مخلوق کی بے لوث خدمت انسانیت کی بہترین مثال ہے ، پیاسوں کو پانی پلانا ثواب کا کام
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے تانڈور میں آب دار خانوں کا قیام،صدر نشین بلدیہ اورسرکل انسپکٹر پولیس تانڈور کا خطاب
تانڈور ۔5۔مارچ (سحر نیوز ڈاٹ کام)
سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور ( اربن ) روی کمار نے کہا ہے کہ مخلوق کی بے لوث خدمت اعلیٰ اخلاق اور انسانیت کی بہترین مثال ہے اور آج کے اس دؤر میں ایسی رفاہی خدمات کی سخت ضرورت ہے۔وہ آج بعد نماز جمعہ مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے موسم گرما کے پیش نظر مسافرین اور راہروؤں کے لیے اندرا چوک (روبرو پولیس اسٹیشن) قائم کردہ آبدار خانہ کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کررہے تھے۔
سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور ( اربن ) روی کمار نے کہا کہ میں خود بھی ذاتی طورپرجمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی انسانی ورفاہی خدمات کا معترف ہوں جو ہر موقع پر بڑھ چڑھ کر مختلف انداز سے فلاحی خدمات انجام دیتی ہے سرکل انسپکٹر نے اس موقع پرمحکمہ پولیس کی جانب سے جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے تمام منتظمین سے تشکر کا اظہار کیا ۔
بعد ازاں قدیم ترکاری بازار میں قائم جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے دوسرے آبدار خانہ کا صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈہ سواپنا پریمل نے افتتاح انجام دیتے ہوئے کہاکہ موسم گرما کی شدت کے دؤران کسی پیاسے کو ٹھنڈا پانی پلانا بڑے ثواب کی بات ہے اوریہ انسانیت کی بہترین اس خدمت ہے صدر نشین بلدیہ نے بھی جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی مختلف خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کی اور تیقن دیا کہ اس قسم کی سرگرمیوں میں شامل ہونا میرے لیے ایک اعزاز ہے اور میرا تعاون اور نیک تمنائیں ہمشیہ جمعیۃ علماء کے ساتھ ہیں۔اس مؤقع پر جناب محمد خورشید حسین امیر مشاورت مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور نے بھی اس کار خیر کی سراہنا کرتے ہوئے تمام اراکین جمعیۃ کو مبارکباد پیش کی۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے اس مؤقع پر کہا کہ جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے تانڈور کے ان دونوں کاروباری اور مصروف علاقوں کی اہمیت کے حامل قدیم ترکاری بازار اور اندرا چوک (روبرو پولیس اسٹیشن) پر آب دار خانوں کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں روزانہ صاف شفاف، فلٹر شدہ پانی کی سہولت دستیاب رہے گی جس سے مقامی افراد کے ساتھ ساتھ مختلف مواضعات سے خرید و فروخت کی غرض سے آنیوالے مسافرین کوگرما میں پانی پینے کی سہولت حاصل رہے گی۔
ان دونوں افتتاحی تقریب میں محمد طاہر قریشی چیف پروموٹر الماس انٹر نیشنل اسکول تانڈور ، ڈاکٹر حافظ عبدالسلام نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد ،مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی،حافظ محمد رئیس الدین جوائنٹ سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد،حافظ محمد مقبول،حافظ زبیر کرنکوٹ،مولانا نصیرالدین قاسمی،مولانا سید فراست علی قاسمی کے علاوہ اراکین جمعیۃ،نوجوانان شہر اور جمعیۃ علماء کے معاونین و بہی خواہان کی بڑی تعداد موجود تھی۔