بیروزگارنوجوانوں کیلئے خوشخبری ،50 ہزار سرکاری جائدادوں پر فوری تقررات کیلئے وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے سی آر کی ہدایت

بیروزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری

50 ہزارسرکاری جائدادوں پر فوری تقررات کیلئے وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آر کی ہدایت

حیدرآباد:09۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ پہلے مرحلہ کے تحت تلنگانہ کے مختلف سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ زائد از 50 ہزار سرکاری جائدادوں پر تقررات کے عمل کا فوری طور پرآغاز کردیا جائے۔

اور دوسرے مرحلہ میں عہدیداروں کو ترقی دئیے جانے کے بعد خالی ہونے والی جائدادوں پر تقررات کیے جائیں۔ان تقررات سے قبل ریاستی حکومت نے ریاست میں زونس کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا ہے جسے صدر جمہوریہ ہند نے بھی منظوری دے دی ہے۔

مخلوعہ سرکاری جائدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں آج وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔جس میں وزیراعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں تقررات کے معاملہ شفافیت نہیں برتی جاتی تھی۔لیکن اب منصوبہ بند طریقہ اور شفافیت کیساتھ تقررات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقامی افراد کو ملازمتوں میں بھرپور نمائندگی حاصل ہو اسی غرض سے ” زونس ” کا تعین کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے اس اجلاس میں کہا کہ انتہائی ذمہ داری ،غور و فکر اور مکمل تکنیکی طریقہ سے تیار کردہ زونل سسٹم کو مرکزی حکومت کی جانب سے منظوری میں طویل مدت پیش آئی ہے اگر اس زونل سسٹم کو صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے فوری منظوری دے دی جاتی تو سرکاری ملازمتوں پر بھرتی میں حائل رکاوٹیں ختم ہوجاتیں۔

وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہا کہ ڈائرکٹ رکروٹمنٹ کی مختلف ملازمتوں کیلئےزائد از 50 ہزار جائدادیں مخلوعہ ہیں ان پر پہلے تقررات عمل میں لائے جائیں گے اور تمام سرکاری محکمہ جات میں عہدیداروں کی ترقی کے عمل کو حکومت نے قطعیت دے رہی ہے ترقی کے عمل کے بعد خالی ہونے والی جائدادوں پر بھی فوری بھرتی کو یقینی بنایا جائے۔

 

وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس سارے معاملہ پرمشتمل تفصیلی رپورٹ تیار کرکے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے۔

دوسری جانب 13 جولائی کو پرگتی بھون میں دوپہر دوبجے وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کی صدارت میں ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہورہا ہے۔جس میں ریاست میں کورونا وائرس کی وباء کی موجودہ حالت، شعبہ زراعت، پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی اور دیگر امور پر غور کیا جائے گا۔

آج منعقدہ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں حکومت کے صلاح کار راجیو شرما، چیف سیکریٹری تلنگانہ سومیش کمار،وزیراعلیٰ کے اسپیشل سیکریٹری نرسنگ راؤ، سیکریٹری راج شیکھر ریڈی، سیکریٹری محکمہ فینانس راما کرشنا راؤ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔