حیدرآباد : ناگول کے فلائی اوور بریج کا ریاستی وزیر کے ٹی آر کے ہاتھوں افتتاح، 16 فلائی اوورس کی تعمیر ایک ریکارڈ، مزید دو کا جلد آغاز

ریاستی خبریں

حیدرآباد : ناگول کے فلائی اوور بریج کا ریاستی وزیر کے ٹی آر کے ہاتھوں افتتاح
اب تک 16 فلائی اوورس کی تعمیر ایک ریکارڈ، مزید دو فلائی اوورس کا جلد آغاز

حیدرآباد: 26۔اکتوبر(سحر نیوز ڈاٹ کام)

تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم و نسق ،آئی ٹی و صنعت کے۔تارک راماراؤ (کے ٹی آر ) نے آج ناگول فلائی اوور بریج کا افتتاح انجام دیا۔افتتاح کے بعد ریاستی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناگول فلائی اوور بریج کی تعمیر،زمینات کےمعاوضہ کی ادائیگی کو ملاکراس فلائی اوور بریج کی تعمیر پر جملہ 143.58 کروڑ کا خرچ ہواہے۔ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ اس بریج کی لمبائی 990 میٹر ہے اوریہ بریج 6 لائن کاحامل ہے۔

ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق،آئی ٹی و صنعت کے۔تارک راماراؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ” اسٹریٹجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام”(ایس آر ڈی پی SRDP# )کے تحت جملہ 47 مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا تھا۔ان میں اب تک 31 کاموں کی تکمیل کرلی گئی ہے.مزید 16 ترقیاتی و تعمیراتی کام سرعت کے ساتھ جاری ہیں۔

حیدرآباد میں تعمیر کردہ فلائی اوورز بشمول ناگول فلائی اوور،انڈر بریجیس کا دن اور رات میں لیا گیا دلکش ڈرون ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "

ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہاکہ تکمیل شدہ کاموں میں 15 فلائی اوور بریج بھی شامل ہیں جن کا افتتاح عمل میں آچکا ہے۔اور آج افتتاح کیا گیا ناگول فلائی اوور بریج 16 واں فلائی اوور بریج ہے۔

ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہاکہ حیدرآباد میں موجود ٹریفک مسائل اور شہر کی ترقی و توسیع کودیکھتے ہوئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی غرض سے ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے دور اندیشی کا مظاہر کرتے ہوئے 2015 میں اسٹریٹجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام (ایس آر ڈی پی SRDP) کا قیام عمل میں لاتے ہوئے پہلے مرحلہ کے تحت 47 مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا۔اور اس کے لیے وزیراعلیٰ کے سی آر نے 8,52,92 ہزار کروڑ روپئے مختص کیے۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں داخل ہونے کے لیے یہ راستہ بہت اہم اور زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ساتھ ہی ریاستی وزیر نے کہا کہ فلائی اوور بریجس کی تعمیر کا سلسلہ یہیں نہیں رکے گا۔انہوں نےکہاکہ مادھا پور اور گچی باؤلی میں ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کی غرض سے زیر تعمیر دو فلائی اوور بریج کا بھی جلد ہی افتتاح انجام دیا جائے گا۔جن میں سے ایک کوتہ گوڑہ فلائی اوور اور دوسرا شلپا لے آؤٹ فلائی اوور بریج شامل ہے۔اور ان دونوں فلائی اوور بریجس کی تعمیر جلد ہی مکمل کی جارہی ہے اور ماہ ڈسمبر تک ان دونوں فلائی اوور بریج کےآغاز کو عہدیدار یقینی بنارہے ہیں۔ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے حیدرآباد دن بہ دن ترقی کی سمت گامزن ہے ۔

اس تقریب افتتاح میں ایل بی نگر رکن اسمبلی دیورریڈی سنیل ریڈی،وزیر لیبر ملاریڈی،رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی،مئیر گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن گدوال وجئے لکشمی، ارکان قانون ساز کونسل کےکے ملیشم،بوگارم دیانند،کاٹ پلی جناردھن، چیئرمین تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اوپلا سرینواس گپتا،ڈپٹی مئیر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن ارونا سریندرکے علاوہ کارپوریٹرس ، پارٹی قائدین اور دیگر شریک تھے۔

یاد رہے کہ ایل بی نگر جنکشن کے قریب انڈر پاس اور اندرونی رنگ روڈ کی تعمیر کے بعد ٹریفک کے بہاؤ کا مسئلہ حل ہوا ہے۔آج افتتاح کے بعد اس ناگول فلائی اوور بریج سے ٹریفک کا بہت بڑا مسئلہ حل ہوگا۔اُپل سے ایل بی نگر تک یہ 6 لائن والا فلائی اوور بریج ٹریفک سگنل سے آزاد ہوگا۔شمس آبادانٹرنیشنل ایرپورٹ سے براہ آرام گھر،ایل بی نگر اُپل تک اوروہاں سےدیگر مقامات تک روانگی میں سہولت حاصل ہوجائے گی۔

ریاستی وزیر کے ٹی آر کا خطاب، 11 منٹ کا ویڈیو "

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے