نیو یارک۔ دہلی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں دوران پروازخاتون مسافر پر پیشاب کرنے والا شنکر مشرا امریکی کمپنی کی ملازمت سے برطرف

بین الاقوامی خبریں سوشل میڈیا وائرل قومی خبریں

نیو یارک۔دہلی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں دوران پرواز خاتون مسافر پر
پیشاب کرنے والا شنکر مشرا امریکی کمپنی کی ملازمت سے برطرف،بنگلورو میں گرفتار
پیرس۔دہلی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں بھی ایک مسافر نے کی یہی حرکت

نئی دہلی: 07۔جنوری
(سحرنیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

گزشتہ دنوں دوران پرواز فلائٹ کے عملہ اور مسافر کے درمیان بحث و تکرار،پھر ایک فلائٹ میں ایک مسافر کے ساتھ شدید مار پیٹ کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ جبکہ عام خیال یہ ہوتا ہے کہ ہوائی جہازوں میں سفر کرنے والے زیادہ تر لوگ مہذب اور اونچی سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے تعلیمیافتہ ہوتےہیں۔!!

جبکہ مختلف مزدور پیشہ یا کسی اور پیشہ سے وابستہ افراد بھی ہوائی جہازوں کے ذریعہ حصول معاش کےسلسلہ میں دیگرممالک کاسفر کرتےہیں لیکن ان کےمتعلق ایسی کوئی بد تہذیبی کی خبریں نہیں آتیں اور انہیں بھی معلوم ہوتا ہے کہ جس فلائٹ کے ذریعہ وہ سفر کر رہے ہیں اس میں دنیا کےمختلف ممالک کےبڑے بڑے شعبہ جات سےتعلق رکھنے والی بڑی اور مالدار شخصیتیں بھی ان کے ساتھ اس فلائٹ میں سفر کررہی ہیں۔یا پھر ایسا بھی ممکن ہوسکتا کہ آج کل جب ہر معاملہ اور جھگڑے کے ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کرناعام بات ہوکر رہ گئی ہے تو ایسے واقعات بھی اب سوشل میڈیا کے ذریعہ عام ہوتے جارہے ہیں۔!!

لیکن امریکہ کے نیویارک سے نئی دہلی آنے والی ایک ایئر انڈیا کی فلائٹ میں ایک شخص نے تمام جہالتوں اور بدتمیزی کی حدود پار کرتے ہوئے دؤران پرواز اس فلائٹ میں سفر کررہی ایک 70 سالہ بزرگ خاتون مسافر پر ہی پیشاب کردیا۔اس واقعہ کےایک ہفتہ بعدہی پیرس۔دہلی ایئرانڈیا کی ہی فلائٹ میں بھی ایک نشہ میں دھت مسافر نے ایک ساتھی خاتون مسافر کی کمبل پر پیشاب کردیا۔

جی ہاں یہ افسوسناک اور اخلاقی گراوٹ کا غیر انسانی معاملہ 26 نومبر کوایئر انڈیا فلائٹ AI-102 کی بزنس کلاس میں اس وقت پیش آیاتھا جب یہ طیارہ نیویارک سے دہلی آرہا تھا۔خاتون مسافر پر پیشاب کرنےوالے اس مسافر کی شناخت بعد ازاں شنکر مشرا کے طور پر ہوئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ وہ اس وقت نشہ میں دھت تھا۔یہ معاملہ تاخیر سے دو دن قبل منظر عام پر آیا تھا۔جس کے بعد میڈیا اورسوشل میڈیا پراس شخص کے اس اقدام کی شدید مذمت کی جارہی ہے کہ اس نے تو جہالت کی تمام حدود کو پھلانگ دیا ہے۔

اس واقعہ کے بعد سے یہ مسافر روپوش ہوگیا تھا جس کی شناخت کل جمعہ کو اس وقت ہوئی جب اس نےاپنا نام شنکرمشرا ظاہر کرتے ہوئے
اپنے وکلاءکے ذریعہ ایک بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ متاثرہ خاتون کو اس نے اپنی اس غیر انسانی حرکت کا معاوضہ ادا کردیاہے اور خاتون نے اس کے خلاف پولیس میں کیس درج نہ کروانے کا تیقن دیا ہے۔

دوسری جانب متاثرہ خاتون نےاپنی شکایت میں الزام عائد کیاکہ جہاز میں موجود عملہ کے ارکان نے اسے ملزم کاسامنا کرنے اور اس سے بات چیت کرنے اور اس کی ’معافی‘ کو قبول کرنے پر مجبور کیا تھا۔

اس واقعہ کے تاخیر سےمنظر عام پر آنے کے بعد 4 جنوری کو خبر رساں ادارہ اے این آئی نےاپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ایئر انڈیا کی فلائٹ میں خاتون مسافر پر پیشاب کرنے والےشخص کے خلاف ایئر انڈیا انتظامیہ نےپولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔یہ فلائٹ جان ایف کینڈی ایر پورٹ سے دہلی آ رہی تھی۔

ایئر انڈیا کی فلائٹ میں خاتون مسافر پر پیشاب کرنےوالے اس شخص کی جب شنکرمشرا کی حیثیت سے شناخت ہوئی تو شنکرمشراکو امریکی مالیاتی خدمات کی فرم ” ویلز فارگو ” کی جانب سے جس میں یہ ملازمت کرتاتھا سے برطرف کردیا گیاہے۔کل جمعہ 6 جنوری کو باقاعدہ ایک تحریری بیان جاری کرتے ہوئے،ویلز فارگو نے کہا کہ شنکر مشرا کے خلاف الزام ” انتہائی پریشان کن ” ہیں۔

شنکر مشرا ویلز فارگو کے انڈین چیاپٹر کے نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا،جو کہ ایک ملٹی نیشنل مالیاتی خدمات کارپوریشن ہے جس کا صدر دفتر سان فرانسسکو، کیلیفورنیا میں ہے۔

اپنے اس مکتوب میں کمپنی نے لکھا ہے کہ "Wells Fargo# اپنے ملازمین کو پیشہ ورانہ اور ذاتی رویے کے اعلیٰ ترین معیارات پر رکھتا ہے اور ہمیں یہ الزامات بہت پریشان کن معلوم ہوتے ہیں۔اس فرد کو ویلز فارگو سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور ہمارا مشورہ ہے کہ کوئی بھی اضافی پوچھ گچھ ان سے کی جاسکتی۔

یاد رہے کہ ویلز فارگو اینڈ کمپنی ایک امریکی ملٹی نیشنل فینانشیل سروسز کمپنی ہے جس کے 40 سے زیادہ ممالک میں کاروبار ہیں،جن کےتقریباً 1.9 ٹریلین ڈالر کے اثاثے ہیں۔کمپنی بینکنگ،سرمایہ کاری،رہن،اور صارفین سے تجارتی مالیاتی کاروبار کرتی ہے۔اس کا مرکزی ذیلی ادارہ ویلز فارگوبینک ہے،جو امریکہ کا چوتھا بڑا بینک ہے۔جے پی مورگن چیس،بینک آف امریکہ اورسٹی گروپ کےساتھ،ویلز فارگو کو ریاستہائے متحدہ کے”چار بڑے بینکوں” میں سے ایک مانا جاتا ہے۔

دریں اثنا،دہلی پولیس نے جمعہ کومیڈیا کوبتایاکہ خاتون مسافر پرفلائٹ میں پیشاب کرنے والا شنکرمشرا لاپتہ ہےاور پولیس کی تلاش کےدوران ایک تلاشی نوٹس اور ہوائی اڈوں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔اور اس کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کو بنگلورو اورممبئی اور روانہ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم شنکر مشرا کو پولیس نے آج ہفتہ کے دن بنگلورو سے گرفتار کرلیا ہے۔جو گرفتاری سے بچنے کےلیے لگاتار اپنے مقامات بدل رہا تھا۔

اس غیر انسانی واقعہ کے بعد مرکزی شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل(ڈی جی سی اے)نے جمعہ کو ہی تمام طے شدہ ایئر لائنز کے آپریشنز کے سربراہوں کو جہاز میں بے قابو مسافروں سے نمٹنے اور متعلقہ ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی۔یہ ضابطے اور رہنمایانہ خطوط گزشتہ سال ایئر انڈیا کی پروازوں میں پیشاب کرنے کے دو واقعات کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔!

اسی دؤران سوشل میڈیا پر اس موضوع پر جاری بحث میں سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ خاتون مسافر پر دوران پرواز پیشاب کرنےوالےشنکر مشرا پرصرف 30 دنوں کےلیے کسی بھی ہوائی جہاز میں سفر پر پابندی لگادی گئی ہے۔جبکہ چندسال قبل دوران پرواز اسٹانڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کی جانب سےاسی طیارہ میں سفرکررہے ری پبلک چینل کے چیف ارنب گوسوامی سےمیڈیا کے گرتے ہوئےمعیار اورخبروں میں جانبداری پرسوالات پوچھے جانے پر کنال کامرا پر مرکزی وزارت شہری ہوابازی نے 6 ماہ کی سفری پابندی عائدکردی تھی تو اس خاتون مسافر پر پیشاب کرنے والے شنکر مشرا کی اس جاہلانہ حرکت پر صرف 30 دن کی ہی پابندی کیوں۔؟؟

نیویارک۔دہلی ایئر انڈیا کی پرواز میں 26 نومبر کو ہونےوالے اس چونکا دینے والےواقعہ کے دس دن بعد،پیرس۔دہلی سیکٹر پرایک”نشے میں دھت "مرد مسافر کامبینہ طور پر ایک خاتون مسافر کے کمبل پر "پیشاب” کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔لیکن حکام نےبتایاکہ مسافرکے تحریری معافی کے بعد تعزیری کارروائی پر دباؤ نہیں ڈالا گیا۔

یہ واقعہ 6 دسمبر کو ایئر انڈیا کی فلائٹ 142 پر پیش آیا اور طیارے کے پائلٹ نےاس معاملہ کی اطلاع اندرا گاندھی انٹرنیشنل ہوائی اڈے پرایئر ٹریفک کنٹرول کو دی،جس کے بعد مرد مسافر کو پکڑ لیا گیا۔یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مسافر کس کلاس میں سفر کر رہے تھے۔

پرواز صبح 9:40 بجے دہلی پر لینڈ ہوئی اور ہوائی اڈے کی سیکیورٹی کو بتایا گیاکہ مرد مسافر”شراب کے نشے میں تھا اور وہ کیبن کریو کی ہدایات پر عمل نہیں کر رہا تھا اور بعد میں اس نے جہاز میں موجود ایک خاتون مسافر کےکمبل پر پیشاب کیا۔ہوائی اڈے کےحکام نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا۔

انہوں نے کہاکہ مرد مسافر کوسنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)نے جیسے ہی جہاز سے اترا تو اسے پکڑ لیاگیالیکن بعد میں دونوں مسافروں کے درمیان "باہمی سمجھوتہ” ہونے اور ملزم نے "تحریری معافی” کے بعد اسے جانے دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خاتون مسافر نے،جس نے ابتدائی طور پر تحریری شکایت کی تھی نے پولیس کیس درج کرنے سے انکار کردیا تھا اور اس لیے مسافر کو امیگریشن اور کسٹم کی رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد ہوائی اڈے کی سیکیورٹی کی جانب سے جانے کی اجازت دی گئی۔یہ واقعہ 26 نومبر کے واقعہ کےصرف ایک ہفتہ بعد پیش آیا جہاں ایک شخص نے نیویارک سے دہلی ایئر انڈیا کی پرواز میں سوار ایک خاتون ساتھی مسافر پر مبینہ طور پر پیشاب کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں "

انڈیگو ایئر لائن کی پرواز کے دؤران ایرہوسٹس اور مسافر کے درمیان جم کر بحث، میں آپ کی نوکر نہیں ہوں، ویڈیو وائرل

 

انڈیگو ایئر لائن کی پرواز کے دؤران ایرہوسٹس اور مسافر کے درمیان جم کر بحث، میں آپ کی نوکر نہیں ہوں، ویڈیو وائرل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے