ورنگل میں نقلی نوٹ چھاپنے والا جوڑا گرفتار ،10؍لاکھ روپئے کے نقلی نوٹ ضبط

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

ورنگل میں نقلی نوٹ چھاپنے والاجوڑاگرفتار،10؍لاکھ روپئے کےنقلی نوٹ ضبط

حیدرآباد؍ورنگل:2۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

اپنی معاشی پریشانیوں سے پریشان اور جلد باآسانی دولتمند بننے کی ہوس نے ایک جوڑے کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچادیا جس نے اپنی خواہشات کی تکمیل کیلئے غیر قانونی اور ملک دشمن طریقہء کار اختیار کرتے ہوئے نقلی نوٹ چھاپنے کا کام شروع کردیاتھا۔

تلنگانہ کے ورنگل ٹاسک فورس اور انتظارگنج پولیس نے کامیاب دھاوہ منظم کرتے ہوئے اس جوڑے کے قبضہ سے 10؍لاکھ 9؍ہزار 960؍روپئے مالیتی نقلی نوٹ اور ان کی چھپائی کیلئے استعمال کی جانے والی تمام اشیاء کو بھی ضبط کرلیا۔

 کمشنر پولیس ورنگل ڈاکٹر ترون جوشی نے پریس کانفرنس میں ضبط کی گئی نقلی کرنسی اور انہیں تیار کرنے والے کاشی بُگا ۔ تلک روڈ علاقہ کا ساکن جوڑا ونگری رمیش 55؍سالہ اوراس کی بیوی ونگری سرسوتی 45؍سالہ کو پیش کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ رمیش کاشی بگا علاقہ میں چکن سنٹر چلاتا تھا اور اس کی بیوی سرسوتی میاریج بیورو اور فینسی سنٹر چلاتی تھی۔

اس جوڑے میں معاشی مشکلات کے باعث اور جلد دؤلتمند بننے کے شوق میں منصوبہ تیار کیا کہ نقلی نوٹ چھاپے جائیں اور ہجوم والے کاروباری علاقوں میں ان جعلی نوٹوں کو چلایا جائے۔

اس کے لیے یہ جوڑا بازار سے ایک کلر پرنٹر ، ایک اسکیانر اور نوٹ چھاپنے کیلئے بانڈ پیپر خرید کر گزشتہ تین ماہ سے 2,000،500،200،100، 50، 20 اور 10ر وپئے مالیتی اصلی نوٹوں کو اسکیان کرکے نقلی نوٹ چھاپنے میں مصروف تھا۔

اس پریس کانفرنس میں کمشنر پولیس ورنگل ڈاکٹر ترون جوشی نے بتایا کہ اس جوڑے نے ان نقلی نوٹوں کو ہنمکنڈہ اور ورنگل کے زیادہ ہجوم والے بازاروں کی دُکانات میں چلایا۔

کمشنر پولیس نے بتایا کہ چند دنوں سے ورنگل میں نقلی نوٹوں کی موجودگی کی شکایتوں کے بعد ان کی ہدایت پر ٹاسک فورس اور پولیس تحقیقات میں مصروف تھے اور مصدقہ اطلاع کے بعد انتظار گنج پولیس اور ٹاسک فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نقلی نوٹ چھاپے جانے والے مکان پر دھاوہ منظم کیا اورنقلی نوٹوں کی تیار ی میں ملوث ونگری رمیش اوراس کی بیوی ونگری سرسوتی کو تحویل میں لے لیا گیا۔

اور انکے قبضہ سے دوہزار روپئے مالیتی 376؍نوٹ ، 500؍روپئے مالیتی 204 نوٹ ، 200؍روپئے مالیتی 420؍نوٹ ، 100؍روپئے مالیتی 471؍نوٹ، 20؍ روپئے مالیتی 62؍نوٹ اور دس روپئے مالیتی سات نقلی نوٹوں کیساتھ ساتھ نقلی نوٹوں کی چھپائی میں استعمال کی جانے والی تمام مذکورہ بالا اشیاء کو ضبط کرلیا گیا۔

اس موقع پرکمشنر پولیس ورنگل ڈاکٹر ترون جوشی نے نقلی نوٹوں کی تیاری میں مصروف اس جوڑے کو پکڑنے پر اے سی پی ٹاسک فورس پرتاپ کمار، انسپکٹران سرینواس ، مدھو ،انتظار گنج انسپکٹر وینکٹیشورلو ، ہیڈ کانسٹیبل ٹاسک فورس شیام سندر،کانسٹیبلس سری کانت ، مہندر،سروجن کے علاوہ تمام عہدیداران اور پولیس عملہ کو مبارکباد دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے