ملک کے پہلے وزیرداخلہ سردار پٹیل کی طاقت سے ہی ریاست حیدرآباد کوآزادی حاصل ہوئی: وزیرداخلہ امیت شاہ

ملک کے پہلے وزیرداخلہ سردار پٹیل کی طاقت سے ہی ریاست حیدرآباد کو آزادی حاصل ہوئی
بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سرکاری طورپر یوم آزادی تلنگانہ تقریب منائی جائے گی
نرمل میں جلسہ عام سے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا خطاب

حیدرآ د/نرمل:17۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے پہلے وزیرداخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی طاقت کی وجہ سے ہی ریاست حیدرآباد کوآزادی حاصل ہوئی۔

مرکزی وزیر داخلہ آج ریاست تلنگانہ کے نرمل ضلع، منڈل کے موضع ایلاپی کے قریب کریشر گراؤنڈ میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ یوم آزادی تلنگانہ جلسہ عام سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

اپنے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کہا کہ ملک 15 اگست 1947 کو آزاد ہوا تھا لیکن تلنگانہ کے علاوہ مہاراشٹرا کے پانچ اضلاع اور کرناٹک کے تین اضلاع کو 13 ماہ کے بعد 17ستمبر1948 کونظام دؤر حکومت سے آزادی ملی۔

انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت مجلس کے خوف سے 17ستمبر کو سرکاری طور یوم آزادی تلنگانہ منانے سے گریز کر رہی ہے جبکہ مہاراشٹر اور کرناٹک میں سرکاری طور پر مذکورہ پروگرام کو آج بھی منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2023ء میں ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کے اقتدار پر آنے کے بعد ہر سال 17 ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ تقریب سرکاری طور پر منائی جائے گی۔

امیت شاہ نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ ریاست تلنگانہ میں مجلس سے ڈرنے والی اور ایک ہی خاندان کی حکومت ہے اور عوام اس حکومت سے عاجز آچکے ہیں جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی مجلس سے نہیں ڈرتی۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندر شیکھر راؤ نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک کے دؤران یوم آزادی تلنگانہ تقریب کو سرکاری سطح پر منانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس وعدہ کو فراموش کرگئے۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں کورونا وائرس سے تحفظ کےلئے جگہ جگہ کوویڈ ویکسین دئیے جانے کا پروگرام جاری ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ بی جے پی ملک کی ہمہ جہتی ترقی اور خواتین کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی پارٹی ہے۔

مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی،ریاستی صدر بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے کمار،دھرماپوری۔اروند رکن پارلیمان نظام آباد، رکن پارلیمان عادل آباد سوئم باپو راؤ نے بھی اس جلسہ سے خطاب کیا۔اس جلسہ عام میں ریاستی بی جے پی قائدین ڈی کے ارونا،راتھوڑ رمیش،ڈاکٹر رما دیوی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔