سابق چیف منسٹر اتر پردیش کلیان سنگھ نہیں رہے ،وزیراعظم کے علاوہ دیگر اہم شخصیتوں کا اظہار تعزیت

سابق چیف منسٹر اتر پردیش کلیان سنگھ نہیں رہے

وزیراعظم کے علاوہ دیگر اہم شخصیتوں کا اظہار تعزیت

لکھنو :21۔اگست(سحر نیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

سابق چیف منسٹر اتر پردیش کلیان سنگھ کا آج رات دیر گئے لکھنو میں انتقال ہوگیا 89 سالہ کلیان سنگھ مختلف جسمانی اعضاء کے ناکارہ ہوجانے کے باعث گزشتہ چند ماہ سے علیل تھے۔

بی جے پی کے سینئرلیڈر جو کہ دومرتبہ رکن پارلیمان بھی رہ چکے تھے سنجے گاندھی پوسٹ گرائجویٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں 4 جولائی سے انٹنسیو کیئر یونٹ میں شریک زیرعلاج تھے۔اس سے قبل انہیں دہلی کے رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا۔

کلیان سنگھ جون 1991 تا ڈسمبر 1992 اور ستمبر 1997تا نومبر1999ء دو معیادوں کے لیے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔

کلیان سنگھ کا دؤر اقتدار ہمیشہ اس وجہ سے بھی یاد رکھا جائے گا کہ 6 ڈسمبر 1992ء کو اتر پردیش کے فیض آباد میں 400 سالہ قدیم تاریخی بابری مسجد کو شہید کیا گیا تھا اور وہ اس وقت اتر پردیش کے چیف منسٹر تھے۔

اور یہ معاملہ ملک اور بیرون ملک میں حیران کن اور موضوع بحث رہا اور یہیں سے بی جے پی کے عروج کے لیے میل کا پتھر ثابت ہوا۔

بابری مسجد کی شہادت کے فوری بعد کلیان سنگھ نے بحیثیت چیف منسٹر اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا اوراس وقت کے وزیراعظم ہند پی وی نرسمہا راؤ نے بابری مسجد کی شہادت کے واقعہ کے بعد کلیان سنگھ کی حکومت کو برطرف کردیا تھا۔

کلیان سنگھ 5 جنوری 1932 میں اترولی ٹاون میں پیدا ہوئے تھے جو کہ علیگڈھ ضلع ، اتر پردیش میں واقع ہے۔1999ء میں انہوں نے بی جے پی سے علحدگی اختیار کرلی تھی اور انہوں نے اپنی ایک سیاسی جماعت قائم کی۔

بعدازاں وہ 2004 میں بی جے پی میں دوبارہ شامل ہوگئے اور بلند شہر پارلیمانی حلقہ سے دوسری مرتبہ ایم پی منتخب ہوئے۔دوسری مرتبہ انہوں نے 2009 میں بی جے پی سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

اور پھر 2014ء میں وہ دوبارہ بی جے پی میں شامل ہوگئے اور راجستھان کے گورنر بنائے گئے جہاں انہوں نے اس عہدہ پر پانچ سال مکمل کیے۔انہیں سی بی آئی نے بابری مسجد شہادت کے کیس میں ماخوذ بھی کیا تھا۔

سابق چیف منسٹر کلیان سنگھ کے دیہانت پر وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ اظہار تعزیت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کلیان سنگھ کروڑوں سماج کے دبے کچلے کروڑوں افراد کی آوازتھے اور انہوں نے کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کو خودمکتفی بنانے کا کام کیا تھا۔ان کے علاوہ ملک کی کئی شخصیتوں نے کلیان سنگھ کے دیہانت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔