تلنگانہ میں کانگریس کی 6 گیارنٹی اسکیمات میں سے دو کا آغاز
خواتین کو بسوں میں مفت سفر اور دس لاکھ پرمشتمل راجیو آروگیہ شری انشورنس کا نفاذ
حیدرآباد : 09۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں کانگریس کےانتخابی منشور میں شامل 6 گیارنٹی اسکیمات میں سے دو اسکیمات پر آج بروز ہفتہ 9 ڈسمبر کوعمل آوری کا آغاز کردیا گیا۔اس طرح کانگریس نے انتخابات کے دؤران کیے گئے اپنے 6 وعدوں میں سے دو کا نفاذ عمل میں لایا ہے۔قبل ازیں آج ہی ریاستی اسمبلی میں پروٹیم اسپیکر اکبر الدین اویسی نے نومنتخب ارکان اسمبلی کوعہدہ رازداری کاحلف دلایا۔جس میں کل 7 ڈسمبر کو راج بھون میں وزیراعلیٰ کے عہدہ کا حلف لینے والے ریونت ریڈی اور نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرامارکا اور وزراءنے بھی بحیثیت رکن اسمبلی اپنے عہدوں کا حلف لیا۔تاہم بی جے پی کے 8 ارکان اسمبلی نے اکبر الدین اویسی کے ہاتھوں حلف لینے سے انکار کر دیا۔
چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں ریاست کی خواتین کےلیے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(ٹی ایس آر ٹی سی )کی بسوں میں مفت سفر پر مشتمل مہا لکشمی اسکیم کا ہری جھنڈی دکھاکر آغاز کیا اواس کے ساتھ ردس لاکھ روپئے کےمفت علاج کی سہولت پر مشتمل راجیو آروگیہ شری ہیلتھ انشورنس اسکیم کا آغاز کیا۔
یاد رہے کہ اس سلسلہ میں کل جمعہ 8 ڈسمبر کو ریاستی حکومت کی جانب سے ایک جی او جاری کیا گیا تھا۔جس میں تلنگانہ میں مفت سفر سے متعلق مکمل وضاحت کی گئی تھی کہ تلنگانہ ریاست سے تعلق رکھنے والی تمام خواتین، لڑکیوں کےعلاوہ تیسری صنف تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذریعہ چلائی جانے والی پلے ویلوگو اور ایکسپریس بسوں میں پوری ریاست تلنگانہ کا آزادانہ اور مفت سفر کر سکتے ہیں۔
آج 9 ڈسمبر کو سابق صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی شریمتی سونیا گاندھی کےیوم پیدائش کےموقع پر مہالکشمی نام سے موسوم یہ اسکیم 7292 بسوں میں شروع کردی گئی،خاتون مسافرین کےلیے صفر ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔خاتون مسافرین کےلیے لازمی ہوگاکہ وہ سفر کے دوران بس کنڈاکٹرز کواپنے شناختی کارڈ دکھا ئیں۔اس میں آدھار یا دیگر مصدقہ شناختی کارڈز شامل ہیں۔ریاستی حکومت ٹی ایس آر ٹی سی کوخواتین کےاس مفت بس سفر کے اخراجات ادا کرے گی۔
جبکہ آج سے ہی آغاز کردہ راجیو آروگیہ شری ہیلتھ انشورنس اسکیم کے تحت ریاستی حکومت 10 لاکھ روپے کا میڈیکل انشورنس کورفراہم کرے گی۔حالیہ بی آر ایس حکومت نے پانچ لاکھ روپئے کی سہولت فراہم کی تھی۔راجیو آروگیہ شری ہیلتھ انشورنس اسکیم کےتحت ضرورت مندعوام کو 1,376 سرجری(آپریشن) اور 289 مختلف طبی سہولتوں پر مشتمل خدمات حاصل ہوں گی۔
خواتین کےمفت سفر پرمشتمل اسکیم کے آغاز کےبعد وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نےاپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ” تلنگانہ مہالکشمیوں کو مبارکباد۔سونیا اماں کے وعدہ کےمطابق اقدامات کا آغاز۔تلنگانہ کی خواتین کے چہروں پر خؤشی دیکھنا ہی اندرماں حکومت کا مقصد ۔ اسی کے ایک حصہ کے طور پر کانگریس حکومت نے آج آر ٹی سی بس میں خواتین کے لیے مفت سفر کی اسکیم شروع کی ہے۔یہ فلاح و بہبود کی جانب پہلا قدم ہے”۔
اسی تقریب میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے بین الاقوامی شہرت یافتہ ورلڈ چمپئین باکسر نکہت زرین کو 2 کروڑ روپے مالیتی ترغیبی چیک پیش کیا۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت نے دو مرتبہ عالمی باکسنگ چیمپئن خطاب حاصل کرچکیں نکہت زرین کو تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں ایک رہائش گاہ منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نکہت زرین جن کا تعلق ضلع نظام آباد سے ہے کو پروٹیم اسمبلی اسپیکر اکبر الدین اویسی اور دیگر کابینی وزراء کی موجودگی میں یہ ترغیبی چیک نکہت زرین کے حوالے کیا گیا۔
” یہ بھی پڑھیں ”


