جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے زیراہتمام
تانڈور میں 7 نومبر کو طلبہ کے لیے تحریری مسابقہ ” تعارف اسلام "، ترغیبی انعامات،حصہ لینے کی اپیل
وقارآباد/تانڈور:25۔اکتوبر(سحرنیوز ڈاٹ کام/پریس نوٹ )
صدر جمعیتہ علما ضلع وقارآباد مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عصری درسگاہوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباو طالبات کو مستند دینی معلومات فراہم کرنا ایک چیلنج ہے کیونکہ ان کے دن بھر کے مشاغل اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ وہ کسی دینی مدرسہ میں باضابطہ طور پر داخلہ حاصل کرکے بنیادی و ضروری دینی تعلیم حاصل کریں اور اس سلسلہ میں سرپرستان کی غفلت بھی ایک لمحہء فکریہ ہے۔
اسی صورت حال کے پیش نظر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے ہر سال اردو اور رومن انگلش میں بڑے پیمانہ پر گراں قدر انعامات پر مشتمل تحریری مسابقہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں بشمول غیر مسلم طلباء کے سینکڑوں طلباء حصہ لیتے ہیں اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہاکچھ عرصہ سے اسلام دشمن طاقتوں کی جانب سے نصابی کتابوں میں اسلام دشمنی پر مبنی مواد کو شامل کرکے مسلسل اسلام کے بعض احکامات کے تئیں عوام میں شکوک وشبہات پیدا کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے بنیادی دینی تعلیم نہ رکھنے والے عصری تعلیم یافتہ طلباان کی سازش کا شکار ہورہے ہیں۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں روز افزوں اخلاقی خرابیاں اور بے راہ روی بھی قوم کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہے۔
انہی تمام چیزوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے جاریہ سال بھی مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی 7 نومبر، بروز اتوار ،نیشنل گارڈن فنکشن ہال،حیدرآباد روڈ تانڈور میں 9 بجے صبح تا 12 بجے دن ایک تحریری مسابقہ بنام” تعارف اسلام ” کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور اس مسابقہ میں شرکت کرنے والے طلبہ کی ذہنی سطح کو سامنے رکھتے ہوئے تین گروپ بنائے گئے ہیں۔
گروپ۔A (انٹر تا ڈگری)، گروپ۔B (ساتویں تا دسویں جماعت)،گروپ۔C(تیسری تا چھٹویں جماعت)اور ان تینوں گروپس کے انعامات دئیے جائیں گے۔
٭٭ گروپ۔A کے لیے انعام اوّل 17000 روپئے،انعام دوم 13000 روپئے،انعام سوم9000 روپئے۔
٭٭ گروپ۔B کے لیے انعام اول 11000 روپئے ،انعام دوم9000 روپئے،انعام سوم7000روپئے۔
٭٭ گروپ۔C کے لیے انعام اوّل 5000 روپئے،انعام دوم 4000 روپئے اور انعام سوم 3000 روپئے ہوں گے۔
ان کے علاوہ تینوں گروپس میں دس دس ترغیبی انعامات اور تمام شرکاء مسابقہ کو توصیفی سند بھی عطاء کی جائے گی اور انعامات کی تقسیم 17 نومبر کو نیشنل گارڈن میں ہی منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ میں عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس مسابقہ کی تیاری کے لئے مواد (اسٹڈی میٹرئیل )اردو اور رومن انگلش میں جمعیۃ علماء کی جانب سے ہی فراہم کیا جائے گا۔
اس مسابقہ کے ناظم کے طور پر ڈاکٹر حافظ محمد عبدالسلام نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کا جبکہ نائب ناظم کے طور پر مولانا سید فراست علی قاسمی کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔
اس مسابقہ میں ضلع وقارآباد کے مختلف مقامات سے شرکت کے خواہشمند طلبا کی جانب سے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
اولیائے طلباء سے جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ اس زریں موقع سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کو اس مسابقہ میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔اور شرکت کے خواہشمند اپنے اپنے محلہ جات کی مساجدکے آئمہ کرام سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔

