مکاتب کا قیام نسل نو کے ایمان کی حفاظت کا واحد اورموثر ذریعہ
فاصلاتی تعلیم کے ذریعہ مسلم بچوں اور خدام دین کے لئے دسویں جماعت کے امتحانات کی تیاری اور امتحانات میں شراکت کا فیصلہ
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے ماہانہ اجلاس میں مختلف دینی و فلاحی امور پر تبادلہ خیال
وقارآباد/تانڈور : 3۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)
مولاناعبدالرحمن اطہرقاسمی،جوائنٹ سیکریٹری جمعیتہ علماءضلع وقارآباد کے پریس نوٹ کے بموجب دفتر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد،تانڈورمیں مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر صدارت تنظیم کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا۔
حافظ محمد مزمل پرویز کی قرآت کلام مجید سے اجلاس کا آغاز عمل میں آیا بعد ازاں مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے رمضان المبارک اور لاک ڈاؤن کے دوران تنظیم کی کارکردگی پر مشتمل مختصر رپورٹ حاضرین کے سامنے پیش کی۔
اس مجلس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی جدید تعلیمی پالیسی کے مد نظر گھریلو حالات یا کسی اور سبب سےتعلیم حاصل نہ کرنے والے مسلم بچوں بالخصوص مدارس کے طلباء اور مولوی برادری کے لئے ـ” فاصلاتی تعلیم "کے ذریعہ کم از کم دسویں جماعت کے امتحانات کی تیاری اور امتحانات میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
اور اس سلسلہ میں مکمل رہنمائی اور ضروری انتظامات تنظیم کی جانب سے کئے جائیں گے اس کام کو بروئے کار لانے کے لئے ڈاکٹر حافظم حمد عبدالسلام نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی صدارت میں ایک چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو داخلے کی کارروائی سے لیکر امتحانات کے انعقاد تک تمام امور انجام دے گی۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے کہا کہ موجودہ دؤر میں نسل نو کی حفاظت اور بہتر تربیت کے لئے گلی گلی اور گاؤں گاؤں مکاتب کا قیام واحد موثر ذریعہ ہے جس کے لئے جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد ہمیشہ اس سلسلہ میں سنجیدہ و فکرمند رہی ہے اور چار افراد پر مشتمل عملہ اس شعبہ کی نگرانی اور مکاتب کی تنظیم و توسیع کے لئے کوشاں رہتا ہے۔
تانڈور منڈل کے تقریباً تمام دیہاتوں میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے منظم مکاتب کا جال بچھا دیا ہے جہاں دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء کی زیر نگرانی مرتب کردہ نصاب کی تعلیم پختہ انداز میں جاری ہے اور تعلیمی نگرانی کے لئے مکاتب کے نگران حافظ محمدعبدالقادر اور حافظ مرزا مجاہد بیگ کے مستقل دورے بھی ہوتے رہتے ہیں۔اب جمعیتہ علماء نے منصوبہ بنایا ہے کہ بشیر آباد منڈل کی جانب رخ کرتے ہوئے وہاں مکاتب کا منظم نظام قائم کیا جائے۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے کہا کہ فلاحی و انسانی خدمات بھی جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ہے ڈھائی سال سے غرباء میں بلاناغہ ہر ماہ ہزاروں روپیوں کی مختلف ادویات تقسیم کی جاتی ہیں نیز سینکڑوں افراد کو اپنی نگرانی میں مجتبیٰ ہیلپنگ فاؤنڈیشن کے تعاون سے حیدرآباد کے مشہور ملٹی اسپیشالیٹی دواخانوں میں نہایت رعایتی قیمتوں پر علاج کی سہولتیں مہیا کروائی جاتی ہیں۔
اس کام کو مزید وسیع کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ انسانی بنیادوں پر ہر ماہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اسپتال تانڈور کے مریضوں کی عیادت،مزاج پرسی اور دوائیوں اور پھلوں کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔اورہر سال کی طرح امسال بھی شہر تانڈور کی سلم بستیوں اور دیہاتوں میں قربانی کے گوشت کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔
لہذا اہل خیر حضرات سے اپیل کی جاتی ہیکہ اپنی قربانی کے گوشت کو حقیقی مستحقین تک پہنچانے کے لئے جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے ذمہ داران سے رابطہ قائم کریں۔