پتھروں سے مارنا ہی ہے تو پہلے کئی پارٹیاں تبدیل کرنے والے ریونت ریڈی کومارا جائے
ٹی آرایس ارکان اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی،رمنا ریڈی اور دیوی ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد :3۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان ملکاجگری ریونت ریڈی کی جانب سے کل دئیے گئے سنسنی خیز بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پارٹی تبدیل کرنے والوں کو پتھرسے مارنا ہی ہے تو پہلے کئی پارٹیاں تبدیل کرنے والے ریونت ریڈی کو مارا جائے۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی ریڈی آج شام دیر گئے تلنگانہ بھون میں ٹی آرایس ارکان اسمبلی گنڈرا وینکٹ رمنا ریڈی اور دیوی ریڈی سدھیر ریڈی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرر ہے تھے۔
یاد رہے کہ کل صدرتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان ملکاجگری ریونت ریڈی نے انتہائی سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے مقابلہ کرکے جیت کر فروخت ہونے والے ایم ایل ایز کو پتھروں سے مارکر ختم کیا جائے! اور ایسا کرنے میں وہ سب سے آگے رہیں گے۔
( ریونت ریڈی کی جانب سے دیا گیا سنسنی خیز بیان اس رپورٹ کے نیچی دی گئی سحرنیوز ڈاٹ کام کی لنک کو کلک کرکے پڑھا جاسکتا ہے)
اس سلسلہ میں مذکورہ بالا ٹی آرایس ارکان اسمبلی جنہوں نے 2019ء میں کانگریس چھوڑکر برسراقتدار ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کی ہے نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریونت ریڈی کے اس بیان کو مسترد کردیا ہے۔
آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدھیر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی بلیک میلنگ کے برانڈ ایمبسیڈر ہیں انہوں نے کہا دستور میں حاصل دسویں شیڈل کے تحت ہی وہ ٹی آرایس ایل پی میں شامل ہوئے تھے۔
انہوں نے سوال کیا کہ جب ریونت ریڈی تلگودیشم چھوڑکر کانگریس میں شامل ہوئے تھے تو انہوں نے کیوں اپنا استعفیٰ اسپیکر کے حوالے نہیں کیا؟ انہوں نے کہا کہ نوٹ کے بدلے ووٹ معاملہ میں معاملہ ریونت ریڈی اب ایمانداری کی باتیں کررہے ہیں۔
سدھیر ریڈی نے کہا کہ وہ عوامی خدمت گزار ہیں اور ریونت ریڈی مطلبی سیاستداں ہیں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی محکمہ ریونیو کے وظیفہ یاب ملازمین کی ایک ٹولی تیار کرتے ہوئے ریونت ریڈی بلیک میلنگ کی گینگ چلارہے ہیں۔
سدھیر ریڈی نے سوال کیا کہ کیا راجستھان میں بی ایس پی کے ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کرلینے والے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ کو بھی ریونت ریڈی پتھر ماریں گے؟
ایم ایل اے سدھیر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی نے انچارج کانگریس تلنگانہ مانک ٹھاکر کو 25 کروڑ روپئے دے کر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت کا عہدہ حاصل کیا ہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ریونت ریڈی اسی زبان اور لب و لہجہ میں بات کریں گے تو ان کا چپلوں سے مارکھانا طئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرخیوں میں رہنے کیلئے ریونت ریڈی ایسے سنسنی خیز بیانات دینے میں ماہر ہیں انہوں نے ساتھ ہی الزام عائد کیا تھا کہ 2018ء میں ریونت ریڈی نے ان کی ٹکٹ بھی فروخت کرنے کی کوشش کی تھی اور ریونت ریڈی کہہ رہے ہیں کہ وزیراعلیٰ کے سی آر سے اقتدار چھین لیا جائے گا۔جبکہ اقتدارپر عوام بٹھاتی ہے۔
انہوں الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی آر ٹی آئی قوانین کا غلط استعمال کرتے ہوئے کئی لوگوں کو خوفزدہ کررہے ہیں۔
اس پریس کانفرنس میں رکن اسمبلی گنڈرا وینکٹ رمنا ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی نے جس زبان کا استعمال کیا ہے اس پر انہیں قانونی طور پر سیاست میں پابندی کردینے چاہئے۔اور ساتھ ہی کیا کانگریس پر بھی پابندی عائد کی جانی چاہئے؟
انہوں نے کہا کہ 6 ماہ میں خود ریونت ریڈی بھی پارٹی تبدیل کرسکتے ہیں۔وینکٹ رمنا ریڈی نے انتباہ دیا کہ ریونت ریڈی اپنی زبان اور لہجہ بدل لیں اور اس ریمارک پر ان کے خلاف کوئی بھی کیس دائر کرسکتا ہے کیونکہ وہ پہلے ہی سزاء یافتہ ہیں۔
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ریونت ریڈی اپنی ساری حدیں توڑکر ایسی باتیں کررہے ہیں اور انہیں عوام ہی بہتر سبق سکھائیں گے۔
روہت ریڈی نے کہا کہ اس طرح کے اکسانے والے بیانات دیکر نوجوانوں کو غلط راستہ نہ دکھایا جایا۔
پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ عوام کے مفاد میں ہی انہوں نے دستوری حق کے تحت پارٹی تبدیل کی ہے انہوں نے ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ غیر سطحی سیاست سے باز آئیں۔
صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان ریونت ریڈی کی جانب سے دیا گیا سنسنی خیز بیان اس لنک کو کلک کرکے پڑھا جاسکتا ہے۔