تانڈور میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ، پولیس کی خصوصی مہم
ماسک نہ پہننے والے 53 افراد پر فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد
ماسک استعمال نہ کرنے والے گاڑی سواروں اور پیدل چلنے والوں پر آن لائن جرمانے
سب انسپکٹر پولیس تانڈورمحمدعبدالرؤف کا بیان
وقارآباد/تانڈور:16۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے تانڈور میں دن بہ دن کوروناوائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں مشتبہ مریضوں کے نمونوں کی جانچ کے دؤران 12 جنوری کو9 افراد،13 جنوری کو 22 افراد اور 14 جنوری کو 26 افراد کوروناوائرس سے متاثر پائے گئے تھے اور یہ تشویشناک سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

تاہم اس کے باؤجود یہاں عام مقامات پر دیکھا جارہا ہے کہ عوام بلا خوف وخطر کوویڈ قواعد کی دھجیاں اڑانے میں مصروف ہیں بازاروں ،دکانات اور سڑکوں پرعوام کی بڑی تعداد بنا ماسک کے گھوم رہی ہے۔جبکہ حکومت،محکمہ صحت اور پولیس کی جانب سے بار بار یہ مشورہ دیا جارہا ہے کہ کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے،ماسک لازمی طورپر پہناجائے،عوامی مقامات اور مجمع سے دور رہا جائے اور ساتھ ہی سینی ٹائزر کا استعمال کیا جائے۔
لیکن عوام کی بڑی تعداد کورونا وائرس سے خوفزدہ تو نظر آتی ہے تاہم کوویڈ قواعد پرعمل کرنا ضروری نہیں سمجھا جارہا ہے!!جبکہ حکومت کی جانب سے ماسک نہ پہننے پر ایک ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ ایک جی او بھی جاری کیا گیا ہے۔
تانڈور میں کورونا وائرس متاثرین کی بڑھتی تعداد اور عوام کی جانب سے کوویڈ قواعد کی خلاف ورزی کو دیکھتے ہوئے اب تانڈور پولیس حرکت میں آگئی ہے۔تاکہ عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے کورونا وائرس کی بڑھتی وبا کو روکا جاسکے۔
اس سلسلہ میں آج اتوار کو سب انسپکٹر پولیس تانڈور محمد عبدالرؤف کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے تانڈور کے گاندھی چوک،اندراچوک، قدیم ترکاری بازار،بھدریشور چوک،بس اسٹانڈ اور شام کے وقت ریلوے اسٹیشن کے علاقوں کے علاوہ دیگر مقامات پر مہم چلاتے ہوئے عوام میں کوویڈ سےمتعلق شعور بیداری مہم چلائی گئی اور ساتھ ہی عوام کو واقف کروایا گیا کہ کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کرنا لازمی ہے۔

اس خصوصی مہم کے دؤران تانڈور پولیس نے ماسک بھی تقسیم کیے اور ماسک نہ پہننے والے جملہ 53 افراد پر فی کس ایک ہزار روپیہ کا جرمانہ عائد کیا۔
اس سلسلہ میں سب انسپکٹر پولیس تانڈور۔1 محمد عبدالرؤف نے سحرنیوز ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تانڈور میں کورونا وائرس متاثرین کا دن بہ دن اضافہ باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ پر قابو پانے کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔
سب انسپکٹر پولیس تانڈور محمد عبدالرؤف نے کہا کہ عوام کے لیے لازمی ہے کہ وہ تمام کوویڈ قواعد پر سختی ساتھ عمل کریں۔اپنے مکانات سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی طور پر پہنیں،عوامی مقامات اور مجمع سے دور رہیں ساتھ ہی سینی ٹائزر کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہا آج تانڈور کے چند مقامات پر پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں خصوصی مہم چلائی گئی اور جرمانے عائد کیے گئے ساتھ ہی سب انسپکٹر نے بتایا کہ اس طرح کی مہم اب روزآنہ چلائی جائے گی اور ماسک نہ پہننے والوں پر فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

سب انسپکٹر پولیس تانڈورمحمد عبدالرؤف نے سحرنیوز ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ ماسک نہ پہن کر گاڑی چلانے والوں اور بنا ماسک کے پیدل چلنے والوں پر بھی فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے آن لائن چالانات ان کے مکانات پر روانہ کیے جائیں گے۔ پیدل چلنے والوں کی تفصیلات ان کے نام کے ذریعہ ان کے آدھار کارڈ سے مکان کا پتہ حاصل کیا جائے گا۔
آج سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندر ریڈی کی نگرانی میں پولیس کی "ماسک انفورسمنٹ ” ٹیم کی اس مہم میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس تانڈور لکشمی نارائنا کے علاوہ دیگر ملازمین پولیس نے حصہ لیا۔
اب تانڈور کے عوام کے لیے انتہائی لازمی ہوگیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے تحفظ اور ایک ہزار روپئے کے جرمانے سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال اور کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔

