پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی کے ذریعہ وزیراعلیٰ کے سی آر ٹاؤنس اور دیہاتوں کی ترقی کے اقدامات میں مصروف
پارٹی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیں
وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا تانڈور اورمختلف مواضعات کا دؤرہ ،مختلف پروگراموں میں شرکت
وقارآباد/تانڈور:3۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا ہے کہ ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر اورحکومت تلنگانہ پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگرام کے تحت ٹاؤنس اور دیہاتوں کی ترقی کے اقدمات میں مصروف ہیں۔
وزیرتعلیم نے آج تانڈور کا دؤرہ کرتے ہوئے بلدی حلقہ 30 میں رکن بلدیہ معراج ببیگم اور ٹی آرایس قائد ایم اے نعیم افو کی قیادت میں منعقدہ ہریتا ہارم کے ساتویں مرحلہ،پٹنا پرگتی کے تیسرے مرحلہ کے پروگرام میں حصہ لیا۔
جس میں صدر نشین ضلع پریشد وقارآباد پی۔سنیتا مہندرریڈی،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈاسواپنا پریمل،نائب صدر نشین بلدیہ دیپا نرسملو اور دیگر نے بھی شرکت کرتے ہوئے پودے لگائے اور پٹنا پرگتی کے تحت خشک اور تر کچرے کو جمع کرنے کیلئے عوام میں ڈسٹ بن تقسیم کیے۔
اس موقع پر وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر نے ٹاؤنس اور دیہاتوں کو سرسبز و شاداب بنانے کی غرض سے ہریتا ہارم پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ پارٹی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہریتا ہارم پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر پودے لگائیں اور ماحول دوست صاف و شفاف ہوا کے حصول کو یقینی بنائیں کیونکہ درخت انسان کی اہم ضرورت ہوتے ہیں۔
وزیرتعلیم نے کہا کہ ریاستی حکومت پٹنا پرگتی کیلئے ماہانہ بلدیات کو 148 کروڑ اور پلے پرگتی کے تحت مواضعات کو 300 کروڑ روپئے جاری کررہی ہے انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کیلئے وزیراعلیٰ کے سی آر ریاست میں انٹی گریٹیڈ مارکیٹس کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔
وزیر تعلیم نے انکشاف کیا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی نمائندگی پر تانڈور کے رعیتو بازار میں 8کروڑ 50 لاکھ روپئے کے صرفہ سے انٹی گریٹیڈ مارکیٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کی خصوصی دلچسپی کے باعث تانڈور کو نیشنل ہائی وے سے جوڑا جارہا ہے اور اس سے قبل تانڈور میں جاری بائی پاس روڈ کے کاموں کی تکمیل ہو تو تانڈور کی ترقی میں چارچاند لگ جائیں گے۔
صدر نشین ضلع پریشد وقارآباد پی۔سنیتا مہندرریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں ریاست کی ترقی کیلئے کئی ایک اقدامات کیے جارہے ہیں رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ ، شادی مبارک ، کلیانہ لکشمی جیسی مختلف اسکیمات اور پٹنا پرگتی ، پلے پرگتی ، ہریتا ہارم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منفرد اسکیمات اور پروگرام سارے ملک میں ایک مثال ہیں۔
صدر نشین ضلع پریشد وقارآباد پی۔سنیتا مہندر ریڈی نے کہا کہ ماضی میں بلدیہ کی ترقی کیلئے ضلع پریشد سے دو کروڑ روپئے منظور کیے جاچکے ہیں انہوں نے کہا کہ ان کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے مزید فنڈس جاری کیے جائیں گے۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پٹنا پرگتی ، پلے پرگتی اور ہریتا ہارم کے ذریعہ ٹاؤنس اور دیہاتوں کی روپ ریکھا بدل رہی ہے اور اس کا سہرا وزیراعلیٰ کے سی آر کے سر بندھتا ہے۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ تانڈور کی فضائی آلودگی کے خاتمہ کیلئے منصوبہ بند اقدامات کیے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ پٹنا پرگتی کے تحت حکومت نے بلدیہ تانڈور کو دو کروڑ 75 لاکھ روپئے کا فنڈ منظور کیا ہے جس سے یہاں کے تمام بلدی حلقوں میں موجود مسائل حل کیے جائیں گے۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ ہریتاہارم پروگرام کے تحت ٹاؤن اور پارکس میں بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں گے۔
اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر چندریا ، صدر ضلع لائبرریز مرلی کرشنا ،صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک ،صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف،آرڈی او اشوک کمار کے علاوہ ارکان بلدیہ اور عہدیدار شریک تھے۔
بعدازاں وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے پلے پرگتی کے تحت یالال منڈل کے مواضعات راسنم ،اگنور،قاسم پوراوراور تانڈور منڈل کے انتارام،اینلی ، ممباپور ، کا دؤرہ کیا اور مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پرصدر نشین ضلع پریشد پی۔سنیتا مہندرریڈی،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی ، کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو اور دیگر شریک تھے۔