اسمبلی نے اس احساس کا اظہار کیا کہ نارائن پیٹ زکوٰۃ اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ بلا تفریق مذہب کام کر رہا ہے تو ایسے میں تمام افراد کو اس سے جڑ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر ایس لیاقت علی ضلع ایجوکیشن آفیسر(DEO#) نارائن پیٹ نے اس تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تعلیم کو کافی اہمیت دی جا رہی ہے اس کے علاوہ کئی ایسے طلباء و طالبات ہیں جو اسکول کے نوٹس بک خرید نہیں سکتے۔ایسے طلباء و طالبات کو بھی اس اسکالرشپ اسکیم میں مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ارشد فیصل ذمہ دار نارائن پیٹ زکوٰۃ اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ٹرسٹ کا قیام تین سال قبل عمل میں لایا گیا تھااس سے قبل نارائن پیٹ زکوٰۃ اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے اسکول کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی۔امسال پانچویں جماعت تک کےیتیم طلباء و طالبات میں اسکالرشپ تقسیم عمل میں لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کی جانب سے آئندہ سال سے اسکولوں کےانتظامیہ سے اشتراک کے ذریعہ یتیم طلباء و طالبات کی نصف فیس اور ان طلباء و طالبات کو تعلیمی اشیاء کی فراہمی پر غور کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر انہوں تمام ذمہ داران، ذی حیثیت افراد، عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ نارائن پیٹ زکوٰۃ اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کا بھر پور تعاون کریں۔
اس تقریب میں ضلعی صدر پرائیویٹ اسکول اسوسی ایشن نارائن پیٹ سدرشن ریڈی،کے۔نرسمہاریڈی،امیرالدین ایڈوکیٹ،صدرالفلاح ایجوکیشنل سوسائٹی،ضلعی صدر مجلس اتحادالمسلمین عبدالقادر،چاند پاشا این آر آئی،خلیل احمد تاج صدر المکہ ایجوکیشنل سوسائٹی، محمدمعین الدین،اعجاز حسین، عبدالقدیر سنڈکے،ستیش ایڈوکیٹ،یادیا شیٹی،حسن الدین پٹیل صدر مدرس اقرا ماڈل اسکول،محمود انصاری،فیروز حسین، ذاکر حسین ہیڈ ماسٹر ماڈرن ہائی اسکول،حسن ملاں،نصیرالدین، ظہیر الدین صوفی، انور پاشا، محمد آصف اور دیگر ذمہ داران، معززین شہر نے شرکت کی۔