اداکارہ وینا کپور کے بیٹے کے ہاتھوں قتل کی خبر جھوٹی ثابت ہوئی، اداکارہ نے خود پولیس میں شکایت درج کروائی

سوشل میڈیا وائرل قومی خبریں

میں زندہ ہوں یہ مشتہر کیجئے
مِرے قاتلوں کو خبر کیجئے

 بزرگ اداکارہ وینا کپور کے بیٹے کے ہاتھوں قتل کی خبر جھوٹی ثابت ہوئی
اداکارہ نے خود پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی

ممبئی: 15۔ڈسمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

سوشل میڈیا ان دونوں زیادہ تر افراد کے لیے پریشان کن ثابت ہورہاہے۔جہاں زیادہ تر جھوٹ اور افواہوں کے ذریعہ صارفین کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔اور صارفین بھی بناء تصدیق اس کو فارورڈ کردیتے ہیں۔افسوس تو اس بات کاہےکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونےوالی اکثر جھوٹی اور جعلی خبروں کو انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتےہوئے بناء کسی تحقیق چند میڈیا ادارے بھی پیش کردیتے ہیں۔

کئی ایسی مشہورفلمی اور دیگر شعبہ جات کی شخصیتیں ہیں جن کےانتقال کی خبرسوشل میڈیا پر وائرل کردی جاتی ہے۔یا پھر یہ لوگ جب ہسپتال میں داخل کیےگئےتھے تو اس کے فوری بعد بلاء کسی تحقیق سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی خبر کو باقاعدہ ان کی تصویر کےساتھ وائرل کردیا  گیا تھا۔دلیپ کمار، قادر خان اور دیگر کے ساتھ ایسا ہی ہوا۔امیتابھ بچن اور دیگر کئی اداکاروں کے ساتھ ماضی میں ایسا کیا جاچکا ہے۔

گزشتہ چند دنوں قبل سوشل میڈیا کے ذریعہ یہ خبرعام ہوئی تھی کہ ٹی وی کی بزرگ اداکارہ وینا کپور (74 سالہ) کو خود ان کے بیٹے نے کرکٹ بیاٹ (بیس بال) سے مار کر انتہائی بے دردی کے ساتھ ان کا قتل کر دیا۔اور اپنے ملازم چھوٹو کی مدد سے اپنی ماں کی نعش کو 90 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود مہاراشٹراکے ضلع رائے گڑھ کے میتھرن کے قریب ایک ندی میں بہادی۔

اس قتل کی واردات کو لے کر 10 ڈسمبر کومختلف نامور قومی اور علاقائی میڈیا اور ویب سائٹس نےبھی بلاءکسی تحقیق باقاعدہ پولیس کے حوالے سے کئی انکشافات کیے کہ واقعی وینا کپور کے بیٹے نے جائیداد کے معاملہ میں 6 ڈسمبر کو جوہو کےان کےمکان پر اپنی ماں کاقتل کرنے کےبعد ان کی نعش کو ندی میں پھینک دیا۔اور اس سے قبل انہوں نے ثبوت مٹانے کی غرض سے اس مکان میں موجود 15 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نکال دئیے۔میڈیا نے اس سلسلہ میں قتل کی کئی وجوہات بھی پولیس کے حوالے بتائیں۔

اسی دؤران آج 15 ڈسمبر کو انکشاف ہواکہ ممبئی کی ساکن بزرگ ٹی وی و فلم اداکارہ وینا کپور زندہ ہیں۔اور ان کے بیٹے نے ان کا قتل نہیں کیا ہے۔اور اس سچائی سےواقف کروانے کی غرض سے خود ویناکپورسامنے آئیں۔انہوں نےملاڈ (ایسٹ) کے ڈنڈوشی پولیس اسٹیشن میں اس  سلسلہ میں شکایت بھی درج کروائی۔اور ایسی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں ان کے قتل کی افواہوں کےمتعلق میڈیا سےبات کرتے ہوئے وینا کپور نے کہا کہ وہ زندہ ہیں اور ان کے بیٹے نے انہیں قتل نہیں کیاہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب سے یہ افواہ پھیلی ہے،انہیں مختلف فون کالز اور پیغامات موصول ہورہے ہیں اور وہ اپنے کام پر توجہ نہیں دے پا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ لوگوں نے کام کےلیے ان س ےرابطہ کرنا بند کردیا ہے،یہ سمجھتے ہوئے کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔

وینا کپور کے بیٹے ابھیشیک چڈا نے اس موقع پر کہا کہ انہیں ان افواہوں سے شدید تکلیف پہنچی ہے اور وہ اپنی ماں کو قتل کرنے کا خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے۔ابھیشیک چڈانے لوگوں سےسوشل میڈیا پر ایسی افواہیں نہ پھیلانے کی اپیل بھی کی۔اس طرح بزرگ اداکارہ وینا کپور کے بیٹےکےہاتھوں قتل کی اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔تاہم اس ضعیف ماں اور بیٹے کوکن ذہنی تکالیف سےگزرنا پڑا ہوگا یہ وہ خود جانتے ہیں۔؟

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے