فروخت ہونے والے ایم ایل ایز کو پتھروں سے مارکر ختم کیا جائے
صدرتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی کا سنسنی خیز ریمارک
حیدرآباد:2۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) و رکن پارلیمان ملکاجگری ریونت ریڈی جنہیں اسی ہفتہ کل ہند کانگریس کمیٹی نے اس عہدہ کیلئے نامزد کیا ہے نے آج انتہائی سخت اور تلخ لہجہ کا استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنسنی خیز ریمارک کیا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے مقابلہ کرکے جیت کر فروخت ہونے والے ایم ایل ایز کو پتھروں سے مارکر ختم کیا جائے! اور ایسا کرنے میں وہ سب سے آگے رہیں گے۔
بات یہیں تک ختم نہیں ہوئی بلکہ ریونت ریڈی نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے محنت کرکے انہیں جتانے کے بعد بھی برسر اقتدار جماعت کے ہاتھوں فروخت ہونے والے سنیاسیوں کو شرم آنی چاہئے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ پارٹی تبدیل کرنے والے ایم ایل ایز کے خلاف اگر کارروائی نہیں کی گئی تو ضرورت پڑنے پر ریاستی اسمبلی کے اسپیکر کے خلاف کارروائی کیلئے وہ سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔
ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے ایم ایل ایز کو جانوروں کی طرح خریدا گیا ہے اور انہوں نے چیلنج کیا کہ جو ایم ایل ایز فروخت ہوئے ہیں ان میں اگر دم ہے تو اپنے عہدہ سے مستعفی ہوکر دوبارہ انتخابات کا سامنا کریں۔
ریونت ریڈی جلد ہی باقاعدہ اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے والے ہیں وہ ان دنوں کانگریس کے سینئر اور ناراض قائدین سے ملاقات میں مصروف ہیں۔
دیکھا جارہا ہے کہ ریونت ریڈی جنہیں فائر برانڈ کہا جاتا ہے کو تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت تفویض کیے جانے کے بعد سے کانگریسی قائدین، کارکنوں اور نوجوانوں میں ایک جوش پیدا ہوگیا ہے!
مانا جارہا ہے کہ ریونت ریڈی ریاست میں بکھری ہوئی کانگریس پارٹی کو یکجا کرنے میں مصروف ہیں۔ریونت ریڈی ہمیشہ اپنی تیز و طرار باتوں اور وزن دار جملوں اور محاوروں کے استعمال سے سامنے والے پر حاوی ہونے کا ہنر رکھتے ہیں۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی نے ریاست تلنگانہ دی ہے اور عوام کو سونیا گاندھی پر یقین ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کو آج بھی کانگریس پارٹی پر بھروسہ ہے اور آنے والے انتخابات عوام کے سی آر کو بہتر سبق سکھائیں گے۔
دوسری جانب رکن پارلیمان ملکاجگری ریونت ریڈی نے گزشتہ دنوں کہا کہ وہ 7 جولائی کو 1.30 بجے دن اپنے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدہ کا باقاعدہ جائزہ حاصل کریں گے۔ اس سلسلہ میں کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں واستو کی تبدیلی کے ساتھ تزئین نو کا کام جاری ہے!
انہوں نے کہا ان کی اولین ترجیح بیروزگاروں کے مسئلہ کا حل ہوگی انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لیے ان کے پاس کئی ایک منصوبے ہیں تاہم پارٹی کی منظوری کے بعد ہی وہ اس کا اعلان کریں گے۔
ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت میں زمین نہ رکھنے والے غریبوں کو فائدہ پہنچانے والی کوئی اسکیمات نہیں ہیں اور کے سی آر کی تمام اسکیمات جن کے پاس سب کچھ ہے انہی کیلئے فائدہ مند ہیں۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ ریاست میں 2018ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے 18 امیدوار کامیاب ہوئے تھے تاہم ان میں سے 12 ایم ایل ایز نے مئی 2019ء میں کانگریس چھوڑکر برسراقتدار ٹی آرایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ریونت ریڈی کا یہ سنسنی خیز بیان اسی تناظر میں ہے۔