چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ کا 16 اگست کو دورہ وقارآباد
دفتر کلکٹریٹ کی جدیدعمارت کا افتتاح اور دیگر کاموں کے لیے سنگ بنیاد
وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا
دورہ سے قبل وقارآباد اور تانڈور کے لیے چیف منسٹر کی کئی سوغاتیں
حیدرآباد/وقارآباد:12۔اگست (سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراو 16 اگست،بروزمنگل کو وقارآباد کادورہ کریں گے۔چیف منسٹراپنے دورہ وقارآبادکے موقع پروقارآبادضلع مستقر پر تعمیر کردہ دفتر کلکٹریٹ کی جدیدعمارت کا افتتاح انجام دیں گے اور مختلف ترقیاتی کاموں کے لیے سنگ بنیاد رکھیں گے۔
بتایاجارہا ہے کہ چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ اپنے دورہ کے موقع پر وقارآبادضلع مستقر کے لیے منظورہ میڈیکل کالج کی تعمیرکےلیے سنگ بنیاد رکھیں گے۔جس کے لیے جاریہ ہفتہ ہی ریاستی حکومت کی جا نب سے میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری دی جاچکی ہے اور اس کےلیے 235 کروڑ روپئے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
امکان ہے کہ چیف منسٹر وقارآباد میں تعمیر کردہ ٹی آرایس بھون کا بھی افتتاح انجام دیں گے اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لیے سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اطلاع ہے کہ چیف منسٹر دفتر کلکٹریٹ کی جدیدعمارت کے افتتاح کے بعد اس کے احاطہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس میں 25 ہزار افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جارہا ہے!!۔
یاد رہے کہ 10 اگست کو سرکاری طور پر اعلان کیا گیا تھا کہ چیف منسٹر 14 اگست کو وقارآباد کا دؤرہ کریں گے تاہم اس پروگرام میں دو دنوں کی توسیع کردی گئی اب چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ 16 اگست کو وقارآباد کا دؤرہ کرنے والے ہیں۔
چیف منسٹر کے سی آر کے دورہ وقارآباد کو قطعیت دئیے جانے کے بعد آج 12 اگست کو ریاستی وزیرتعلیم و انچارج وزیرضلع وقارآباد مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے آج دوسری مرتبہ وقارآباد پہنچ کر رکن بی سی کمیشن تلنگانہ شبھاپردھ پٹیل،ضلع کلکٹر وقارآباد کے۔نکھیلا،ضلع کےارکان اسمبلی وقارآباد،چیوڑلہ،کوڑنگل اور پرگی ڈاکٹر میتکوآنند،کالے یادیا،پی۔نریندر ریڈی اور مہیشورریڈی،نائب صدر ضلع پریشد وقارآباد بائنڈلا وجئے کمارکے علاوہ متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا۔اس سے قبل وزیرتعلیم نے 10 اگست کو بھی دؤرہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔
وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نےدفتر کلکٹریٹ کی جدید عمارت کا مشاہدہ کیا۔انہوں نےضلع کلکٹر کے۔نکھیلا اور ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس سے چیف منسٹر کے دورہ کی مناسبت سے کیے جارہے انتظامات کی تفصیلات حاصل کیں اور روٹ میاپ کا مشاہدہ کیا۔وزیرتعلیم کو بتایا گیا کہ دفتر ایس پی کے احاطہ میں ہیلی پیاڈ تعمیر کیا جارہا ہے۔اور دفتر کلکٹریٹ کی جدید عمارت میں تمام انتظامات کیے جارہے ہیں۔ وزیر تعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے ان عہدیداروں کو ہدایت دی کہ چیف منسٹر کے دورہ کی مناسبت سے تمامتر سخت انتظامات کئے جائیں۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے ضلع وقارآباد کے اپنے دؤرہ سے قبل وقارآباد اور تانڈور کے لیے کئی ترقیاتی کاموں کا اعلان کیا ہے۔وقارآباد ضلع مستقر پر میڈیکل کالج کا قیام بھی اس میں شامل ہے۔جبکہ تانڈور کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ تانڈور میں 200 بستروں پرمشتمل گورنمنٹ ضلع ہسپتال اور 150 بستروں کا حامل مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر پہلے ہی سے موجود ہیں تومیڈیکل کالج کےقیام کے لیے انفراسٹرکچر کی زیادہ ضرورت نہیں پڑے گی تاہم قرعہ فال وقارآباد کے حق میں نکلا جو کہ حیدرآباد سے 70 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ہے۔
اسی طرح کل 11 اگست کو منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے وقارآبادضلع کےصنعتی اور کاروباری اسمبلی حلقہ تانڈور میں تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹرئیل انفراسٹرکچر کارپوریشن کی جانب سے تانڈور میں موجود پتھر کی صنعتوں کی منتقلی کے لیے تانڈور منڈل کے موضع جنگورتی میں 45 ایکڑ اراضی پر صنعتی زون کے قیام،موضع انتارام کے قریب آٹونگر کے قیام کے لیے 15 ایکڑ اراضی اور کوکٹ گرام پنچایت کے تحت مارکیٹ یارڈ (گنج) کے قیام کے لیے 30 ایکڑ اراضی کی منظوری پر مہر لگادی ہے۔
یادرہے کہ اس کےلیے ماہ جولائی کےپہلے ہفتہ میں باقاعدہ جی اوز نمبر 66,65,64 جاری کرتے ہوئے یہ جی اوز رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کے حوالے کیے گئے تھے۔چیف منسٹر نے کل ریاستی کابینہ کے اجلاس میں ریاستی چیف سیکریٹری اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس سلسلہ میں تعمیراتی کاموں کا جلد آغاز کیا جائے۔
ریاستی کابینہ کے اجلاس میں عہدیداروں کو چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی اس ہدایت کے بعد ریاستی وزیرتعلیم و انچارج وزیرضلع وقارآباد مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی،رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے الگ الگ صحافتی بیانات جاری کرتے ہوئے چیف منسٹر کے۔ چندرا شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیا۔