کیا واقعی کل 26مئی سے ملک میں ٹوئٹر،فیس بک اور انسٹاگرام بند ہوجائیں گے ؟

بین الاقوامی خبریں قومی خبریں

کیا واقعی کل 26 مئی سے ملک میں ٹوئٹر،فیس بک اور انسٹاگرام بند ہوجائیں گے ؟

نئی دہلی:25۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

سوشیل میڈیا کی مختلف مقبول عام سائٹس بالخصوص فیس بک ، ٹوئٹر ، انسٹاگرام کے ذریعہ دنیا واقعی ایک گلوبل ولیج میں تبدیل ہوکر رہ گئی ہے اور یہ سوشیل میڈیا سائٹس آج ہر انسان کی ایک ضرورت بن کر رہ گئے ہیں ان سوشیل میڈیا سائٹس کے ذریعہ دنیا بھر کی وہ خبریں جو مین اسٹریم میڈیا دکھانا نہیں چاہتا کیساتھ ساتھ تفریح اور دور دراز کے لوگوں سے دوستی ،مذاکرہ ، خیالات اور واقعات کو ایک دوسرے کیساتھ شیئر کرنے کا یہ ایک اہم ذریعہ بھی ہیں۔

لیکن ان تینوں سوشیل میڈیا سائٹس پر الزام ہے کہ وہ ملک کے قوانین کا کوئی لحاظ نہیں کررہے ہیں! جس پر مرکزی حکومت نے ان پر نکیل کسنے کیلئے او ٹی ٹی کے تحت قواعد اور ضوابط طئے کیے ہیں۔

ایسے میں آج سوشیل میڈیا اور میڈیا پر اس بات کو لیکر شدید بحث جاری ہے کہ کل 26 مئی سے کیا واقعی ہندوستان میں فیس بک ، انسٹا گرام اور ٹوئٹر کی خدمات بند کردی جائیں گی؟

دراصل جاریہ سال 25 فروری کو مرکزی حکومت نے چند قواعد و ضوابط طئے کرتے ہوئے فیس بک ، ٹوئٹر اور انسٹاگرام کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ 25 مئی تک ان پر عمل آوری کے اقدامات کو یقینی بنالیں اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی مدت آج رات 12 بجے ختم ہوگی اور قواعد و ضوابط نافذ کردئیے جائیں گے۔

امریکہ سے چلائی جانے والی ان سوشیل میڈیا سائٹس کو مرکزی وزارت الیکٹرانکس اور آئی ٹی کی جانب سے نوڈل آفیسر اور نگران عہدیدارکے تقرر کی ہدایت دی گئی تھی کہ جن کا تعلق ہندوستان سے ہی ہو اور انہیں ہندوستان میں ہی رہ کر ہی کام کرنا ہوگا اور ان کی ذمہ داری یہ ہوگی کہ وہ ان سوشیل میڈیا سائٹس پرقابل اعتراض موادکی نگرانی کریں ، انہیں حذف کریں اورموصول ہونے والی شکایات کو حل کریں۔

حکومت ہند کی جانب سے تدوین کردہ ان جدید قواعد و ضوابط پر ٹوئٹر ، فیس بک اور انسٹاگرام کو عمل کرنا انتہائی لازمی ہوگا اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی ممکن نظر نہیں آرہی ہے۔!!

اب چونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے دی گئی قطعی تاریخ کا آج اختتام ہورہا ہے تو خود سوشیل میڈیا کی ان سائٹس پر ایسے پوسٹس کا سیلاب آگیا ہے کہ کل 26 مئی سے ملک میں ٹوئٹر ، فیس بک اور انسٹاگرام کام کرنا بند کردیں گے۔اور فیس بک صارفین اپنے اپنے احباب کو اپنے وہاٹس اپ نمبر دینے میں مصروف ہیں کہ کل سے فیس بک بند ہوجائے تو وہاٹس اپ پر رابطہ کریں۔!

تاہم اس معاملہ میں اب تک ٹوئٹر ، انسٹاگرام اور فیس بک انتظامیہ کی جانب سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے!!

یاد رہے کہ ہندوستان میں فیس بک کے 38 کروڑ سے زائد صارفین ہیں جبکہ ملک میں ٹوئٹر کے 40 کروڑ اکاؤنٹ بتائے جاتے ہیں! وہیں انسٹاگرام کے 15 کروڑ سے زائد صارف ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے