پٹرولیم اشیاء کی مہنگائی سے عوامی اعتماد سے محروم بی جے پی، ٹی آرایس کیخلاف جھوٹے پروپگنڈہ میں مصروف
تانڈور میں حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی کے ضمن میں اجلاس سے وزراء ہریش راؤ،سبیتا ریڈی اور دیگر کا خطاب
تانڈور۔4۔مارچ (سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے کہا ہے کہ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس پر مختلف محصولات عائد کرتے ہوئے ان کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے بعد عوامی برہمی کا سامنا کرنے والی اور عوامی اعتماد سے محروم بی جے پی پارٹی اور اسکے قائدین ریاست میں ٹی آرایس پارٹی کیخلاف قدم قدم پرجھوٹا پروپگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں۔

وزیر فینانس یہاں کے آریا ویشیاء کلیانہ منڈپم میں ٹی آر ایس پارٹی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اس سے قبل واسوی کلیانہ منڈپم میں حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی حیدرآباد ، محبوب نگر، رنگاریڈی کے ہونے والے انتخابات کے پیش نظر منعقدہ اجلاس سے بھی ہریش راؤ نے خطاب کیا جس میں ریاستی وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی ، رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی ، امیدوارحلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی حیدرآباد ، محبوب نگر رنگاریڈی و دختر سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤسرابھی وانی دیوی، رکن قانون سا ز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی ڈاکٹر پی۔ مہندر ریڈی ، رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کے علاوہ دیگر شریک تھے۔

اس اجلاس میں موجود وکلاء ، خانگی ٹیچرس ، تعلیمی اداروں کے ذمہ داران، آرایم پی ڈاکٹرس کے اس اجلاس سے اپنے خطاب میں ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ٹی آرایس حکومت نے وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کی غرض سے 25؍کروڑ روپئے مختص کیے اور ساتھ ہی کورونا وائرس کی وباء کے دؤران بھی فنڈس جاری کیے گئے اسی طرح تعلیمی اداروں کو بھی کئی ایک فوائد دئیے گئے وہیں آرایم پی ڈاکٹرس کو شناخت دینے کی غرض سے کئی ایک اقدامات کیے گئے انہوں نے تمام سے اپیل کی کہ ٹی آرایس امیدوارحلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی حیدرآباد ، محبوب نگر رنگاریڈی و دختر سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ سرابھی وانی دیوی کی کامیابی میں تعاون کیا جائے۔

بعد ازاں آریا ویشیا کلیانہ منڈپم میں ٹی آرایس پارٹی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بی جے پی عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے انہوں نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ اگر بی جے پی قائدین ریاست تلنگانہ کی ترقی اور اسکیمات کے متعلق سوال کریں تو تانڈور کی سرحد پر موجود ریاست کرناٹک کے چنچولی اسمبلی حلقہ کو انہیں لے جاکر انہیں دونوں ریاستوں کی ترقی اور اسکیمات سے واقف کروایا جائے اور انکے ساتھ ساتھ عوام کو بھی بتایا جائے کہ بین الاقوامی سطح پر کروڈ آئیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں بی جے پی پٹرول ، گیس اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرتے ہوئے عوام کو مشکلات کا شکار بنارہی ہے۔

ہریش راؤ نے پارٹی کارکنوں اور قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ خاتون رائے دہندگان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں واقف کروایا جائے کہ اندرون ایک سال بی جے پی حکومت کی جانب سے فی پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں 260 ؍ اضافہ کیا گیا ہے تو پھر بی جے پی کو ووٹ کیوں دیا جائے ؟ ہریش راؤ نے مقامی پارٹی قائدین اور کارکنوں کو تاکید کی کہ حلقہ اسمبلی تانڈور میں جملہ 6,137؍گرائجویٹ ووٹ موجود ہیں اور ان میں سے 5,000؍ووٹ ٹی آرایس امیدوار کے حق میں استعمال ہوں اسکے لیے ذمہ داری کیساتھ رائے دہندوں سے ملاقات کریں ۔انہوں نے کہا کہ ایک ایک ووٹ قیمتی ہے اس کے لیے سخت محنت کریں۔

وزیر فینانس نے کہا کہ ان انتخابات میں سوائے بی جے پی کے کانگریس اورٹی ڈی پی مقابلہ میں نہیں ہیں انہوں نے ریمارک کیا کہ کانگریس کا وجود نہ دلی میں ہے اور نہ گلی میں ہے۔موجودہ بی جے پی ایم ایل سی و ایم ایل سی امیدوارحلقہ گرائجویٹ حیدرآباد ، محبوب نگر ، رنگاریڈی رام چندرا راؤ کے متعلق وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انہیں اس نشست سے کوئی خاص دلچسپی نہیں ہے کیونکہ انہوں نے ایم ایل سی رہتے ہوئے بھی ملکاجگیری سے بحیثیت ایم پی اور ایم ایل اے مقابلہ کرتے ہوئے شکست کا منہ دیکھا ہے اور پیش قیاسی کی کہ اب ان ایم ایل سی انتخابات میں بھی شکست کے بعد وہ شکست کے معاملہ میں "ہیٹ ترک” ـ کی تکمیل کریں گے۔
وزیر فینانس نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی صرف ٹی آرایس پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہے انہوں نے اعلان کیا کہ آنیوا لے دنوں میں تانڈور اور پرگی اسمبلی حلقہ جات کو کرشناندی کا پانی زرعی اور گھریلو اغراض کیلئے سربراہ کیا جائے گا۔
وزیرتعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے پارٹی کارکنوں کے اس اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کورونا وباء کے دوران تعلیمی اداروں کو بھی راحت دینے کے اقدامات کیے گئے تھے انہوں نے بی جے پی قائدین پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بلند بانگ دعووں کے باوجود وہ اپنی مرکزی قیادت سے نمائندگی کے زریعہ آج تک وقارآباد ضلع کو چارمینار زون میں شامل کروانے میں ناکا م ہی رہے ہیں۔

ٹی آرایس امیدوارحلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی حیدرآباد ، محبوب نگر رنگاریڈی و دختر سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ سرابھی وانی دیوی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شعبہ تعلیم کا مکمل تجربہ حاصل ہے اور بچپن سے ہی وہ اپنے والد پی وی نرسمہا راؤ کے نقش قدم پر چلتی آئی ہیں اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ہی وہ مقابلہ کررہی ہیں اس اجلاس سے ، رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی ، رکن قانون سا ز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی ڈاکٹر پی۔ مہندر ریڈی ، رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس اجلاس میں پریادا کرشنا مورتی ، ناگیندرگوڑ ، صدرنشین بلدیہ سواپنا پریمل ،و نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملو ،صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف، صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک ، پارٹی قائدین ایم اے نعیم افو ، محمد عرفان ، سید مسعود احمد ،فلورلیڈر بلدیہ شوبھا رانی ، ارکان بلدیہ عبدالرزاق ،مختار احمد ناز، وجیہ دیوی ، محمد اسلم ،رامو ، بویا روی ،ایم اے سلیم ،منموہن سارڈا ، انورادھا ، پریملا ،ویرامنی ، رنگاراو، سنتوش گوڑ اور دیگر قائدین شریک تھے۔
