تلنگانہ کی آئی ٹی شعبہ میں مثالی ترقی پر خوشی کا اظہار، منسٹر اور عہدیداروں کو مبارکباد: چیف منسٹر کی صدارت میں ریاستی کابینہ کا اجلاس

ریاستی خبریں

تلنگانہ کی آئی ٹی شعبہ میں مثالی ترقی پر خوشی کا اظہار،منسٹر اور عہدیداروں کو مبارکباد
ای این ٹی ہسپتال میں ڈاکٹرز کے تقررات کا فیصلہ،سروجنی دیوی آئی ہسپتال کی ترقی کا منصوبہ
15 اگست سے مزید دس لاکھ ماہانہ وظائف، آنگن واڑی سنٹرز کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات
چیف منسٹر چندراشیکھرراو کی صدارت میں ریاستی کابینہ کا اجلاس،کئی اہم فیصلے

حیدرآباد:11۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرا شیکھرراؤ کی زیرصدارت آج پرگتی بھون،حیدرآباد میں منعقدہ ریاستی کابینہ کےاجلاس میں منظوری دی گئی کہ یوم آزادی کےموقع پر 15 اگست سے آسرا اسکیم کے تحت مزید دس لاکھ مستحقین کو ماہانہ وظیفہ جاری کیا جائے۔اس اسکیم کےتحت پہلے ہی سے ریاست میں 36 لاکھ ضعیف،معذوراور بیوہ خواتین ماہانہ وظیفہ حاصل کررہے ہیں۔اس طرح اب یہ تعداد 46 لاکھ ہوجائے گی۔

پانچ گھنٹوں تک منعقد ہونےوالے اس ریاستی کابینہ کےاجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک کی آزادی کے 75 ویں سال کے موقع پر ریاست کی جیلوں سے 75 قیدی آزاد کیےجائیں۔

اسی طرح حیدرآباد کے کوٹھی میں موجود مشہور ای این ٹی ہسپتال کےلیے دس اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کےتقررات کو بھی منظوری دی گئی اورساتھ ہی اس ہسپتال کومزید ترقی دینے اور ای این ٹی ٹاور کی تنصیب کی بھی ریاستی کابینہ نےمنظوری دی۔اس کابینہ کے اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ حیدرآباد میں موجود آنکھوں کے مشہور سروجنی دیوی آئی ہسپتال کے لیے جدید آلات کی سہولتوں سےلیس جدیدعمارت کی تعمیر کے لیے منصوبہ تیار کیا جائے۔

ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے ریاست تلنگانہ کی انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی(آئی ٹی)کے شعبہ میں شاندار ترقی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر آئی ٹی،صنعت و بلدی نظم نسق کے۔تارک راما راؤ(کے ٹی آر ) اور اسپیشل سیکریٹری جئیش رنجن سمیت دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی۔

اسپیشل سیکریٹری جئیش رنجن اور محکمہ آئی ٹی کے عہدیداروں نے اس اجلاس میں چیف منسٹر اور ریاستی کابینہ کو بتایا کہ تلنگانہ میں آئی ٹی کے شعبہ میں حکومت کی خصوصی پالیسیوں پرعمل آوری،سرمایہ کاروں کے ساتھ دوستانہ برتاؤ،انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی،امن و امان کی بہترین صورتحال،بلا وقفہ برقی سربراہی اور مختلف شعبہ جات میں اہل اور پیشہ وارانہ افرادی طاقت (میان پاور) کی موجودگی کے باعث ہی شعبہ آئی ٹی میں تلنگانہ کی ترقی اور یہاں سرمایہ کاری اہم اور کارکرد ثابت ہورہی ہے۔

اسپیشل سیکریٹری محکمہ آئی ٹی جئیش رنجن نے چیف منسٹر اور ریاستی کابینہ کو اس اجلاس میں بتایا کہ گزشتہ سال ریاست تلنگانہ کےشعبہ آئی ٹی میں ایک لاکھ 55 ہزار جدید ملازمتیں فراہم کرتے ہوئے تلنگانہ نے ملک کی تمام ریاستوں میں اول مقام حاصل کیا ہے۔جبکہ آئی ٹی کےشعبہ میں اول مانی جانی والی ریاست کرناٹک میں گزشتہ سال آئی ٹی کے شعبہ میں ایک لاکھ 48 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔

بشمول چیف منسٹر،ریاستی کابینہ کو اس اجلاس میں محکمہ فینانس کے عہدیداروں نے واقف کروایا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے پہلے مالی سال 2014-15 میں ریاست کی آمدنی 62 ہزار کروڑ تھی۔جبکہ گزشتہ سال ریاست تلنگانہ کی آمدنی میں تین گنا اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال ریاست کی آمدنی ایک لاکھ 84 ہزار کروڑ تک پہنچ گئی اور اس معاملہ میں بھی ریاست نے ملک میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی صدارت میں منعقدہ اس ریاستی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ لیاگیا کہ ریاست کے آنگن واڑی مراکز میں ٹیچرز اور دیگر عملہ کی جملہ 5,111 جائدادوں پر فوری طور پر تقررات عمل میں لائے جائیں۔اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست میں شادیوں اور دیگر تقاریب کے بڑے پیمانے پر انعقاد کے پیش نظر 21 اگست کو منعقدہ اسمبلی اور مجالس مقامی کے خصوصی اجلاس کو منسوخ کیا جائے۔کیونکہ اس سلسلہ میں عوامی نمائندوں کی جانب سے نمائندگیاں موصول ہورہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے