ہندوستان کی کرنسی نوٹوں پرلکشمی اور گنیش کی تصاویر شامل کریں: چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال کا مطالبہ

ہندوستان کی کرنسی نوٹوں پر لکشمی اور گنیش کی تصاویر شامل کریں
چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال کا مرکزی حکومت سے مطالبہ

نئی دہلی: 26۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

"ملک کی کرنسی پر ہندو دیوتاؤں لکشمی اور گنیش کی تصاویر شائع کی جائیں۔”یہ مطالبہ کسی بی جے پی کے چیف منسٹر یا بی جے پی ، آرایس ایس کےلیڈر نےنہیں بلکہ ملک کے دارالحکومت دہلی کے چیف منسٹر اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت سے کیا ہے۔

آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دؤران اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کی معیشت کو پٹری پر لانے کے لیے ہندو دیوتاؤں لکشمی اور گنیش کی تصویر شامل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ موجودہ کرنسی پر موجود گاندھی جی کی تصویر ہٹائی جائےبلکہ ہرماہ جو کرنسی شائع کی جاتی ہے ان پر آہستہ آہستہ لکشمی اور گنیش کی تصویر شائع کی جائیں۔چند سال میں یہ کرنسی عام ہوجائے گی۔

چیف منسٹر اروند کیجریوال جو کانگریس حکومت کے دؤران اناہزارے کی تحریک کی پیداوار ہیں جس میں شامل کئی بڑے چہرے بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں نےمسلم ملک انڈونیشیا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ہندو دو فیصد ہیں لیکن وہاں کی کرنسی پر گنیش کی تصویر شائع کی جاتی ہے۔

اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں "خوشحالی” لانے کے لیے کرنسی نوٹوں پر ہندو دیوتاوں لکشمی اور گنیش کی تصاویر کے ساتھ مہاتما گاندھی کی تصویریں شامل کرے۔

جب ان سے میڈیا نے پوچھا کہ اچانک انہیں یہ خیال کیسے آیا تو چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال نے کہا کہ یہ ان کے ذہن میں اس وقت آیا جب وہ اپنے گھر پر دیوالی کی پوجا کر رہے تھے۔

چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال نے کہاکہ ہم سب دیکھ رہے ہیں کہ ہماری معیشت ٹھیک نہیں ہورہی ہے۔ ہم سب چاہتے ہیں کہ ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بنے اوراس کےلیےبہت کام کرنےکی ضرورت ہے۔لیکن تمام کوششیں تب ہی کامیاب ہوں گی جب ہم پر دیوی دیوتاؤں کا کرم ہوگا۔

اروند کیجریوال نے کہا کہ دونوں دیوتا دولت اور خوشحالی سے وابستہ تھے۔انہوں نے سوال کیا کہ جب مسلم ملک انڈونیشیا اپنی کرنسی پر گنیش کی تصویر شائع کرسکتا ہے تو ہم کیوں نہیں کرسکتے۔؟

چیف منسٹر دہلی و عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کیجریوال نے کہ کہ وہ جلد ہی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنی درخواست کے ساتھ خط لکھیں گے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا یہ عام آدمی پارٹی کی حکمت عملی ہےکہ ہندوتوا کی پیروی کی جائے اور کیا لوگ اسے ہندوتوا پارٹی کہیں گے،؟ تو اروند کیجریوال نے کہا”لوگ کچھ بھی کہیں گے۔بولنے دو جو بولنا ہے”۔

قابل غور بات یہاں یہ بھی ہے کہ دہلی اور پنجاب جہاں عام آدمی کی حکومت ہے کے سرکاری دفاتر اور خود چیف منسٹرز کے دفاتر سے بابائے قوم مہاتماگاندھی کی تصویر غائب کرتے ہوئےصرف معمار دستور ڈاکٹر باباصاحب بھیم راؤ امبیڈکر اور مجاہد آزادی بھگت سنگھ کی تصاویر ہی آویزاں کی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ چند دن قبل ہندو مہاسبھا کے ایک لیڈر نے مطالبہ کیا تھا کہ ہندوستانی کرنسی پر سبھاش چندرا بوس کی تصویر شائع کی جائے