تلنگانہ میں کوویڈ متاثرین اور شرح اموات دیگر ریاستوں سے کم
وزیر داخلہ اور وزیرانیمل ہسبنڈری کا دؤرہ نمس اور چیسٹ ہسپتال
حیدرآباد:25۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی اور ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری،فشریز اینڈ سینماآٹوگرافی تلسانی سرینواس یادو نے آج حیدرآباد کے نظام انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس ) اور چیسٹ ہاسپٹل کا دؤرہ کرتے ہوئے وہاں زیر علاج کورونا متاثرین سے راست ملاقات کی اس موقع پر ان ہاسپٹلس میں زیر علاج کورونا کے مریضوں نے ان وزراء کو بتایا کہ انہیں بہترین علاج و معالجہ فراہم کیا جارہا ہے۔ دونوں وزراء نے اس موقع پر ان ہسپتالوں میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ بھی لیا۔
اس موقع پر ان دونوں وزراء کے ہمراہ ضلع کلکٹر حیدرآبادسویتا موہنتی، زونل کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی ) پراوینیا، ڈائرکٹر نمس ہاسپٹل ڈاکٹر منوہر، سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ستیہ نارائنا اور دیگر ڈاکٹرس موجود تھے۔
اس دؤرہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی اور ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری تلسانی سرینواس یادونے کہا کہ ان دونوں ہاسپٹلس میں کورونامتاثرین کا تشفی بخش علاج کیا جارہا ہے جس کیلئے ڈاکٹروں، نرسوں کے علاوہ محکمہ جات پولیس، بلدیہ اور کلاس IV کے ملازمین بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ان وزراء نے کہا کہ تلنگانہ حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ ریاست سے کورونا وباء کے خاتمہ کے لیے کافی سنجیدہ ہیں،اسی لیے وزیر اعلیٰ، متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ مسلسل جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس وباء کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے میں مصروف ہیں۔
وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست میں جملہ 53000 بیڈس موجود ہیں جن میں 23000 آکسیجن بیڈس شامل ہیں اور نمس ہاسپٹل میں کورونا علاج کے لیے بیڈس موجود ہیں اس سلسلہ میں دونوں ہاسپٹلس کے ڈائریکٹر، سپرنٹنڈنٹ اور چیسٹ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ سے کورونا علاج اور مریضوں کے متعلق تفصیلات حاصل کی گئیں۔
اس ہاسپٹلس کے ذمہ داروں نے بتایا کہ دونوں ہاسپٹلس میں آکسیجن اور دوائیاں موجود ہیں، جن کے ذریعہ کوویڈ مریضوں کا علاج کیا جاسکتا ہے. اس موقع پران دونوں وزراء نے ہاسپٹلس کے ذمہ داروں کو تیقن دیا کہ ہاسپٹلس کے موجودہ حالات سے وزیراعلیٰ کو واقف کروایا جائے گا اور درکار مزید ضروری طبی اشیاء فراہم کی جائیں گی۔
وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ کورونا وباء کو پھیلنے سے روکنے میں عوام کا تعاون ضروری ہے تاکہ وباء پر آسانی کیساتھ قابو پایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے اسی مقصد کے تحت لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے تاکہ تلنگانہ کے عوام کی زندگیوں کی حفاظت کی جاسکے۔انہوں نے ریاست کے عوام سے اپیل کی ہے کہ لاک ڈاؤن اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں تاکہ خود کی اور گھر والوں کی زندگیوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔
قبل ازیں وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے چارمینار حلقہ اسمبلی کے پُرانا پُل ڈیویژن کے ایک اسکول میں چالیس بیڈس پر مشتمل ایک کورونا کئیر سنٹر کا افتتاح انجام دیا، جہاں پر ڈاکٹروں اور نرسوں کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول انتظامیہ کی ستائش کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سنٹر سے استفادہ حاصل کریں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع ہوں اس میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں، کیونکہ ابتدائی مرحلہ میں علاج شروع کرنے سے فوری صحتیابی حاصل ہورہی ہے جبکہ تاخیر کرنے سے پھیپھڑے متاثر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے صحتیابی میں مشکل پیش آرہی ہے۔
وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا کہ عوام سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں، فیس ماسک لازمی طور پر استعمال کریں اور سینی ٹائزر یا صابن سے اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوتے رہیں۔انہوں نے ریاست کے عوام سے لاک ڈاؤن کے قواعد پر سختی کیساتھ عمل کرنے،حکومت کا ساتھ دینے اور متعلقہ عہدیداروں سے بہتر تعاون کو یقینی بنائں تاکہ مجموعی طور پر اس وباء پر جلد قابو پانے میں آسانی ہو.۔
اس موقع پر رکن اسمبلی چارمینار ممتازاحمد خاں، کارپوریٹر مظفر،ایریا کارپوریٹر راج موہن، سندھیا گوئل اور اسکول انتظامیہ کے علاوہ دیگر شریک تھے۔