تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول وقارآباد کے دو ٹیچرس کوویڈ سے متاثر، طلباء کے نمونے بھی جانچ کے لیے روانہ
تمام طلباء کی بھی طبی جانچ ، رپورٹ کا انتظار ،ضلع میں کوویڈ متاثرین کی تعداد میں دوبارہ اضافہ
تانڈور۔5۔مارچ (سحرنیوز ڈاٹ کام)
ضلع وقارآباد میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں کمی واقع ہورہی تھی تاہم اب گزشتہ دو دن سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول (لڑکوں) وقارآباد میں خدمات انجام دے رہے دو ٹیچرس کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔
وقارآباد کے شیواریڈی پیٹ میں موجود اس اقلیتی اقامتی اسکول کے دو ٹیچر س میں کورونا وائرس کی علامات نظر آنے پر ان دونوں کی طبی جانچ کی گئی جس کے بعد انکشاف ہوا کہ یہ دونوں ٹیچرس کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جسکے فوری بعد ضلع انتظامیہ متحرک ہوگیا اور فوری طورپر محکمہ صحت و طبابت ضلع وقارآباد کے عہدیداروں نے اس اقامتی اسکول پہنچ کر زیر تعلیم تمام طلباء کے فوری طورپر ٹسٹ (ریاپڈٹسٹ) کیے۔
ضلعی عہدیدار محکمہ صحت نے بتایا کہ ان طلباء کے آرٹی اور پی سی آرٹسٹ کیلئے بھی نمونے حاصل کرتے ہوئے جانچ کی غرض سے روانہ کیے گئے ہیں جن کی رپورٹ کاانتظار ہے۔
کل 4؍مارچ کو ضلع وقارآباد میں جملہ سات افراد کورونا سے متاثر ہوئے تھے جن میں سے 6؍ متاثرین کا تعلق وقارآباد سے اور ایک کا تعلق نواب پیٹ سے ہے وہیں آج 5؍مارچ کو ضلع وقارآباد میں 6؍افراد کوویڈ سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے تین کا تعلق وقارآباد سے ، ایک کا تعلق دھارور سے ، ایک کا تعلق پرگی سے اورایک کوویڈ متاثرہ کا تعلق کلک چیرلہ سے ہے ۔
محکمہ صحت و طبابت وقارآباد ضلع کی جانب سے آج جاری کیے گئے میڈیکل بلٹین کے بموجب گزشتہ سال مارچ میں پھیلنے والی کورونا وائرس وباء کے بعد سے آج 5؍مارچ تک ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، کوڑنگل اور پرگی ٹاونس اور 18؍ منڈ لات میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افرادکی جملہ تعداد3,576 ہوگئی ہے۔
جن میں سے 3,447 متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں آج صحتیاب ہونے والے 6افراد بھی شامل ہیںاور آج تک ضلع کے مختلف مقامات میں جملہ 60؍کورونا وائر س متاثرین کی موت واقع ہوئی ہے۔اس رپورٹ کے مطابق ضلع وقارآباد میں آج تک جملہ 1,17,315 ؍افراد کے نمونے جانچ کی غرض سے حاصل کیے گئے تھے ان میں 726 وہ افراد بھی شامل ہیں جن کے نمونے آج حاصل کیے گئے ہیں.
ان میں سے 1,12,601 افراد کی رپورٹ منفی آئی ہے 720 ؍وہ افراد بھی ان میں شامل ہیں جن کی منفی رپورٹ آج آئی ہے۔اس میڈیکل بلیٹن کے مطابق 3؍ ایکٹیو کورونا وائرس متاثرین کیساتھ 6؍کورونا وائرس متاثرین ہوم قرنطنیہ میں رکھے گئے ہیں ان میں وہ 6؍ کوویڈ متاثرین بھی شامل ہیں جن کی مثبت رپورٹ آج آئی ہے۔

