تلنگانہ میں دس روزہ لاک ڈاؤن کے دؤران پابندیاں اور اجازت،مکمل تفصیلات
حیدرآباد:11۔مئی(یحییٰ خان/سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں کل بروز چہارشنبہ 12 مئی سے دس روزہ مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا ریاستی حکومت نے آج چیف منسٹر کے۔ چندرا شیکھرراؤ کی قیادت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے۔
اس لاک ڈاؤن کے دؤران روزآنہ صبح 6 بجے تا 10بجے دن صرف چار گھنٹوں کیلئے چھوٹ دی جائے گی تاکہ عوام اور دُکاندار بلاءروک ٹوک بشمول تمام اشیائے ضروریہ اور دیگر ضروری چیزوں کی خرید و فروخت کرلیں اس کے بعد ریاست میں ماباقی 20 گھنٹوں تک مکمل طورپرلاک ڈاؤن نافذرہے گا۔
ریاستی کابینہ میں اس لاک ڈاؤن کے دؤران عائد کی جانے والی پابندیوں اور اجازت سے متعلق جو فیصلے کیے گئے ہیں ان کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
– اس لاک ڈاؤن کے دؤران دس بجے دن تک ریاست میں آرٹی سی بسوں اور حیدرآبادمیں میٹرو ٹرین چلانے کی اجازت دی ہے۔
– پہلے اجازت حاصل کرتے ہوئے انجام دی جانے شادیوں میں 40افرادکو شرکت کی اجازت ہوگی۔
– 20 افراد کی موجودگی میں تدفین و آخری رسومات کی اجازت رہے گی۔
۔ روزآنہ صبح دس بجے تک عام دنوں کی طرح ہی تمام قسم کے کاروبار کی اجازت ہوگی جس میں غذاء، کرانہ اشیاء ، پھل ، ترکاری، گوشت اور مچھلی کا کاروبار بھی شامل ہے۔
۔دودھ اور اس سے متلعق دیگر اشیاء کی فروخت کی اجازت ہوگی۔
۔ اشیائے ضروریہ اور دیگر اشیاء کی ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔
۔ بینکس،انشورنس دفاتر اور اے ٹی ایم سنٹرس حسب معمول خدمات انجام دیں گے۔
۔ سینما ہالس ، کلبس، جِمس ،سوئمنگ پولس ،امیوزمنٹ پارکس ،اسپورٹس اسٹیڈیمس بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
۔ اسکولس ، کالجس ، کوچنگ سنٹرس ، دیگر تعلیمی ادارے بند ہی رہیں گے۔
۔ ہوٹلس ، ریسٹورنٹس بند رہیں گے۔
۔ گاڑیوں کے ذریعہ پارسل سرویس کی سربراہی یا پارسل سرویس کی اجازت نہیں ہوگی۔
– شعبہ طب سے وابستہ فارما سیوٹیکل کمپنیوں ،طبی ساز وسامان اوردیگر اشیاء تیارکرنے والی کمپنیوں،میڈیکل ڈسٹریبوٹرس ،میڈیکل شاپس ، تمام اقسام کی طبی سہولتوں،سرکاری اور خانگی ہسپتالوں ، انکے عملہ اور ملازمین کیلئے پولیس کی جانب خصوصی اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔
۔ سماجی ، سیاسی ، کھیل کود، انٹرٹینمیٹ،تعلیمی ، کلچرل ، مذہبی اجتماعات،اور دیگر اجتماعات کیساتھ ساتھ بڑی تعداد میں کہیں بھی مجمع کی اجازت نہیں ہوگی۔
۔ تمام مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کو عوام کیلئے بند رکھا جائے گا۔
۔ ٹیلی کمیونیکیشن، انٹرنیٹ سرویس ، براڈ کاسٹنگ اور کینل سرویس کی خدمات جوں کی توں جاری رہیں گی۔
۔ شہروں، ٹاؤنس اور مواضعات میں آبی سربراہی، صاف صفائی کے کام حسب معمول انجام دئیے جائیں گے۔
۔ برقی پیداوار، برقی سربراہی اور اس سے ملحقہ تمام خدمات جوں کی توں جاری رہیں گی۔
۔ قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت جوں تک توں جاری رہے گی۔
۔ قومی شاہراہوں پر موجود پٹرول اور ڈیزل پمپ کھلے رہیں گے۔
۔ کولڈ اسٹوریج اور ویئر ہوزنگ خدمات اس لاک ڈاون کے دؤران کام کریں گے۔
۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کوحسب معمول اپنی خدمات انجام دینے کی اجازت رہے گی۔
۔ قومی ضامن روزگار اسکیم کے تحت کام جوں کے توں جاری رہیں گے۔
۔ سرکاری دفاتر 33 فیصد عملہ کیساتھ خدمات انجام دیں گے۔
۔ گزشتہ لاک ڈاؤن کی طرح بینکس اور اے ٹی ایم سنٹرس حسب معمول کام کریں گے۔
۔ صبح 6 بجے تا 10 دن تمام راشن شاپس کھلی رکھی جائیں گی۔
۔ پکوان گیس کی فلنگ اور سربراہی حسب معمول جاری رہے گی۔
۔ شعبہ زراعت اور اس سے منسلک تما م سرگرمیوں کی اجازت ہوگی جن میں زرعی سازوسامان کی فروخت،مرمت،رائس ملس حمل ونقل، فرٹیلائزرس ، بیجوں کی تیاری و فروخت کو اس لاک ڈاؤن سے باہر رکھا گیا ہے۔
۔ دھان خرید ی مراکز پر حسب معمول کسانو ں سے دھان خریدا جائے گا۔
ریاستی کابینہ میں آج لیے گئے ان فیصلوں پر عوام کی جانب سے تمام کوویڈ پروٹوکال پر عمل آوری لازمی طورپر کرنی ہوگی اور اس کے لیے ریاستی ڈی جی پی کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ تمام کوویڈ اُصول وضوابط پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔