اقتدار پر آنے کے بعد پہلا کام وقارآباد ضلع کا نام اننت گیری ضلع کریں گے
وقارآباد میں اپنی پرجاسنگراما یاترا سے تلنگانہ بی جے پی صدر و ایم پی بنڈی سنجے کمار کا خطاب
وقارآباد:04۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان حلقہ کریم نگر بنڈی سنجے کمار نے اعلان کیا ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے اقتدار حاصل کرنے کے پہلے دن ہی ضلع وقارآباد کا نام تبدیل کرتے ہوئے اسے اننت گیری ضلع کردیا جائے گا۔
بنڈی سنجے کمار جو حیدرآباد سے حضورآباد تک پرجا سنگراما یاترا پر ہیں آج اپنی یاترا کے آٹھویں دن وقارآبا دپہنچے۔اس یاترا سے اظہار یگانگت کی غرض سے سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویز بھی وقارآباد پہنچے اور اس پدیاترا میں شرکت کی۔
بعدازاں وقارآباد کے بی جے آر چوراہا پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے کمار نے چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے دور حکومت میں ریاست میں تمام طبقات بالخصوص کسان بہت پریشان ہیں۔
تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ بی جے پی ٹی آرایس پارٹی سے کوئی انتخابی مفاہمت نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ کانگریس، ایم آئی ایم اور تلگودیشم ٹی آر ایس سے انتخابی مفاہمت رکھتے ہیں بی جے پی نہیں۔
بنڈی سنجے کمار نے الزام عائد کیا کہ رعیتو بندھو اسکیم کے نام پر کسانوں کی مختلف اسکیمات کو ختم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں الیکشن ہوگا وہیں رعیتو بندھو اسکیم پر عمل ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات پر چیف منسٹر کے سی آر جواب دیں۔
صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں بی جے پی کے اقتدار پر آنے کے بعد ہی کسانوں کے مسائل ہوں گے۔
اور ساتھ ہی انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حضورآباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کامیابی حاصل کرے گی انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹرکے۔چندراشیکھر راؤ نے ضمنی انتخابات میں فائدہ کی غرض سے دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا ہے۔
جبکہ سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویز نے کسانوں کے ساتھ منعقدہ رچہ بنڈہ پروگرام کے دوران کسانوں سے بات کرتے ہوئے کہا بنڈی سنجے کی یہ پدیاترا تلنگانہ میں تبدیلی لائے گی انہوں نے دعویٰ کیا کہ کسانوں کے مسائل سے واقفیت کے لیے ہی بنڈی سنجے یہ پدیاترا کررہے ہیں۔
صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے کمار نے جلسہ سے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پولیس اکیڈیمی سے وقارآباد تک سڑک کے لیے بچھانے/توسیع کرنے کے لیے مرکزی حکومت تیار ہے لیکن ریاستی حکومت اراضی حاصل کرکے دینے میں سر د مہری کا مظاہرہ کررہی ہے۔
بنڈی سنجے کمارنے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے وقارآباد ضلع کو بڑی تعداد میں فنڈ دیا گیا ہے انہوں نے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ وقارآباد اسمبلی حلقہ کی ترقی کے لیے مرکزی حکومت نے 387 کروڑ 93 لاکھ روپئے دئیے ہیں جبکہ پورے ضلع اور مواضعات کی ترقی کے لیے 1240 کروڑ 79لاکھ روپئے دئیے گئے ہیں۔
صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے کمارنے کہا کہ وقارآباد بلدیہ کی ترقی کے لیے 22 کروڑ 36 لاکھ روپئے،کوڑنگل، تانڈور اور پرگی کی بلدیات کی ترقی کے لیے 41 کروڑ 29 لاکھ روپئے دئیے گئے۔
بنڈی سنجے کمار صدر تلنگانہ بی جے پی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع وقارآباد کے ایک لاکھ،35ہزار،895 کسانوں کو پی ایم کسان سمان ندھی کے تحت 244 کروڑ،61لاکھ،دس ہزار روپئے جاری کیے گئے جبکہ بیج اور دیگر زرعی اشیاء کی خریدی کے لیے 4 کروڑ 12 لاکھ روپئے جاری کیے گئے۔
بنڈی سنجے کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ اُجوالا اسکیم کے تحت ضلع وقارآباد کے 51 لاکھ 405 افراد کو مفت گیس کنکشن دئیے گئے ہیں وہیں ضلع وقارآبا د کوپردھان منتری سڑک یوجنا کے تحت 56 کروڑ 63 لاکھ روپئے جاری کیے گئے ہیں۔
صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار کے اس جلسہ میں عوام کی کثیر تعداد دیکھی گئی جس میں سابق وزیر اے۔چندراشیکھر،ریاستی سیکریٹری بی جے پی ڈی کے ارونا کے علاوہ دیگر بی جے پی قائدین شریک تھے۔