اب حاملہ خواتین بھی لے سکتی ہیں کوویڈ ویکسین
مرکزی وزارت صحت کا اعلان
نئی دہلی : 2۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)
مرکزی وزارت صحت نے آج ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب حاملہ خواتین بھی کوویڈ ویکسین لے سکتی ہیں۔
اس سلسلہ میں مرکزی وزارت صحت نے نیشنل ٹیکنیکل اڈوائزری گروپ آن امیونائزیشن (این ٹی اے جی آئی) کی سفارش پرآج جمعہ کے روزاپنی مہر ثبت کردی ہے۔
کوویڈ ویکسین لینے کی غرض سے حاملہ خواتین کوویڈ پورٹل کے ذریعہ یا پھر اپنے قریبی کوویڈٹیکہ مرکز پر جاکر ویکسین لینے کیلئے اپنا نام درج کرواسکتی ہیں۔
حاملہ خواتین کو کوویڈ ویکسین دینے کی غرض سے رہنمایانہ خطوط ،میڈیکل آفیسرس کیلئے کونسلنگ کِٹ اور دیگر ضروری و بنیادوں اشیاء مرکزی وزارت صحت ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو روانہ کرچکی ہے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر وی کے پال نے واضح کیا تھا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے منظورہ کووی شیلڈ ، کو ویکسین ،اسپوتنک ۔وی ، موڈیرنا ویکسین میں سے کوئی بھی ویکسین حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی مائوں کیلئے محفوظ ہے۔
مرکزی وزارت صحت نے کہا ہے کہ حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی مائیں بلاء خوف و خطر اور بناء کسی اندیشوں کے کوویڈ کا ٹیکہ لے سکتے ہیں۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ پہلے کوویڈ ویکسین اپنی عمر کے 45 سال مکمل کرلینے والوں کیلئے لازمی قرار دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں اس میں حد عمر کا اضافہ کیا گیا۔
تاہم کورونا وائرس کی بڑھتی وباء کو دیکھتے ہوئے 19 اپریل کو وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں مرکزی حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا 18 سال کی تکمیل کرلینے والے نوجوانوں کو بھی یکم مئی سے کوویڈ ویکسین دی جائے۔
جبکہ اس اجلاس سے ایک دن قبل ہی سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مرکزی حکومت کو مکتوب لکھتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سب سے اہم کوویڈ ویکسین ہے اور بڑے پیمانے پر عوام کو کوویڈ ویکسین دیتے ہوئے اس وباء سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
بعد ازاں 7 جون کو قوم سے اپنے خطاب کے دؤران وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں تمام اہل شہریوں کو مفت کوویڈ ویکسین دی جائے گی۔
اس سے قبل 24 اپریل کو چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ نے اعلان کیا تھا کہ ریاست تلنگانہ کے ہر اہل شہری کو حکومت کی جانب سے مفت کوویڈ ویکسین دی جائے گی جس کے لیے 2,500 کروڑ روپئے صرف ہونگے۔