تلنگانہ میں تعلیمی سال 2021-22 کا کیلنڈر جاری ،امتحانات اور تعطیلات کی تفصیلات

ریاستی خبریں

تلنگانہ میں تعلیمی سال 2021-22ء کا کیلنڈر جاری
امتحانات اور تعطیلات کی تفصیلات

حیدرآباد:04۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں کوویڈ وباء کے باعث 17 ماہ بعد یکم ستمبر سے دوبارہ تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی ادارے کھول دئیے گئے ہیں تاہم ریاستی ہائی کورٹ کی جانب سے ایک ہفتہ کے اسٹے کے باعث ریاست میں ریسیڈنشیل اسکولس ، گروکل اسکولس ، اقامتی اسکولس بند ہی رکھے گئے ہیں۔

اس سلسلہ میں آج تلنگانہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاریہ تعلیمی سال کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیمات سندیپ کمار سلطانیہ نے جاریہ تعلیمی سال 2021-2022 کے لیے تعلیمی کیلنڈر جاری کیا۔

اس تعلیمی سال کا آخری تعلیمی دن 23 اپریل 2022ء بروز ہفتہ ہوگا۔

جاریہ تعلیمی سال کے دؤران جملہ ریاست تلنگانہ میں 213 دن تمام سرکاری اور خانگی اسکولس کارکرد رہیں گے ان میں یکم جولائی تا 31 اگست 47 دنوں تک چلائی گئیں آن کلاسیس کو بھی شمار کیا گیا ہے۔اس طرح ریاست میں اب مزید 166 دنوں تک تعلیمی ادارے کارکرد رہیں گے۔

ریاستی محکمہ تعلیمات کی جانب سے آج جاری کیے گئے اس تعلیمی سال کے کیلنڈر کے مطابق دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات ماہِ مارچ 2022ء کے اختتام میں منعقد کیے جائیں گے۔ اور اس کے لیے بروز پیر 10 جنوری 2022ء تک تعلیمی نصاب مکمل کرلیا جائے گا۔

جبکہ بروز پیر 28 فروری 2022ء تک پری فائنل امتحانات مکمل کرتے ہوئے سالانہ امتحانات کے لیے طلبہ کو تیار کیا جائے گا۔

وہیں ماہ اپریل 2022ء کے اختتام تک نویں جماعت تک کی کلاسیس کے امتحانات مکمل کرلیے جائیں گے۔

File Photo

اسی طرح بروز اتوار 24 اپریل 2022ء سے 12 جون بروز اتوار تک ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کو گرمائی تعطیلات رہیں گی۔

محکمہ تعلیمات کی جانب سے جاری کردہ اس تعلیمی کیلنڈر کے مطابق

٭٭ تعلیمی اداروں کو بروز چہارشنبہ 6 اکتوبر 2021ء سے 17 اکتوبر بروز اتوار تک 12 دنوں کے لیے دسہرہ کی تعطیلات ہوں گی۔

٭٭ جبکہ بروز چہارشنبہ 22 ڈسمبر 2021ء سے بروز منگل 28 ڈسمبر تک 7 دنوں کی کرسمس کی تعطیلات ہوں گی۔

٭٭ وہیں ریاست تلنگانہ میں 11 جنوری 2022ء بروز منگل تا 16 جنوری بروز اتوار تک سنکرانتی کی 6 دنوں تک تعطیلات رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے