ہندوستان میں ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا
حیدرآباد،بنگلورو،بھوپال،پٹنہ،لکھنئو اور نیپال سے بھی عدم رویت کی اطلاع
کل بروز پیر 30 واں روزہ ہوگا،3 مئی کو عیدالفطر منائی جائے گی
حیدرآباد: 01۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
مرکزی رویت ہلال کمیٹی،صدرمجلس علماء دکن حیدرآباد کی جانب سے اعلان کیا گیاہے کہ آج 29 رمضان المبارک مطابق یکم مئی بروز اتوار ماہ شوال المکرم 1443 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔
جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس ضمن رویت ہلال ماه شوال المکرم1443 ھ زیرنگرانی حضرت مولاناسید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری محمد صدر مجلس علماء دکن آج شام خانقاه کامل مرکزی آستانہ شطار یہ دبیر پورہ میں منعقد ہوا۔
شہر حیدرآباد میں مطلع صاف تھا چاند نظر نہیں آیا۔اس کے علاوہ ملک کے اکثر مقامات سے عدم رویت کی اطلاعات ملیں۔لہذاٰ تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدرمجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 02 مئی 2022 بروز پیر 30 رمضان المبارک 1443 ھ ہوگی۔اس اجلاس میں حضرت مولانا سید شهد قبول با دشاہ قادری الشطاری،حضرت مولانا مفتی خلیل احمد،حضرت مولانا سیدمحسن ابرا نیم مینی سجاد پاشاہ قادری،حضرت مولانا سیدمحمود با دشاه قادری زرین کلا و حضرت مولاناسید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ ، حضرت مولانا ڈاکٹرسید علی حسینی قادری علی یا شاہ ہموار نامشہوداحمد ( جامعہ نظامیہ ) اور جناب قاضی سید نوراللہ فاروق عارفی نے شرکت کی ۔
اسی طرح ملک کے مختلف ریاستوں سے بھی چاند نظر نہ آنے کی اطلاعات ہیں اور وہاں کی رویت ہلال کمیٹیوں نے بھی بیان جاری کیا ہے کہ ان ریاستوں میں بھی ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔لہذا 3 مئی کو عیدلفطر منائی جائے گی۔
مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے بھی اعلان کیا ہے کہ لکھنو میں ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔لہذا کل 2 مئی کو 30 واں روزہ رکھا جائے گا اور 3 مئی بروز منگل کو عیدالفطر ہوگی۔
رویت ہلال کمیٹی بنگلورو کرناٹک نے بھی اعلان کیا ہے کہ آج ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا لہذا 3 مئی بروز منگل کو عیدالفطر ہوگی۔بھوپال،مدھیہ پردیش اور مہاراشٹرا کے علاوہ دیگر ریاستوں کی رویت ہلال کمیٹیوں کی جانب سے بھی عدم رویت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کانپور کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ آج وہاں بھی ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی تادم تحریر کوئی معتبر شہادت ہی موصول ہوئی ہے۔اس لیے علما کرام کی نشست کے بعد صدر مجلس حضرت مولانا مفتی اقبال احمد قاسمی،صدر مرکزی رویت ہلا کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم شول المکرم(عیدالفطر) 3 مئی بروز منگل ہوگی۔
وہیں مرکزی ادارہ شرعیہ ،سلطان گنج، پٹنہ، بہار کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں مفتی حسن رضا نوری صدر مفتی مرکزی ادارہ شرعیہ، پٹنہ بہار مطلع کرتے ہیں کہ 29 رمضان المبارک 1443 ہجری،مطابق یکم مئی 2022،بروز اتوار پٹنہ اور اس کے مضافات میں ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا اس لیے 30 کی رویت کا اعتبار کرتے ہوئے 3 مئی 2022ء، بروز منگل کو عیدالفطر ہے۔
مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ اور جھارکھنڈ،پھلواری شریف ، پٹنہ کی جانب سے بھی عدم رویت کی اطلاع پر مشتمل پریس نوٹ جاری کیا گیا ہے۔
پڑوسی ملک نیپال کے دارالافتاء و القضاء،نیپالی جامع مسجد کھٹمنڈو کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ ملک نیپال میں آج کہیں بھی ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔اور نہ ہی پڑوسی ممالک سے چاند کی رویت کی کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے۔اس لیے کل بروز پیر 2 مئی کو 30 رمضان المبارک اور بروز منگل 3 مئی کو عیدالفطر منائی جائے گی۔

