تلنگانہ میں یکم ستمبر سے اسکولس کا آغاز،طلبہ کے لیے ماسک اور کوویڈ قواعد پرعمل آوری لازمی :وزیر تعلیم کی ویڈیو کانفرنس

ریاستی خبریں
تلنگانہ میں یکم ستمبر سے اسکولس کا آغاز،طلبہ کے لیے ماسک اور کوویڈ قواعد پرعمل آوری لازمی
ریاست میں کے جی تا پی جی تعلیمی اداروں کی 16 ماہ بعد دوبارہ کشادگی،تمام انتظامات کا آغاز کیا جائے
وزیرتعلیم سبیتاریڈی کی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کلکٹران اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت

حیدرآباد:24۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے ریاست تلنگانہ کے تمام ضلع کلکٹران اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ یکم ستمبر سے ریاست میں بشمول آنگن واڑی مراکز تمام سرکاری اور خانگی اسکولس ، کالجس ، اقامتی اسکولس اور ہاسٹل کے آغاز کے حکومت کے فیصلہ کے بعدریاست تلنگانہ کےتمام شہروں، ٹاؤنس اور دوردراز دیہی علاقوں میں موجود تمام سرکاری اسکولس ، کالجس ،اقامتی اسکولس ، ہاسٹلس اور آنگن واڑی مرکز کی صاف صفائی اور انہیں قابل استعمال بنایا جائے۔

ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی آج حیدرآباد سےویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے ضلع کلکٹران،صدورضلع پریشد،بلدیات کے صدور،ڈی ای اوز،ضلع پنچایتوں کے عہدیداروں اور دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں سے خطاب کرتے مختلف ہدایات ہدایت دی ہیں۔ اور واضح کیا کہ یکم ستمبر سے اسکولس کے آغاز کے بعد کوئی آن لائن تعلیم کا نظم نہیں ہوگا۔

وزیرتعلیم تلنگانہ پی۔سبیتا اندرا ریڈی کی ویڈیو کانفرنس۔وزیر پنچایت ایرابیلی دیاکر راؤ اور دیگر عہدیدار دیکھے جاسکتے ہیں۔

اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے ان عہدیداروں سے کہا کہ ریاست میں کورونا وباء کے باعث 16 ماہ بعد یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں کی دوبارہ کشادگی عمل میں لائی جارہی ہے اور اسکولس کی کشادگی کے بعد طلبہ کو کسی بھی قسم کی پریشانیوں کا سامنا نہ ہو اس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں اور ہر ایک کلاس روم کے ایک ایک فرنیچر کی صفائی اور دھلائی کی جائے۔

اسی طرح اسکولس میں موجود پانی کی ٹانکیوں اور بیت الخلاؤں کی بھی مکمل طور پر صفائی انجام دی جائے اس کے لیے جراثیم کش ادویات کا استعمال کیا جائے اس کے ساتھ اسکولس ،اقامتی اسکولس اور ہاسٹلوں کے کچن رومس کی بھی صفائی کی جائے۔وزیر تعلیم نے ہدایت دی کہ ہر ایک اسکول تک مشن بھاگیرتا اسکیم کے تحت پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔

File Photo

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے ضلع کلکٹران،صدورضلع پریشد،بلدیات کے صدور،ڈی ای اوز،ضلع پنچایتوں کے عہدیداروں اور دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تعلیمی اداروں کی کشادگی کے بعد اسکول پہنچنے والے طلباء و طالبات کی جانب سے کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل کو یقینی بنایا جائے۔

وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی نے واضح کیا کہ اسکول آنے والے تمام طلباء و طالبات کے لیے ماسک پہن کر آنا لازمی ہوگا۔

وزیرتعلیم نے اضلاع کے ڈی ای اوز اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسکولوں کی کشادگی کے ضمن میں خانگی اسکولس اور کالجس کا دؤرہ کرتے ہوئے وہاں بھی اسی طرز کی صاف صفائی کا جائزہ لیں۔اور خانگی اسکولس کی بسوں میں بھی کوویڈ قواعد کی پابندی کو لازمی طورپر دھیان دیں اوران اسکولی بسوں میں سفر کرنے والے طلبہ کے درمیان انسانی فاصلہ لازمی طورپر قائم رکھنا ہوگا۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ اسکولس اور آنگن واڑی مراکز کی مکمل صفائی کی ذمہ داری مقامی گرام پنچایتوں کی ہوگی اور گرام سرپنچ ،ایم پی پیز ،زیڈ پی ٹی سیز، وارڈ ممبرس کے علاوہ دیگر عوامی نمائندے اس کا حصہ بنیں۔

وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ 30 اگست تک تمام اسکولس اور آنگن واڑی مراکز مکمل طورپر تیار رکھے جائیں تاکہ یکم ستمبر سے تعلیم کا آغاز ہو اور اس کے لیے متعلقہ اسکولس کے ہیڈ ماسٹر ایک سرٹیفکیٹ جاری کریں کہ اسکولس تیار ہیں۔

وزیرتعلیم تلنگانہ پی۔سبیتا اندرا ریڈی ویڈیو کانفرنس ۔وزیر پنچایت دیاکر راؤ اور دیگر عہدیدار دیکھے جاسکتے ہیں۔

اس ویڈیوکانفرنس کے ذریعہ ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کے بعد ہرروز ضلع کلکٹرس،ڈی ای اوز ،ضلع پنچایت عہدیدار،ایم پی ڈی اوز، ایم ای اوز اور دیگر عہدیدار اسکولس کا دؤرہ کرتے ہوئے صاف صفائی اور کوویڈ قواعد پر عمل آوری کا جائزہ لیتے رہیں۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ کوویڈقواعد پر مکمل عمل کرتے ہوئے رضاکارانہ طورپر اسکولس آنے والے طلبہ کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے ہیڈ ماسٹرس اور پرنسپلس کو ہدایت دی کہ اسکول آنے والے کسی بھی طالب علم میں کھانسی ، بخار اور زکام جیسی کوویڈ کی علامات ظاہر ہوں تو فوری ان طلبہ کو قریبی ہیلتھ سنٹرس سے رجوع کرتے ہوئے ان کا کوویڈ ٹسٹ کروایا جائے اور اگر وہ طالب علم کوویڈ سے متاثرہ پایا جاتا ہے تو پھرکلاس روم/ہاسٹل میں اس کے قریبی طلبہ کی نشاندہی کرتے ہوئے ان تمام کا بھی کوویڈ ٹسٹ لازمی طورپر کروایا جائے۔

اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وزیر پنچایت راج ایرابیلی دیاکر راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسکولس اور آنگن واڑی مراکز کی بہترین صفائی عمل میں لائی جائے اور ساتھ ہی اسکولس / ہاسٹلس کے احاطوں میں موجود جنگلی پودوں کا کاٹا جائے، موجودہ گڑھوں کو مٹی سے پُر کیا جائے۔

تمام اسکولس میں طلبہ کی کمیٹیوں اور ان کے سرپرستوں کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔وزیر پنچایت نے کہا کہ سابقہ طلبہ سے عطیات وصول کرتے ہوئے اسکولس کو رنگ و روغن کیا جائے اور اسکولس کو ترقی دی جائے۔

وزیر پنچایت راج ایرابیلی دیاکر راؤ نے کہا کہ یکم ستمبر کو ریاست میں تعلیمی اداروں کی کشادگی ایک تہوار کی طرح منائی جائےانہوں نے کہا کہ روزآنہ پنچایت راج عہدیدار اسکول کا معائنہ کرتے رہیں۔

اس ویڈیو کانفرنس کے موقع پر وزیرتعلیم اور وزیر پنچایت کے ساتھ پرنسپل سیکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، کمشنر رگھونندن راؤ،کمشنر بلدیات ستیہ نارائنا کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی کی اس ویڈیوکانفرنس کا دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں ضلع کلکٹر پوسومی باسو،صدرنشین ضلع پریشد سنیتا مہندرریڈی،رکن اسمبلی چیوڑلہ کالے یادیا،نائب صدر ضلع پریشد بائنڈلہ وجئے کمار،صدرنشین بلدیہ وقارآباد منجولا رمیش،اڈیشنل کلکٹر چندریا،ڈی ای او رینوکا دیوی،ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر رضوانہ کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیداروں نے مشاہدہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے