قومی زبان اور روشن ستارے ہندوستان کے معیاری رسالے : ڈاکٹرصادقہ نواب سحر

ریاستی خبریں مضامین و رپورٹس

 قومی زبان اور روشن ستارے ہندوستان کے معیاری رسالے

اردو اور ہندی فکشن نگار ڈاکٹر صادقہ نواب سحر کا دؤرہ تلنگانہ اردو اکیڈیمی

ڈاائرکٹر/سیکریٹری ڈاکٹر محمد غوث سے ملاقات

حیدرآباد: 21۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)

تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے شائع کیے جانے والے ماہنامہ ” قومی زبان ” اور بچوں کا ” روشن ستارے ” کا شمار ہندوستان کے مقبول اوراہم رسالوں میں ہوتا ہے۔قومی زبان اورروشن ستارے رنگین صفحات کے ساتھ معیاری مضامین کی وجہ سے سارے ہندوستان کے اردو حلقوں میں دلچسپی سے پڑھاجاتا ہے۔ان خیالات کااظہار ریاست مہاراشٹرا سے تشریف لائیں اردو اور ہندی ادب کی مشہور فکشن نگار ڈاکٹرصادقہ نواب سحر نے دفتر اردواکیڈیمی تلنگانہ کے دورہ کےموقع پر کیا۔

ڈائرکٹر؍سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی ڈاکٹرمحمدغوث نے اس موقع پر ڈاکٹرصادقہ نواب سحر کو اردواکیڈیمی تلنگانہ کی جانب سے اردو زبان کی ترقی و ترویج کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات سے واقف کروایا اور اس پرمشتمل ایک رپورٹ بھی انہیں پیش کی۔

ڈاکٹرمحمدغوث نے کہاکہ ڈاکٹر صادقہ نواب سحر اردو کی ایک متحرک شخصیت ہیں اور ان پر ہندوستان کے علاوہ پاکستان میں بھی تحقیقی کام ہوچکے ہیں اور انہیں ریاست تلنگانہ کی زبان تلگو سے بھی محبت ہے اورحال ہی میں تلگوزبان میں ان کا ناول شائع ہوا ہے جس کیلئے وہ مبارک باد کی مستحق ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستانی کی دونوں بہنوں اردو اور ہندی زبان کی ترقی کیلئے صادقہ نواب سحر نے خود کو واقف کردیا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر صادقہ نواب سحر نے کہاکہ قومی زبان اورروشن ستارے رسالوں نے انہیں کافی متاثر کیا ہے اور اس لیے وہ اردو اکیڈیمی تلنگانہ کے دفتر پہنچ کر اکیڈیمی کے ذمہ داران کومبارک باد پیش کررہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وہ چاہتی ہیں کہ بچوں کا رسالہ روشن ستارے ہندوستان کے ہراسکول تک پہنچے۔انہوں نے اس موقع پرمسرت کااظہار کرتے ہوئے کہ تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی پُرجوش انداز میں کا م کررہی ہے اور وہ اردو کے طلبہ،اسکالرس،پروفیسر،صحافیوں اور تمام محبان اردو کے لیے کچھ نہ کچھ عملی اقدامات میں مصروف ہے۔ڈاکٹر صادقہ نواب سحر نے اپنی تخلیقات اردو اکیڈیمی تلنگانہ کوپیش کیں۔

روشن ستارے کے معاون مدیر سردار سلیم نے کہا کہ صادقہ نواب سحر ہندوستان کی ایک مشہور ومعروف افسانہ نگار ہیں ،طلبہ اور اسکالرس میں وہ کافی مقبولیت رکھتی ہیں۔

ان کے افسانے اورمضامین پابندی سے ہندوستان کے مختلف اخبارات ورسائل میں پابندی سے شائع ہوتے ہیں اور ان پر کئی رسائل نے خصوصی گوشے شائع کئے ہیں۔

سردارسلیم نے اس موقع پر بتایا کہ ڈاکٹرصادقہ نواب سحر نے عملی اردو سے محبت کااظہار کرتے ہوئے قومی زبان اور روشن ستارے کی سالانہ ممبر شپ حاصل کی ہے۔محسن خان نے ڈاکٹرصادقہ نواب سحرکا تعارف پیش کیا۔اس موقع پرصادقہ نواب سحر کے خاوند اسلم نواب،ارشدمبین زبیری اور دیگر موجودتھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے