چیف منسٹر مہاراشٹرا کے خلاف سخت ریمارک،مرکزی وزیر نارائن رانے گرفتار
ممبئی :24۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے کے خلاف سخت ریمارک پر رتناگری پولیس نے آج مرکزی وزیر و بی جے پی قائد نارائن رانے کو گرفتار کرلیا ہے انہیں سنگمیشور پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔
Maharashtra: Police detained Union Minister and BJP leader Narayan Rane in Ratnagiri
Rane had made remarks against CM Uddhav Thackeray yesterday pic.twitter.com/C3xP843iwV
— ANI (@ANI) August 24, 2021
اپنی گرفتاری سے قبل مرکزی وزیر نارائن رانے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے کہ ان کی گرفتاری کو روکا جائے کیونکہ چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے کے خلاف ان کے اہانت آمیز ریمارک کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی گئی تھیں۔
مرکزی وزیر نارائن رانے نے اپنے سخت ریمارک میں کہا تھا کہ وہ چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کو ایک تھپڑ رسید کردیتے جو ملک کی آزادی کی تاریخ سے بھی ناواقف ہے۔
نارائن رانے کے اس بیان کے خلاف شیوسینا کارکن سڑکوں پر آگئے اور سخت احتجاج کیا اور نارائن رانے کی جوہو میں واقع رہائش گاہ تک احتجاج منظم کیا ان کے مکان پر پتھراؤ کی بھی اطلاعات ہیں۔
مہاراشٹرا کے ناسک اور دیگر مقامات پر شیوسینا ورکرس نے بی جے پی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔مہاراشٹرا کے مختلف مقامات پر شیوشینا اور بی جے پی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ کی اطلاعات بھی ہیں۔
چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے کے خلاف مرکزی وزیر نارائن رانے کے اس اہانت آمیز بیان کے بعدآج منگل کو ہی پونہ اور ناسک میں ان کے خلاف شکایت درج کروائے جانے کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کیے تھے۔
جس کے خلاف نارائن رانے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست داخل کی تھی جسے ہائی کورٹ نے مسترد کردیا۔اس سے قبل وہ رنتاگری سیشن کورٹ سے بھی رجوع ہوئے تھے تاہم انہیں وہاں بھی ضمانت قبل از گرفتاری نہیں مل پائی کیونکہ ان کے خلاف کیس ناسک میں درج ہوا تھا۔
مرکزی وزیر نارائن رانے مہاراشٹرا کے رائے گڑھ ضلع میں اپنی جن آشیرواد یاترا کے دوران کہا کہ ” یہ شرمناک بات ہے کہ چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکر ہماری آزادی کا سال نہیں جانتے اور وہ اپنی ایک تقریر کے دوران آزادی کے سالوں کی گنتی کے بارے میں پوچھنے کے لیے پیچھے جھکے تھے۔
مرکزی وزیر نارائن رانے اپنی اس تقریر میں یہ سخت ریمارک کیا کہ ” اگر میں اس وقت وہاں ہوتا تو چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کو ایک سخت تھپڑ مار دیتا ۔!
اپنی گرفتاری سے قبل مرکزی وزیر نارائن رانے نے کہا تھا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی ہیں لیکن ” میں کوئی عام انسان نہیں ہوں "۔
گزشتہ 20 سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی مرکزی وزیر کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔! یاد رہے کہ نارائن رانے ماضی میں شیوسینا سے ہی مہاراشٹرا کے چیف منسٹر بھی رہ چکے ہیں جنہوں نے بعد میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔