وقارآباد ضلع میں سڑک کے کنارے کھڑی لاری کو عقب سے کار کی ٹکر
دو بچے اور ایک بزرگ خاتون جاں بحق،ڈرائیور،دو بچے اور دو خواتین زخمی
وقارآباد:13۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
گزشتہ نصف شب کے قریب وقارآباد ضلع کے پوڈور منڈل میں پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں دو بچوں سمیت ایک بزرگ خاتون جاں بحق ہوگئے۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار سڑک کے کنارے کھڑی ہوئی ایک لاری کو عقب سے ٹکر دے دی۔اس کار میں سوار دیگر 5 افراد زخمی ہوگئے جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پوڈور منڈل کے موضع سومن گورتی میں موجود اسٹیل فیکٹری کے قریب گزشتہ رات دیر گئے پیش آئے اس افسوسناک حادثہ کی تفصیلات کے مطابق پرگی منڈل کے سلطان پور کا ساکن ایک خاندان اور اینکے پلی کے ساکن ان کے رشتہ دارگوم پلی سے کار کے ذریعہ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی غرض سے گوٹی موکالا موضع جارہے تھے۔اس کار میں چاربچے اور تین خواتین سوار تھیں اور ایک شخص کار چلارہا تھاکہ سامنے سے آنے والی ایک گاڑی سے بچنے کی کوشش میں کار سڑک کے کنارے کھڑی ہوئی ایک لاری کے عقب سے ٹکرا گئی۔
اس حادثہ میں کار میں سوار 9 افراد زخمی ہوگئےجنہیں حادثہ کےفوری بعد پرگی کے ہسپتال کو منتقل کیا گیاجہاں سے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈاکٹرز کی صلاح پر شدید زخمیوں کو حیدرآباد کے کیئر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
کیئر ہسپتال میں دؤران علاج ان زخمیوں سے آج صبح ظاہرہ بی (68سالہ)،محمد جاوید(12 سالہ) اور محمد عمر (6 سالہ) کی موت واقع ہوگئی ۔وہیں دیگر 6 زخمی افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔جن میں دو بچے،تین خواتین اور ڈرائیور شامل ہیں۔اس حادثہ کے باعث کار کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا۔
"ویڈیو لنک پر کلک کرکے دیکھا جاسکتا ہے”
حادثہ میں ایک ہی خاندان کےدو بچوں اور ایک بزرگ خاتون کی موت کی اطلاع کے بعد موضع سلطان پور میں افسوس و غم کی لہر دؤڑگئی ہے مہلوکین کی نعشوں کو آج حیدرآباد سے پرگی کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا اور بعد پوسٹ مارٹم تینوں نعشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔پوڈورپولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرلیا ہے اور مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔

دوسری جانب گاڑی مالکین کی شکایت ہے کہ شاہراہوں پر خراب ہونے والی مال بردار گاڑیوں کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کرنے اور رات کے اؤقات پارکنگ لائٹس آن نہ رکھنےکے باعث ایسے حادثات ہورہے ہیں۔وہیں چند غیر ذمہ دار ڈرائیورز اپنی لاریوں کو سڑک کے کنارے کھڑی کرکے سوجاتے ہیں۔عوام کا مطالبہ ہے کہ شاہراہوں پر پٹرولنگ کرنے والی پولیس ایسے غیر ذمہ دار لاری ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کرے یا پھر ایسے انتباہی بورڈز آویزاں کیے جائیں۔

