تلنگانہ میں کل 25 اکتوبر سے انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کا آغاز،تمام انتظامات مکمل
طلبہ کے لئے ماسک پہننا اور کوویڈ قواعد پرعمل لازمی،ساڑھے آٹھ بجے تک امتحانی مرکز پہنچ جائیں
ریاست میں جملہ 1,768 امتحانی مراکز پر 4,59,228 طلبہ امتحانات میں شرکت کریں گے
حیدرآباد/وقارآباد: 24۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں کل 25 اکتوبر بروز پیر سے انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کا انعقادعمل میں لایا جارہا ہے۔جو کہ 3 نومبر تک جاری رہیں گے۔
اس سلسلہ میں سرکاری طور پر تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ریاست کے شہروں،ٹاؤنس اور منڈلات میں بلدیہ اور پنچایت راج کے عہدیداروں کی جانب سے امتحانی مراکز کی صاف صفائی اور انہیں سینی ٹائز کیا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس نے بتایا کہ پیر سے ریاست میں منعقد کیے جارہے انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات میں امکان ہے کہ 4,59,228 طلبا و طالبات شرکت کریں گے۔

جناب سید عمر جلیل نے واضح کیا کہ اس سال ماہ مارچ میں کوویڈ وبا کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ سال اول کے سالانہ امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں تھا اس لیے حکومت نے ان تمام طلبہ کو انٹرمیڈیٹ سال دوم میں پروموٹ کردیا تھا اور ساتھ ہی انہیں اس وقت مطلع کیا گیا تھا کہ جب بھی حالات سازگار ہوں گے انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات منعقد کیے جائیں گے اب ان امتحانات کا 25 اکتوبر سے انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔
ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن جناب سید عمر جلیل نے کہا کہ”خدا نہ کرے اگر اگلے سال مارچ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے انعقاد کے لیے حالات سازگار نہ ہوئے تو سال اول کے ان نمبرات پر دوسرے سال کے لیے غور کیا جا سکتا ہے۔”

جناب سید عمر جلیل نے انکشاف کیا کہ انٹرمیڈیٹ سال اول کے کل سے منعقد ہونے والے ان امتحانات کے لیے پرچہءسوالات میں ہرمضمون کے لیے 70 فیصد نصاب کا احاطہ کیا گیا ہے اور سوالیہ پرچوں میں طلبہ کو زیادہ سوالات کے انتخاب کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن جناب سید عمر جلیل نے بتایا کہ کوویڈ-19 کے پیش نظر امتحانی مراکز میں جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کی غرض سے ریاست بھر میں جملہ 1,768 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کو امتحان کے مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل سے ہی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
جناب سید عمر جلیل نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ امتحانات میں شرکت کررہے طلبہ کو چاہئے کہ وہ صبح 8.45 بجے سے 9 بجے صبح کے درمیان او ایم آر شیٹس (آپٹیکل مارک ریڈر) پر اپنا بائیو ڈاٹا پُر کرنا ہوگا۔اور 9 بجے صبح کے بعد تاخیر سے امتحانی مراکز پہنچنے والے طلباء کو امتحانی ہال داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جناب سید عمر جلیل نے بتایا کہ کوویڈ-19 کے خلاف کوویڈ ویکسین کے دونوں ٹیکے لے چکے عملے کو ہی ان امتحانات کے انعقاد کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ احتیاطی طور پر تمام امتحانی مراکز میں آئسولیشن رومس قائم کیے گئے ہیں اور امتحانی مراکز میں موجود تمام بینچ، فرنیچر، دروازوں اور کھڑکیوں کو سینی ٹائز کیا گیا ہے اور ان امتحانات کے دؤران امتحانات سے قبل اور بعد میں بھی انہیں مسلسل سینی ٹائز کیا جاتا رہے گا۔

ان امتحانات کے دؤران تمام امتحانی مراکز پر ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کا نظم ہوگا اور ساتھ ہی کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل آوری کو ممکن بنایا جائے گا۔
جناب سید عمر جلیل ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے کہا کہ ان امتحانات کے دؤران طلباء اور عملے کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ ماسک پہنیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام امتحانی مراکز میں چہرے کے ماسک کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایڈیشنل کلکٹر ضلع وقارآباد موتی لال نے کہا ہے کہ ضلع وقارآباد میں بھی انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع وقارآباد میں جملہ 29 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں 9,239 طلبا و طالبات امتحانات میں شرکت کریں گے۔
جبکہ امتحانی اؤقات میں امتحانی مراکز کے قریب موجود زیراکس سنٹرس کو بند کروایا جائے گا۔ساتھ ہی ان امتحانات کے دؤران متحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کیا جائے گا۔
ایڈیشنل کلکٹر ضلع وقارآباد موتی لال نے کہا کہ امتحانات میں شرکت کرنے والے تمام طلبا و طالبات کے لیے کوویڈ قواعد کے تحت ماسک پہننا لازمی ہوگا،سینی ٹائزر کا استعمال کرنا ہوگا اور ساتھ ہی جسمانی فاصلہ پرسختی کے ساتھ عمل کرنا ہوگا اور طلبہ کے امتحانی مراکز میں پرسکون ماحول اور تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

