تلنگانہ : سدی پیٹ کے ایک اے ٹی ایم سنٹر میں ایک ہزار روپئے نکالنے پر
دو ہزار روپئے برآمد،سینکڑوں کھاتہ داروں نے قطار لگاکر رقم نکال لی
بینک عہدیدار رقم کی ریکوری میں مصروف
حیدرآباد:25۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ کے سدی پیٹ کے ایک اے ٹی ایم سنٹر پر بینک کھاتہ دار اس وقت خوش اور حیران بھی ہوگئے جب انہوں نے اس اے ٹی ایم سنٹر سے ایک ہزار روپئے نکالنے کی کوشش کی تو دو ہزار روپئے نکل آئے۔ایک بار اس کو اتفاقی غلطی مان کر دوبارہ ایک ہزار روپئے نکالنے کی کوشش کی گئی تو دوبارہ اے ٹی ایم مشین نے ایک ہزار کے بجائے دو ہزار روپئے ہی دئیے۔
تفصیلات کے مطابق سدی پیٹ میں موجود بینک آف انڈیا BOI#کے ایک اے ٹیم سنٹر پر کھاتہ دار نے اپنا اے ٹی ایم کارڈ لگاکر رقم کی جگہ پر ایک ہزار روپئے کردیا۔لیکن یہ کھاتہ دار اس وقت خوش بھی اور حیران بھی ہوگیاجب اس اے ٹی ایم مشین سے ایک ہزار روپئے کے بجائے دو ہزار روپئے نکل آئے۔
اس بات کی اطلاع پر کئی کھاتہ دار اس اے ٹی ایم سنٹر پر پہنچ گئے۔اور اس اے ٹی ایم سنٹر کے باہر رقم نکالنے کے لیے قطار لگ گئی کہ جیسے بینک کی جانب سے دیوالی آفر دیا جارہا ہو کہ ایک ہزار روپئے نکالنے پر ایک ہزار فری۔!! اس وقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق کئی بینک کھاتہ داروں نے اسی طرز پر ایک ہزار کا بٹن دباکر دو ہزار روپئے نکال لیے۔یہ بات پورے شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل کر بینک کے عہدیداروں تک پہنچی تو بینک عہدیدار فوری اس اےٹی ایم سنٹر پہنچ گئے۔اور اے ٹی ایم سنٹر کو بند کردیا۔
اس موقع پر بینک عہدیداروں نے بتایا کہ ایسے واقعات کم ہی پیش آتے ہیں جب مطلوبہ رقم سے کم یا زائد رقم اے ٹی ایم مشین سے نکلتی ہے۔اور یہ ایک تیکنیکی غلطی ہے۔
جہاں بینک کے کھاتہ دار بونس یا آفر سمجھ کر ایک ہزار کا بٹن دباکر دو ہزار روپئےلے کر نکل گئے اب بینک عہدیدار ان سے اس رقم کی کس طرح واپسی ہو اس پر غور کررہے ہیں۔کیونکہ مختلف بینکوں کے کھاتہ داروں نے اس اے ٹی ایم مشین سے ہزار کا بٹن دباکر دو ہزار روپئے لے کر چلتے بنے۔
ممکن ہےکہ جن کھاتہ داروں نےاس اے ٹی ایم مشین سے رقم نکالی تھی ان کی با آسانی نشاندہی اور ان تمام سے ان کے اپنے اپنے بینک کے ذریعہ یہ رقم دوبارہ ریکوری کی جائے گی۔!!