تلنگانہ میں شدید بارش کے پیش نظر کل 11 جولائی سے
تین دنوں کے لیے اسکولوں کو تعطیلات کا اعلان
حیدرآباد: 10۔جولائی(سحرنیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں مانسون سرگرم ہوگیا ہے۔ریاست کے کئی اضلاع میں اور دارالحکومت حیدرآباد میں شدید ترین بارش کا سلسلہ جاری ہےکئی اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے کل تلنگانہ میں جاری شدید بارش کے دوران تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔
اسی دؤران آج اتوار 10 جولائی کو چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی ہدایت پرمحکمہ تعلیمات کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں جاری شدید بارش کے پیش نظر ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کوکل بروز پیر 11 جولائی تا 13 جولائی (پیر،منگل اور چہارشنبہ) کو تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ تین دنوں کے دؤران ریاست میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے باعث حکومت نے احتیاطی طور پر ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے ان تین دنوں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔اور اس سلسلہ میں احکام بھی جاری کیے ہیں۔

کل چیف منسٹر نے ریاست میں جاری شدید بارش پر متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ جنگی طور پر احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ساتھ ہی چیف سکریٹری سومیش کمار کو بھی ہدایت دی تھی کہ وہ تمام متعلقہ محکمہ جات کو پیشگی طور پر حفاظتی اقدامات کرنے کیلئے الرٹ کردیں اور فوری طور پر تمام اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کریں اور بطور خاص نشیبی علاقوں میں این ڈی آر ایف اور بچاؤ عملے کو چوکنا کردیں۔
آج اتوار کو بعد سہ پہر سے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی قیادت میں حیدرآباد کے پرگتی بھون میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس جاری ہے۔جس میں گزشتہ تین دنوں سے ریاست میں جاری شدید بارش اور مزید تین دنوں تک محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید ترین بارش کی پیش قیاسی پر لائحہ عمل طئے کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں اقدامات پر غور کیا جائے گا۔اس اجلاس میں ریاستی وزرا،ریاستی چیف سیکریٹری، ارکان اسمبلی اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداران شریک ہیں۔


