ورنگل میں وحشیانہ حملہ ،ایک ہی خاندان کے تین افراد کا بے دردانہ قتل، دو شدید زخمی ،چھوٹےبھائی کے ملوث ہونے کا شبہ!

جرائم و حادثات ریاستی خبریں

ورنگل میں وحشیانہ حملہ،ایک ہی خاندان کے تین افراد کا بے دردانہ قتل
دو نوجوان شدید زخمی،جائداد کاتنازعہ،چھوٹے بھائی کے ملوث ہونے کا شبہ!

ورنگل: یکم۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

چند انسان اور خونی رشتے درندوں کو بھی اب شرمانے اور یہ وحشی مال و دولت کے لالچ میں درندگی کی ساری حدیں پار کرنے لگے ہیں۔
ایسے ہی ایک افسوسناک واقعہ میں ایک بھائی نے اپنے بڑے بھائی،بھابھی اور بھابھی کے بھائی کو انتہائی بے دردی کے ساتھ موت کے گھات اتار دیا جبکہ بھائی کے دو بیٹوں پر بھی تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے انہیں شدید زخمی کردیا۔

آج یکم ستمبر کی صبح تین بجے تلنگانہ کے ورنگل کے ایل بی نگر علاقہ میں انجام دی گئی اس وحشیانہ واردات کی تفصیلات کے مطابق آٹورکشاء کے ذریعہ زائد از دس افراد محمد چاند پاشاہ کے مکان پہنچے اور ان کے مکان کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور تیز دھار چاقوؤں ، درانتیوں اور دیگر ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے انتہائی بے دردی کے ساتھ حالت نیند میں موجود چا ند پاشاہ 50 سالہ ، ان کی اہلیہ صابرہ بیگم 42 سالہ اور صابرہ بیگم کے بھائی خلیل احمد 40 سالہ کو موت کے گھات اتار دیا۔

جبکہ اس وحشیانہ حملہ میں چاند پاشاہ کے دو فرزندان صمد 24 سالہ اورفہد 26 سالہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں ایم جی ایم ہسپتال میں شریک کروایا گیا ہے چاند پاشاہ جانوروں کی خرید و فروخت کا کاروبارکرتے تھے۔

اس واقعہ میں بچ جانے والی چاند پاشاہ کی دختر روبینہ نے پولیس کو بتایا کہ اس حملہ میں ان کے چاچا محمد شفیع ملوث ہیں اور اس واردات کے دوران انہوں نے اپنے چاچا کے پیر پکڑکر منت سماجت کی تھی کہ وہ ان کے والدین کو چھوڑدیں۔

اس حملہ میں قتل ہونے والے صابرہ بیگم کے بھائی خلیل احمد اپنی بہن اور افراد خاندان سے ملاقات کی غرض سے آئے ہوئے تھے۔

اس واقعہ سے سارے ورنگل میں سنسنی پھیل گئی ہے۔پولیس کے مطابق اس واقعہ میں ملوث حملہ آور فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

جبکہ ایک اور اطلاع میں بتایا جارہا ہے کہ تین افراد کے اس بہیمانہ قتل میں ملوث مقتول چاند پاشاہ کے بھائی محمد شفیع اور دیگر کو تحویل میں لے کر پولیس تفتیش میں مصروف ہے!؟

بتایا جاتا ہے کہ جائداد اور ایک کروڑ روپئے کے رقمی لین دین کے معاملہ میں مقتول چاند پاشاہ اور قتل کے ملزم ان کے بھائی محمد شفیع کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا!

اس سلسلہ میں ورنگل پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے اور بعد پنچنامہ خون میں لت پت تینوں نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے