تلنگانہ میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 30 جنوری تک توسیع، جی او جاری، ریاستی کابینہ کا اہم اجلاس کل، نائٹ کرفیو کے نفاذ پر غور ممکن !

تلنگانہ میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 30 جنوری تک توسیع،جی او جاری
ریاستی کابینہ کا اہم اجلاس کل،نائٹ کرفیو کے نفاذ پر غور ممکن!!
مزیدسخت پابندیاں عائد کرنے حکومت کی تیاریاں
عثمانیہ یونیورسٹی اور جے این ٹی یو کی جانب سے آن کلاسیس کے انعقاد کا اعلان

حیدرآباد: 16،جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

حکومت تلنگانہ نے آج ریاست میں جاری تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 30 جنوری تک توسیع کا اعلان کردیا ہے۔اب ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولس اور کالجس 30 جنوری بروز اتوار تک حسب معمول بند رہیں گے۔ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کے دفتر سے کیے گئے ایک ٹوئٹ میں اس بات کی اطلاع دی گئی ہے۔

سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ نے اس سلسلہ میں آج 16 جنوری کو G.O Rt. NO. 4 جاری کردیا ہے جس کے تحت ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 17 جنوری بروز پیر تا 30 جنوری بروز اتوار توسیع کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔تاہم میڈیکل کالجس میں ہنوز تعلیمی نظم جاری رہے گی۔ 

یاد رہے کہ ریاست میں بڑھتے کورونا وبا کے معاملات کے پیش نظر چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے 3 جنوری کو محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کی تھی کہ 8 جنوری تا 16 جنوری ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے تعطیلات کا اعلان کیا جائے۔
کیونکہ ریاست میں 11 جنوری تا 16 جنوری تلسنکرانتی کی تعطیلات کا تعلیمی کیلنڈر میں پہلے ہی اعلان کیا گیا تھا۔

اب جبکہ کل پیر 17 جنوری سے ریاست میں تعلیمی اداروں کا دوبارہ آغاز ہونا تھا۔لیکن ریاست میں بھی کورونا وائرس اور اومیکرون متاثرین کی تعداد میں اضافہ اور کوروناوائرس کی تیسری لہر کے امکانات کے دؤران ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد حکومت نے آج اعلان کیا کہ ریاست میں تعلیمی ادارے 30 جنوری تک بند ہی رکھے جائیں گے۔

دوسری جانب ملک اور ریاست میں کوروناوائرس اور اومیکرون متاثرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر کل 17 جنوری کو دوپہر 2 بجے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ کی صدارت میں پرگتی بھون حیدرآباد میں ریاستی کابینہ کا ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔اس اجلاس میں ریاست میں بڑھتے کورونا اور اومیکرون معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔

 

ذرائع سے دستیاب اطلاعات کے مطابق ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں ریاستی محکمہ صحت کی رپورٹ کی بنیاد پر ریاست میں کورونا معاملات کی روک تھام کی غرض سے رات 11 بجے سے 5 بجے صبح تک”نائٹ کرفیو”کے نفاذ کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے؟ اور ساتھ ہی حکومت مزیدسخت پابندیاں عائد کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے!! 

امکان ہے کہ ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں ریاست کے تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 30 جنوری تک کی گئی توسیع پر بھی غور کرتے ہوئے اس بات کا بھی فیصلہ کیا جائے گا کہ تعطیلات کو ہنوز یونہی جاری رکھا جائے یا پھر طلبہ کے لیے آن لائن کلاسیس کا آغاز کیا جائے؟

اسی دؤران آج عثمانیہ یونیورسٹی اور جے این ٹی یو کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں اپنے تمام ملحقہ کالجس کے پرنسپلس کو ہدایت دی گئی ہے کہ 17 جنوری تا 30 جنوری ان تعطیلات کے دؤران طلبہ کے لیے آن لائن کلاسیس کا نظم کیا جائے۔طلبہ سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کرتے ہوئے ان آن لائن کلاسیس میں شرکت کریں۔