ہند و پاک کا سب سے زیادہ چاہے جانے والا داکاردلیپ کمار

بین الاقوامی خبریں فلمی صفحہ

ہند و پاک کا سب سے زیادہ چاہے جانے والا اداکار دلیپ کمار

دلیپ کمار ایک انتہائی کامیاب ،قابل رشک اور بھرپور زندگی گزار گئے۔
جنہوں نے لڑکپن اور نوجوانی میں برٹش انڈیا کا وہ سنہری دؤر دیکھا جب آرٹ ، فلم ، سیاست ، سماجیات ، ادب یہاں تک کہ جغرافیہ تک میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہو رہی تھیں۔

وطن پشاور ( موجودہ پاکستان ) تھا لیکن تقسیم کے بعدبھی ہندوستان کو ہی مستقل رہائش کے لیے چنا۔ اور وقت نے ثابت کیا کہ ان کا یہ فیصلہ کس قدر درست تھا۔ میں سمجھتا ہوں یہی فیصلہ انہیں یوسف خان سے دلیپ کمار بنا گیا۔

پچاس اور ساٹھ کے دؤر میں جب فلموں کی کہانیاں راجندر سنگھ بیدی جیسے کئی بڑے ادیب لکھ رہے تھے۔ان کے لکھے مکالموں کو انتہائی سلیقہ ، شائستگی اور تمکنت دلیپ کمار کے لہجے نے عطا کی۔

اردو سے محبت کرنے والا نئی نسل کا کوئی فرد آج بھی اگر صرف فلم مغل اعظم میں ہی دلیپ کمار کے ادا کردہ مکالموں کو سن لے تو بے اختیار عش عش کر اٹھے۔

آواز کا ایسا جادو ، وہ دلنشیں لب و لہجہ ، اور اس پر ایسی جاندار اداکاری ، جس پر حقیقت کا گمان ہوتا ہو۔ یہ دلیپ کمار کا ہی خاصہ ہے۔
کئی ایک فلمیں محض ان کی اداکاری سے شاہکار کے درجے تک پہنچیں۔ پاک و ہند کا سب سے زیادہ چاہے جانے والا اداکار۔

میرا تعلق اس نسل سے ہے جس نے اپنے لڑکپن اور جوانی کا بڑا حصہ کسی ” ہیرو” کا خواب دیکھتے ہوئے گزاری ہے، جو ہماری قوم و ملت کو اس عروج پر پہنچا دے ۔ جس پر آج بعض مغربی قومیں اور ہمارا ہمسایہ چین پہنچ چکا ہے۔

وہ ” ہیرو” تو شاید میری نسل کے نوجوانوں کی قسمت میں نہیں ہے۔لیکن یہ بات بھی قابل اطمینان اور باعثِ خوشی ہے کہ ہم دلیپ کمار جیسے ” ہیرو ” کا عہد دیکھ سکے۔

جو صرف فلموں کا ہی "ہیرو” نہ تھا بلکہ حقیقی زندگی میں بھی ایک ہیرو کی طرح تھا۔ملنسار ، ہمدرد ، محبت کرنے والا ، انسان دوست،غیر متعصب، روشن خیال اور انتہائی خوبصورت شخصیت کا مالک۔

بقول احمد ندیم قاسمی ؎

کون کہتا ہے کہ موت آئی تو مر جاؤں گا
میں تو دریا ہوں سمندر میں اتر جاؤں گا

مضمون نگار : وحید قمر
فرینکفرٹ ، جرمنی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے